سعودی عرب کے العُلا میں ہاتھی کے وجود سے مشابہ چٹان ”جبل الفیل“ دُنیا بھر کی توجہ کا مرکز

11 جنوری, 2021

العلا/ ايجنسى

سعودی مملکت میں ثقافتی ، تاریخی اور مذہبی مقامات کی کوئی کمی نہیں ہے۔ یہ سرزمین دلفریب صحرائی مناظر، ہرے بھرے نخلستانوں، بلند و بالا پہاڑوں اور سرد ترین مقامات سے بھی مالا مال ہے۔ جبکہ بحیرہ احمر کے خوبصورت ساحلی مقامات بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مملکت میں ہر سال مذہبی سیاحت کی غرض سے اگر ایک کروڑ سے زائد لوگ آتے ہیں تو تاریخی اور ثقافتی مقامات کی سیر کی غرض سے آنے والوں کی گنتی بھی لاکھوں میں ہوتی ہے۔سعودیہ میں ایک ایسی چٹان سامنے آئی ہے جس کو اللہ کی شان قرار دیا جا رہا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودیہ کے علاقے العُلا میں سنہری صحرائی ریت میں واقع "جبل الفیل” (ہاتھی والی چٹان) ابھی تک عالمی سطح پر ایک ارضیاتی عجوبے کے طور پر جانی جاتی ہے۔

یہ مشہور چٹان ہاتھی کے جسم اور سْونڈ کی تصویر پیش کرتی ہے۔تاریخی مقامات اور قدرتی جمالیات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے والے سعودی فوٹوگرافر "محمد الشریف” نے بتایا کہ اس قدرتی ڈھانچے کا جمال اطراف میں موجود ماحول کے سحر سے بھرپور ہے۔اس میں نرم سمندری ریت اور حیران کر دینے والی دل چسپ شکلوں کی خمیدہ چٹانیں شامل ہیں۔ الشریف نے واضح کیا کہ جبل الفیل ایک ضخیم چٹان ہے جس کی زمین سے اونچائی 50 میٹر ہے۔ یہ ہاتھی سے مشابہت رکھنے کے سبب خصوصی امتیاز رکھتی ہے۔

اس چٹان کے اطراف پہاڑیوں کا ایک مجموعہ ہے۔ یہ مدینہ منورہ صوبے کے ضلع العْلا سے 7 کلو میٹر مشرق میں واقع ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ تند و تیز ہوا اور دیگر ماحولیاتی عوامل نے چٹان کو اس طرح بنا دیا کہ وہ ایک "بڑے ہاتھی” کی شکل کے طور پر مسجم بن گئی۔ قدیم دور سے ہی یہ چٹان "جبل الفیل” کے نام سے جانی جاتی ہے۔ چٹان کا یہ نام کب سے پڑا ، اس بارے میں کوئی تاریخی معلومات نہیں ملتی۔واضح رہے کہ سعودیہ میں سعودی عرب کے شمال مغربی ضلع الوجہ میں واقع ”اُونٹ والی چٹان“ بھی قدرت کا ایک بے مثال شاہکار ہے۔العربیہ نیٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ اُونٹ سے مشابہہ چٹان الوجہ شہر سے پانچ کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ چونے کے پتھر کی یہ قدرتی چٹان کے خد و خال ایسے ہیں جیسے کوئی اُونٹ اپنی جگہ پر بیٹھا ہوا ہو۔ دراصل کئی برس تک شکست و ریخت کے عوامل سے گزرنے کے بعد یہ قدرتی طور پر ہی ایک بیٹھے ہوئے اُونٹ سے مشابہہ ہو چکی ہے۔ جو قدرت کی کاریگری کا ایک اعلیٰ نمونہ ہے۔یہ اپنی نوعیت کا ایک انوکھا فطری مجسم فن پارہ ہے۔ جس کو دیکھنے کے لیے سیاحوں اور محققین کے علاوہ مناظر فطرت کے دلدادہ افراد کی بھی بڑی گنتی یہاں پر آتی ہے۔ اس مسحور کُن اُونٹ والی چٹان کو جس بھی زاویئے سے دیکھیں، اُونٹ سے ہی مشابہہ نظر آتی ہے۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے فوٹوگرافر کی تصویری رپورٹ میں اس چٹان کے خدوخال نمایاں کیے گئے ہیں۔ اُونٹ والی چٹان کے بلند ترین نقطے پر اس کی اونچائی آٹھ میٹر (تقریباً 24 فٹ) تک جا پہنچتی ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter