گورکھا: بوڑھی گنڈکی ندی میں تباہ کن سیلاب، 4 افراد کی موت، 40 مکانات بہے؛ 6 پل تباہ
دسہرہ سے پہلے ایک اور مصیبت نے انفراسٹکچر کو شدید نقصان پہنچایا
گورکھا کی چومنوبری گاؤں پالیکا سے گزرنے والی بوڑھی گنڈکی ندی میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ انگیلونگ کھولا کے کنارے واقع گوٹھ میں موجود 4 افراد سیلاب کے بعد سے لاپتا ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔
مقامی ہوٹل تاجر گوپال لاما کے مطابق لاپتا ہونے والے تمام افراد چومنوبری گاؤں پالیکا 6 کے رہائشی ہیں اور سیلاب کے وقت گوٹھ میں موجود تھے۔
شدید سیلابی ریلے میں آروگھاٹ کے سوتی سے مانبو کو جوڑنے والا موٹر ایبل پل، دھارچے کے دوبھان سے ہلچوک جانے والا بیلی برج، ماچھا کھولا، ٹھادھو بھریانگ اور کھورلابیشی کے جھولنگے پل بھی بہہ گئے۔
وزیر داخلہ سدھن گرونگ کے مطابق چومنوبری 3 میں نیاک چیت اور فیلیم بازار کو ملانے والا پل بھی سیلاب کی نذر ہوگیا ہے، جبکہ گھٹے کھولا کے علاقے میں کئی گھروں میں کیچڑ اور سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔ ندی کا بہاؤ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے باعث مزید خطرے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بوڑھی گنڈکی ندی میں پانی کا بہاؤ مسلسل بڑھنے کے پیش نظر سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے، امداد پہنچانے اور ریسکیو کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر تعینات کردیے گئے ہیں۔
وزیر داخلہ سدھن گرونگ نے بتایا کہ سیلاب کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی مدد لی جارہی ہے۔
بوڑھی گنڈکی میں اچانک سیلاب کیسے آیا؟
نیپال کے ضلع گورکھا کی چمنوبری گاؤں پالیکا وارڈ نمبر 6 میں لوکپا اور چوملنگ کے درمیان پہاڑی تودہ گرنے سے بوڑھی گنڈکی دریا کا بہاؤ رک گیا، جس کے بعد پانی کا ریلا اچانک آگے بڑھا اور سیلاب آگیا۔
گورکھا پولیس کے مطابق اتوار کی صبح 4:30 بجے واقعے کی اطلاع ملی، جبکہ صبح 6:15 بجے دریا کا بہاؤ دوبارہ شروع ہونے کے بعد سیلابی ریلا آگے بڑھا۔ سیلاب سے دریا کے کنارے مختلف مقامات پر نقصان پہنچا ہے۔(مولانا مشہود خاں نیپالی)
آپ کی راۓ