قرآن کی آیات کو مٹانے کی کوشش کرنے والے از خود مٹ جائیں گے : مولانا سعود اختر سلفی

4 اپریل, 2021

لمبنی/ کیئر خبر

یکم اپریل بروز جمعرات کو لمبنی سانسکرتک نگر پالیکا وارڈ نمبر 7 بھیسنسیا روپندیہی نیپال میں موسسہ القمہ للخدمات الانسانیہ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اجلاس عام اور دستار بندی حفاظ کرام کا انعقاد عمل میں آیا جن میں ہند و نیپال کے معروف و مشہور علماء کرام نے شرکت کی.
مؤسسہ کی تعلیمی شاخ روضة الأطفال للبنين و البنات کا پروگرام صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہا اور ان کے درمیان تقریری، ادعیہ ماثورہ کا مسابقہ ہوا جس میں تقریباً سو سے زائد بچوں نے حصہ لیا اور اپنی کارکردگی پیش کی.پھر بعد نمازعصر تا عشاء مرکز تحفیظ القرآن الکریم کے طلبہ کے درمیان تقریری مسابقہ ہوا جس میں طلبہ نے خطابت کے جوہر دکھائے. بعد نماز عشاء باضابطہ طور سے اجلاس عام کا آغاز ہوا،
پروگرام کی صدارت مرکز کے صدر مولانا شہاب الدین سلفی نے کی اور نظامت کا فریضہ جامعہ سلفیہ بنارس کے متعلم حامد بن عبدالمنان سلفی نے انجام دیا.
یہ پروگرام دو نشستوں پر مشتمل تھا پہلی نشست کا آغاز مرکز تحفیظ القرآن الکریم کے استاد حافظ محمد زاہد سلفی کی پر سوز تلاوت قرآن پاک کے ذریعے ہوا ان کے بعد مولانا صفی الرحمن سراجی نے بڑے ہی دلکش انداز میں حمد باری تعالیٰ پیش کیا اور پھر جناب مولانا عبداللہ سمراوی نے اپنے مخصوص انداز میں نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پیش کو کیا۔
ان کے بعد روضہ کے طالبات کو ترانہ نیپال پیش کرنے کے لیے بلایا گیا پھر ان طلبہ کے تقاریر کا نمونہ پیش کیا گیا جنہوں نے اپنے اپنے گروپوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اس کے بعد دو سیاسی مہمانوں کو دعوت دی گئی اور انہوں نے یکے بعد دیگرے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور مرکز کے اس پروگرام پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خوب دعاؤں سے نوازا.
اس کے بعد پہلی نشست کی آخری کڑی یعنی دستار بندی اور انعامات کا سلسلہ شروع ہوا اور دو طلبہ کے سروں پر دستار سجائی گئی اور انہیں قیمتی تحائف سے نوازا گیا۔
اس کے بعد بلا تاخیر دوسری نشست کی شروعات کی گئی اور سب سے پہلے اس پروگرام کےکنوینر اور جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ کے فارغ التحصیل مولانا فضیل احمد مدنی نے مختصر اور جامع انداز میں مہمانوں کا استقبال کیا اور مرکز کا تعارف کراتے ہوئے مستقبل کے عزائم کا بھی ذکر فرمایا ان کے بعد جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال کے استاد مولانا خالد رشید سراجی کو دعوت دی گئی، آپ نے بڑے ہی عمدہ انداز میں اللہ سے تجارت کے موضوع پر خطاب کیا اور بتایا کہ اللہ سے تجارت کرنے کے بے شمار فوائد ہیں
ان کے خطاب کے بعد جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال کے استاد، ماہنامہ السراج کے معاون مدیر اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے نائب ناظم مولانا سعود اختر عبدالمنان سلفی نے عظمت قرآن کے موضوع پر ایک جاندار خطاب کیا، آپ نے بتایا کہ اس قرآن کی بڑی اہمیت ہے، اس کتاب کے ذریعہ اللہ تعالیٰ بہت سے لوگوں کے درجات کو بلند کر دیتا اور بہتوں کو ذلیل و رسوا کرتا ہے اور یہ بھی کہ جو اس کتاب کو پڑھے گا اور اس کے بتائے ہوئے قوانین و ضوابط پر عمل کرے گا تو اللہ تعالیٰ ان لوگوں کے درجات کو بڑھا دیگا اور جو لوگ اس قرآن سے دور رہتے ہیں اور اسے نہیں پڑھتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو اسی وجہ سے ذلیل و رسوا کرتا ہے ان کے علاوہ آپ نے تفصیل کے ساتھ حافظ قرآن کی فضیلت اور دنیا و آخرت میں ان کا بلند مقام بیان فرمایا۔
ان کے بعد  مرکز السنہ کے محترم استاد مولانا مجیب الدین مدنی کو دعوت دی گئی آپ نے حقوق والدین کے موضوع پر بڑا ہی پر مغز خطاب کیا اور اپنے خطاب میں بتایا کہ یہ والدین ہمارے لیے ایک عظیم نعمت اور انمول دولت ہیں، یہ ایسی نعمت ہیں جن کا کوئی بدل نہیں ہے اس لیے ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے اور ان کی خدمت کرکے اپنے لیے جنت کا سامان بنانا چاہیے.
ان کے بعد بلبل نیپال  مولانا محمد نسیم مدنی نے بھی عظمت قرآن ہی کے موضوع پر اپنے خوبصورت انداز میں گفتگو کی اور قرآن کی اہمیت و فضلیت کو بیان کیا اور یہ بتایا کہ یہ کتاب لوگوں کے دلوں میں اس طرح اثر کرتی ہے کہ ایک میٹنگ ہوئی کہ اس قرآن کو کوئی نہیں سنے گا لیکن اس پر اثر کتاب کو سننے کے لیے لوگ چپکے چپکے آتے اور سنتے تھے اور اسلام لے آتے تھے.
آپ کے اس پر مغز خطاب کے بعد جلسہ کے سب سے آخری مقرر مولانا شجر الدین اثری حفظہ اللہ وتولاہ کو دعوت دی گئی، آپ نے ذکر الہی کے موضوع پر بڑے ہی مختصر اور جامع انداز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے بارے میں یہ دیکھیں کہ قرآن مجید میں ہمارے لیے کیا بیان کیا گیا ہے اور اسی کے مطابق زندگی گزاریں.
ان کے بعد صدر جلسہ مولانا شہاب الدین سلفی ل کے اختتامی اور دعائیہ کلمات اور سامعین و سامعات کے شکریہ کے ساتھ اس پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter