سالار کارواں مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کی وفات پر جمعیت اھل حدیت، سدھارتھ نگر نوگڈھ میں تعزیتی مجلس کا انعقاد

صدیوں مجھے گلشن کی فضا یاد کرے گی

30 اگست, 2020

سدھارتھ نگر/وصی اللہ عبدالحکیم مدنی
مولانا عبدالمنان سلفی رحمہ اللہ کے سانحہ ارتحال پرضلعی جمعیت اھل حدیت سدھارتھ نگر کے امیر جناب مولانا محمد ابراہیم مدنی صاحب کی صدارت میں مورخہ 27/اگست 2020بروز جمعرات بعد نماز ظہر صدر دفتر نوگڈھ میں ایک تعزیتی نشست منعقد ھوئی،جس میں ضلع سدھارتھ نگر کے تمام حلقوں کے امراء ونظماء اور مولانا کے دوسرے محبین ومعتقدین نے شرکت فرمائی،
جمعیت کے ذمہ داران وکارکنان اور دیگر شرکاء حضرات شیخ محترم کے انتقال پر ملال کی وجہ سے افسردہ اور کبیدہ خاطر تھے، شیخ موصوف کے لواحقین وپسماندگان کے لئے صبر جمیل اور ان کی مغفرت اور رفع درجات کے لئے ہر ایک نے خلوص دل سے دعائیں کیں،جمعیت کے بعض اھم ذمہ داران نے مولانا موصوف کے ھمہ جہت خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اوصاف وکمالات کا ذکرکیا جس کی تلخیص پیش خدمت ہے:
مولانا عبدالحکیم سلفی کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا آغاز ھوا، بعدازاں
راقم سطور (وصی اللہ مدنی) نے تمہیدی کلمات میں کہا کہ آپ کی ذات گرامی پر قرب وجوار کو ناز اورجماعت وجمعیت کو فخر تھا، آپ خوش فکر، سیال قلم، خلیق وملنسار اور عمدہ سیرت وکردار کے مالک تھے، میرے علمی کاموں کے مشیر تھے، سلفی عقیدہ ومنہج کے علمبردار تھے، جمعیت کے تمام منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور ایک نئی جہت دینے کے سلسلے میں آپ کی شبانہ روز کاوشیں لائقِ تحسین اور صد آفریں ہیں،
صدر مجلس جناب مولانا محمد ابراہیم مدنی صاحب نے اپنے تعزیتی کلمات میں جماعت کے اکابر وبابصیرت علماء وافاضل کے انتقال پر اپنے شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ضلعی جمعیت کے عظیم سرپرست اور بے لوث محسن جناب ڈاکٹر عبدالباری اور ناظم جمعیت برادر محترم جناب مولانا عبدالمنان سلفی کی خبروفات سن کر غم واندوہ میں ڈوب گیا اور ابھی تک اس کا اثر میرے اوپر ہے.
مولانا موصوف ضلعی جمعیت کے ہر دلعزیز ناظم تھے، کشادہ دست، مہمان نوازاور شخصیت ساز تھے، تنظیمی صلاحیت اور باھمی علمی تعاون کا جذبہ بدرجہ اتم موجود تھا، وہ میری بہت عزت کرتے تھے.
جامعہ اسلامیہ ڈومریا گنج کے موقر استاد اور جمعیت حلقہ ڈومریا گنج کے سرپرست جناب مولانا ڈاکٹر عبدالرحمن لیثی صاحب نے کہا کہ اللہ نے بیک وقت آپ کے اندر بہت ساری خوبیاں ودیعت فرمائی تھیں، آپ فرض شناس مدرس اور باغیرت داعی تھے، سب سے یکساں طور پر اپنائیت اور محبت کا اظہار کرتے تھے، انھیں آپ اپنی مخصوص دعاؤں میں یاد رکھیں.
استاد گرامی ضلعی جمعیت کے نائب امیر جناب مولانا مطیع اللہ سلفی نے بھرائی آواز کے ساتھ اپنے جگری دوست کے عمدہ اوصاف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش خصال اور مہمان نواز تھے، کھانے اور کھلانے کا ذوق بے مثال اور نرالا تھا، اپنی رفاقت کے حسین لمحات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افراد جماعت کو باھم مربوط کرنے کی سعی مشکور کرتے تھے، لاک ڈاؤن میں مفید دروس کا سلسلہ جاری کیا جس سے شیدائیان کتاب وسنت اور متلاشیان حق نے خوب استفادہ کیا.
جمعیت حلقہ اٹوا کے نائب امیر جناب مولانا شریف اللہ سلفی نے کہا کہ آپ خوبیوں کا مجموعہ تھے، باکمال خطیب، باشعور منتظم، عمدہ خصائل اور اخلاق فاضلہ کے مالک تھے.
ضلعی جمعیت کے نائب ناظم جناب مولانا عبدالرب سلفی نے اپنے مونس وغمگسار دوست کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی خدا داد قابلیت وصلاحیت کی بناء پر محبوب نظر تھے، مفوضہ ذمہ داریوں کو حسن وخوبی کے ساتھ سرانجام دیتے تھے، غیر جماعتی کانفرنسوں اور دعوتی پروگراموں میں شریک ھوکر اپنی شان خطابت کا لوھا منوایا کرتے تھے.
ناظم جمعیت حلقہ ڈومریا گنج مولانا عبدالمنان مفتاحی نے
اشکبار آنکھوں سے آپ کی خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ جمعیت کے صدر دفتر میں اپناکھانا گھر سے ھمراہ لاتے تھے، آپ اسراف وتبذیر کی راہ اختیار کرنے کے بجائے اعتدال اور میانہ روی کو ترجیح دیتے تھے، جمعیت کے کاز کی فکر مندی کے ساتھ اس کے مالی استحکام پر ھمیشہ آپ کی نظر مرکوز رھتی تھی، انتقال کے چارروز پہلے آپ نے اپنے مشیر اور معتمد خاص برادرم مولانا وصی اللہ عبدالحکیم مدنی کے پاس وائس کال بھیج کر ذمہ داران جمعیت کے نام یہ پیغام بھیجا تھا کہ”*جمعیت کی طرف سے مجھے جو اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیاگیا تھا، میں اس سے دستبردار ھوتا ھوں، مجھے اس کی ضرورت نہیں ہے،
اللہ آپ کی مغفرت فرمائے، بہت سی خوبیاں تھیں مرنے والے میں.
خازن جمعیت جناب مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا کہ آپ کا اندوھناک سانحہ ارتحال قوم وملت کا عظیم خسارہ ہے، آپ علمی ودعوتی شخصیت کے مالک تھے، ضلعی جمعیت کو جدید گائڈ لائن دی جس کی وجہ سے بعد میں آنے والے لوگوں کو سہولت ھوگی.
جمعیت حلقہ شہرت گڈھ کے امیر جناب مولانا شفیع اللہ مدنی نے کہا کہ آپ سے میرے تعلقات بہت گہرے تھے، ہر مشکل محاذ پرآپ میری رھنمائی کرتے تھے، اخلاص ومحبت کے پیکر تھے، زبان وقلم کے ایسے دھنی تھے کہ ہر موضوع کو خوب سے خوب تر لکھنے پر قادر تھے.
جمعیت حلقہ بڑھنی کے محاسب جناب مولانا عبدالشكور مدنی نے آپ کی نمایاں خوبیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک طویل عرصہ سے آپ کے ساتھ فریضہ تدریس انجام دیتا رھا لیکن کبھی کسی طرح کی کوئی تلخی پیدا نہیں ھوئی، ان سے ھمارے تعلقات بہت ہی خوشگوار تھے.
جمعیت حلقہ بڑھنی کے نائب ناظم جناب مولانا انیس الرحمن مدنی نے کہا کہ آپ توحید وسنت کے پیروکار تھے، آپ ایک نیک اور اچھے انسان تھے، ھمیں ان کی مغفرت کے لئے ھمہ وقت دعائیں کرنی چاہئے.
جامعہ سراج العلوم بونڈیہار کے ریکٹر مولانا عبدالستار سراجی نے کہا کہ مولانا موصوف کے پسماندگان سے رابطہ کرکے انھیں صبر وشکیبائی کی تلقین کرتے ہوئے ان کے لئے مغفرت کی دعائیں کریں اور ان کے ناقص علمی کاموں کی تکمیل کے لئے منظم منصوبہ بنائیں.
جمعیت حلقہ اٹوا کے ناظم جناب مولانا فخرالدین ریاضی نے کہا کہ ھمارے استاد محترم ھنس مکھ اور مرنجاں مرنج طبیعت کے مالک تھے، باوقاراور متواضع تھے، میں ان کا شاگردھوں تاھم مجھے ناظم صاحب کہکر بلاتے تھے.
جمعیت حلقہ نوگڈھ کے ناظم جناب مولانا ابوالہاشم سلفی نے کہا کہ آپ رقیق القلب اور منکسرالمزاج تھے، ایک بار ازراہ نصیحت گویا ھوئے کہ آپ خطبہ جمعہ خالص کتاب وسنت کی روشنی میں دیں اختلافی مسائل پر گفتگو کرنے سے اجتناب کریں، مثبت پیغام زود اثر ھوتا ہے.
جمعیت حلقہ بسکوھر کے ناظم جناب مولانا حمیداللہ ندوی نے کہا کہ ھمارے حلقہ میں پہلے سے جو بہتری نظر ارہی ہے وہ شیخ کی تحریک اور تحریض کا نتیجہ ہے.
ضلعی جمعیت کے محاسب جناب ماسٹر جاوید نے نمناک آنکھوں سے کہا کہ وہ میری جماعت کے بڑے عالم تھے، میں ان کی بہت عزت کرتا تھا، دوسری میعاد میں میرے اپنے کچھ سپنے تھے لیکن وہ پورے نہیں ھوئے کہ آپ اس دارفانی سے رحلت کرگئے.
صدر مجلس کے دعائیہ کلمات پر مجلس اختتام پذیر ھوا، نظامت کے فرائض راقم سطور نائب ناظم ضلعی جمعیت وصی اللہ عبدالحکیم مدنی نے ادا کیا.
اس تعزیتی مجلس میں بطور خاص مولانا مقیم الدین مدنی، افضال احمد، مولانا ابوبکر سلفی ،مولانا عبدالخبیر مدنی ، مولانا محمدسراجی، مولانا محمد صدیق انواری،مولانا نثاراحمد،مولانا عبدالوہاب محمدی ،مولانا الطاف الرحمن سلفی ،مولانا نصیرالدین سلفی شریک تھے.
اللہ شیخ محترم کی بشری لغزشوں کو درگزر کرتے ہوئے ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، آمین .

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter