مملکت سعودی عرب اور حجاج کرام

مولانا قمر الدین ریاضی/استاذ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال

6 جون, 2022

اللہ رب العالمین نے انسانی مخلوق کو سب سے اشرف ومکرم مخلوق قرار دیا ہے، عقل سلیم انسان کے لئے عظیم ہدیہ وتحفہ ہے، اس عقل سے حق وباطل میں تمییز کی جاتی ہے، اور اسی عقل ہی سے دوسروں کے جہود وخدمات کو محسوس کرکے سراہا جاتاہے تاکہ ان کا حوصلہ بلندہو،اور وہ مزید ترقی کے منازل طے کرسکیں۔
عصر حاضر میں جو بھی مسلمان حج وعمرہ کے مقصد سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ  ودیگر مشاعر مقدسہ کی زیارت کرتاہے اس کے دل میں دو عظیم احساسات رونما ہوتے ہیں:
پہلا احساس:دینی احساس:یقینا جب انسان کی پہلی نظر کعبہ مشرفہ اور دیگر مشاعر مقدسہ پر پڑتی ہے تو وہ دنیا کی ساری لذتوں کو بھول جاتاہے ،اور اس دیدار سے دلی سکون حاصل کرتاہے، اور اللہ رب العالمین سے ثواب جزیل کی امید میں لگ جاتاہے۔اپنی محنت کی کمائی کو اللہ کے راستے میں بے دریغ خرچ کرنے لگتا ہے،یہاں تک کہ اس کا اثر ورسوخ وطن واپسی کے بعد بھی باقی رہتاہے، اور ہمہ اس سنہرے لمحات کو بار بار یاد کرتاہے، اور لوگوں سے اس احساس جمیلہ کو بیان کرتا پھرتاہے۔
دوسرا احساس:مادی احساس:جب مرد مومن کی نگاہیں مملکت سعودی عرب کے جہود وخدمات پر پڑتی ہیں، اور وہ حرم مکی اور حرم مدنی میں عظیم تطویرات کا عینی مشاہدہ کرتاہے تو دنگ رہ جاتاہے، اور یہ کہنے پر مجبور ہوجاتاہے کہ واقعتا حکومت سعودی عرب کے خدمات اسقدر ہیں کہ جن بھلانا حددرجہ ناانصافی وخیانت ہے۔حاسدین مملکہ بھی اس حقیقت کو قبول کرنے پر مجبور ہوجایا کرتے ہیں، اور ان کوبھی مجبورا ان جہود وخدمات کو سراہنا پڑتا ہے۔
مملکت سعودی عرب خدمت حجاج کے لئے اپنے خزانہ کا منہ کھول دیتی ہے،جہاں بھی جس قدر ضرورت پیش آتی ہے خرچ کرنے میں ذرہ برابر بھی کوتاہی نہیں کرتی ہے۔زائرین حج وعمرہ کے لئے وہ تمام سہولیات فراہم کرتی ہے جو زائرین کی ضرورت ہواکرتی ہے۔عظیم پیمانے پر حرم مکی وحرم مدنی کی توسیعات،تنظیم وترتیب کے لئے صبر وتحمل سے لیث پولس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کی تقرری، شرعی مسائل کے استفسار کے لئے علماء کرام ومترجمین کی جگہ جگہ فراہمی،کتاب وسنت کی کی روشنی میں حجاج کرام کی توجیہ وارشاد، داخل حرم ومطاف وصحن میں آب زمزم کی فراہمی، عامتہ الناس کو بدعات وخرافات سے متنبہ کرنے لئے علماء وطلبہ کی تقرری وغیرہ، سعودی حکومت کے یہ سب ایسے خدمات جلیلہ ہیں جو حجاج کرام کی خدمت میں بلا کسی معاوضہ رات ودن پیش کئے جاتے  ہیں، ان خدمات کے عوض میں کسی بھی زائر سے ایک روپیہ بھی نہیں وصول کیا جاسکتا ہے، بلکہ یہ سب خرچ  خزانہ سعودی حکومت برداشت کرتی ہے۔
لہذا تمام مسلمانان عالم کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم سب ان جہود وخدمات کی قدر کریں،اور بغیر کسی عصبیت کے ان كوششوں کا ذکر خیرکریں،سعودی فرمانرواوں کو خراج تحسین پیش کیاجائے، اور دعا کی جائے کہ مولی اس حکومت کو قائم ودائم رکھے، حاسدین کے شرسے اس کو محفوظ رکھے، بار الہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان آل سعود۔ حفظہم اللہ۔کو ہر مصیبت وپریشانى سے محفوظ رکھے، اور مزید ان کو حرمين شريفين کی خدمت کی توفیق دے۔الہ العالمین تما م مسلمانوں کو دشمنان اسلام کی شر سے محفوظ رکھ، اورہم سب کو توحید پر گامزن رہنے کی توفیق دے۔آمین یارب العالمین۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter