برطانیہ ڈرامائی انداز میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر پہلی مرتبہ کرکٹ کا عالمی چیمپئن!

15 جولائی, 2019

برطانیہ نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو آئی سی سی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ڈرامائی انداز میں ہرا دیا ہے اور وہ پہلی مرتبہ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا ہے۔

عالمی کپ کا فائنل میچ اتوار کو لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا اور عالمی کپ ٹورنا منٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرکٹ کے نئے چیمپئن کا فیصلہ سپر اوور کی بنیاد پر ہوا ہے۔برطانوی ٹیم نے کمال مہارت سے اچھا کھیل پیش کرکے یہ میچ جیت لیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں دو سو اکتالیس رنز بنائے۔اس کے جواب میں برطانیہ کی کرکٹ ٹیم نے بھی مقررہ پچاس اوورز میں اتنےہی رنز بنائے تھے اور میچ برابر ہوگیا تھا۔

برطانوی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے پندرہ اسکور درکار تھے اور تب ایسے لگ رہا تھاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح بن جائے گی لیکن برطانوی بلے بازوں نے آخری اوور میں جارحانہ انداز میں بلے بازی کر کے چودہ رنز بنالیے تھے اور میچ کو برابر کردیا تھا۔

اس کے بعد اس کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنا منٹ کے قواعد کے مطابق میچ کا فیصلہ سپر اوورکے کھیل کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔سپر اوور میں پہلے برطانوی ٹیم نے بلے بازی کی اورپندرہ رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جیت کے لیے اس ایک اوورکی آخری گیند پر دو رنز درکار تھے لیکن اس کے بلے باز مارٹن گپٹل کو برطانوی وکٹ کیپر جوس بٹلر نے رن آؤٹ کردیا۔وہ تب دوڑ کر دوسرا رن بنانے کی کوشش کررہے تھے اور اپنی وکٹ کے ساتھ ملک کی قسمت بھی گنوا بیٹھے۔

لیکن اس کے باوجود وہ برطانیہ کے مساوی پندرہ رنز بنانے میں کامیاب ہوگئے تھے مگر نیوزی لینڈ کی قسمت نے یاوری نہیں کی اور برطانوی ٹیم زیادہ چوکوں اور چھکوں کی بنیاد پر ڈرامائی انداز میں یہ میچ جیت گئی ہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے سپر اوور کرایا تھا اور برطانوی بلے بازوں بن اسٹوکس اور جوس بٹلر نے ان کی چھے گیندوں پر پندرہ رنز بنائے تھے۔برطانیہ کی جانب سے جفرا آرچر نے سپراوور کرایا تھا اور نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور جیمی نیشم نے بلے بازی کی تھی۔

یادرہے کہ برطانیہ نے اس سے قبل عالمی کپ ٹورنا منٹ کے تین فائنل میچ کھیلے تھے مگر اس کو ان تینوں میچوں میں شکست سے دوچار ہونا پڑا تھا۔برطانوی ٹیم 1979ء میں پہلی مرتبہ ٹورنا منٹ کے فائنل میں پہنچی تھی مگر وہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم سے ہار گئی تھی۔1987ء میں اس کو آسٹریلیا نے شکست سے دوچار کیا تھا اور 1992ء میں عمران خان کے زیر قیادت پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس کو ہرایا تھا اور وہ بھی پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنی تھی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری مرتبہ عالمی کپ کا فائنل میچ ہاری ہے۔ 2015ء میں آسٹریلیا نے اس کو ہرایا تھا۔اس کے کپتان کین ولیم سن کو برطانیہ میں کھیلے گئے اس عالمی کپ ٹورنا منٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے اوربرطانوی کھلاڑی بن اسٹوکس کو مین آف دا میچ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter