نیپال: وزارت داخلہ کی شہری سہولتوں میں بڑی اصلاحات، اب ناگرکتا اور پاسپورٹ کے لئے ون ڈور سروس
مولانا مشہود خاں نیپالی
کٹھمنڈو / کیر خبر
وزارت داخلہ نے ملک بھر کے ضلعی انتظامی دفاتر کو عوامی خدمات کو مزید آسان، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لیے نو نکاتی اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری کاغذی پیچیدگیوں اور مشکلات سے نجات دلانا ہے۔
وزارت کے مطابق نیاناگرتا،پرتیلپی ناگرتا، پاسپورٹ، راشٹریہ پريچے پتر اور نابالغ شناختی کارڈ سمیت تمام خدمات کے لیے ون ڈور سروس سسٹم کو جلد از جلد نافذ کیا جائے گا، تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خدمات کے آغاز سے لے کر منظوری تک کا پورا عمل ممکنہ حد تک ایک ہی مربوط کمرے یا نظام کے تحت مکمل کیا جائے۔ ساتھ ہی آن لائن خدمات کو مزید مضبوط بنانے اور ٹوکن سسٹم کے مؤثر نفاذ پر بھی زور دیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ہیلپ ڈیسک پر صرف باخبر اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے، جو شہریوں کے کاغذات کی ابتدائی جانچ، رہنمائی اور ٹوکن جاری کرنے کی ذمہ داری انجام دے۔ نامکمل درخواستوں کی صورت میں شہریوں کو واضح طور پر کمیوں سے آگاہ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کے درمیان فوری رابطے کے لیے واٹس ایپ گروپس تشکیل دینے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ہر ماہ “عوام کے ساتھ پرجیکٹر ملاقات” منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
وزارت نے غیر قانونی مداخلت کے خلاف سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ اقدامات عوامی خدمات کو تیز، شفاف اور مؤثر بنانے کی سمت ایک اہم اور عملی پیش رفت ہیں، جن سے شہریوں کو براہ راست سہولت اور ریلیف حاصل ہوگا۔
آپ کی راۓ