نیپال سے ضیوفِ خادم الحرمین الشریفین کے وفد کی روانگی

سعودی سفارت خانے میں پروقار الوداعی تقریب، سفیرِ سعودی عرب کی جانب سے حجاج کرام کے اعزاز میں خصوصی ضیافت: قمرالدين رياضي

19 مئی, 2026

خادم الحرمین الشریفین کے پروگرام برائے حج و عمرہ کے تحت نیپال سے منتخب خوش نصیب مہمانوں کا 10 رکنی وفد کل بروز سوموار، 18 مئی 2026ء رات 11 بجے کٹھمنڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب روانہ ہوگیا۔ یہ وفد سعودی حکومت کی جانب سے خصوصی مہمان کی حیثیت سے فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرے گا۔

وفد کی روانگی سے قبل 19 مئی کو دوپہر 11 بجے نیپال میں قائم سعودی عرب کے سفارت خانے میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت نیپال میں متعین سعودی سفیر فہد بن محمد منيخر نے کی۔ تقریب میں سفارت خانے کے رئیس القنصلیہ اور فرسٹ سکریٹری عبد الرحمن الغشم سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سعودی سفارت خانے کی جانب سے حجاج کرام کو دورانِ حج ضرورت پیش آنے والی مکمل سفری کِٹ اور ایک ایک سیٹ احرام بطورِ ہدیہ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جس کے بعد وفد کو نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔

اس الوداعی تقریب میں جامعہ سراج العلوم السلفیہ کے استاذ ڈاکٹر عبد الغنی القوفي، اور نیپال کے معروف صحافی زاہد آزاد جھنڈا نگری بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ خادم الحرمین الشریفین کا یہ عظیم الشان پروگرام عالمِ اسلام کے مختلف ممالک سے منتخب شخصیات کو حج و عمرہ کی سعادت فراہم کرنے کے لیے سعودی حکومت کی ایک قابلِ تحسین خدمت ہے، جسے پوری دنیا میں قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ دنیا بھر سے آنے والے تمام حجاج کرام کے حج کو مقبول فرمائے، ان کی حفاظت فرمائے، اور حرمین شریفین کی خدمت میں مصروف سعودی حکومت کی مساعیِ جمیلہ کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے۔ آمین۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter