فقیہ ملت و مرجع جماعت معروف عالم دین ڈاکٹر فضل الرحمن مدنی نے داعی اجل کو لبیک کہا / علمی و دینی حلقوں میں صف ماتم

26 مارچ, 2021

مالیگاؤں / کئیر خبر
یہ خبر بر صغیر اور بلاد عرب کے علمی حلقوں میں بجلی بن کر گری کہ آج فجر سے قبل شب ڈھائی بجے استاذ الاساتذہ فقیہ ملت و مفکر جماعت حضرت علامہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر فضل الرحمن المدنی رحمہ اللہ بقضاء الہی انتقال کر گئے ۔ إنا لله و إنا إليه راجعون.
بے پناہ علمی ودینی خدمات انجام دینے والی اس مبارک شخصیت کو جمعہ کی مبارک شب میں ٧١ برس کی عمر میں مالک حقیقی نے اپنے پاس بلا لیا – ہندوستان کی مشہور دینی درسگاہ جامعہ محمدیہ مالیگاؤں کے معزز استاذ، مفتی، عالم اسلام کے مؤقر ادارہ فقہ اکیڈمی مکہ مکرمہ کے رکن اور متعدد اہم کتابوں کے مصنف تھے – انکی دینی و دعوتی خدمات سے پوری دنیا مستفید ہورہی ہے-
جامعہ سلفیہ بنارس سے فراغت کے بعد آپ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ تشریف لے گئے جہاں آپ نے دکتورہ کی تعلیم مکمل کی اور اس کے بعد جامعہ محمدیہ منصورہ مالیگاؤں سے وابستہ ہویے ؛ اور بحیثیت شیخ الجامعہ ، استاذ و شیخ الحدیث و مفتی اپنی خدمات انجام دیں اور تا دم واپسیں جامعہ محمدیہ سے جڑے رہے- ہند و نیپال وبلاد عرب کے سینکڑوں علمی و دعوتی پروگراموں میں شرکت کی- مستقل دروس کا سلسلہ جاری رکھا-
کئیر فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری مولانا عبد الصبور ندوی نے اپنے خسر محترم کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہویے اپنا ذاتی نقصان قرار دیا- انہوں نے کہا ہم سب ہی نہیں پوری علمی دنیا یتیم ہوگئی ہے- تاریکیوں کے سایے گھنیرے ہو چلے ہیں؛ ایسا کہاں سے لاؤں تجھ سا جسے کہوں – اللہ انھیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے-

کئیر خبر تمام قارئین سے دعاء مغفرت کی درخواست کرتا ہے

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter