ڈاکٹر عبد الباری خاں رحمہ اللہ کی رحلت ایک عظیم ملی و جماعتی خسارہ 

عبد المنان سلفی 

11 جولائی, 2020
جامعہ اسلامیہ خیر العلوم ڈومریا گنج ضلع سدھارتھ نگر سمیت متعدد دسیوں تعلیمی، رفاہی اور دعوتی اداروں کے سربراہ اور مؤسس و بانی اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے سرپرست جناب ڈاکٹر عبد الباری خاں رحمہ اللہ کی رحلت ایک زبردست ملی اور جماعتی خسارہ ہے، موصوف نے اپنی پوری زندگی شرعی و عصری علوم کے فروغ میں صرف کی، ڈومریا گنج میں جامعہ خیر العلوم، کلیة الطيبات، دارالایتام اور  خیر ٹیکنیکل کالج کے علاوہ کئی مکاتب اور عصری تعلیم کے ادارے قائم کئے جہاں ہزاروں طلبہ و طالبات فیض یاب ہورہے ہیں، ڈومریا گنج کے علاوہ دسیوں مقامات پر آپ کی کوششوں سے مدارس و مکاتب اور اسکول قائم ہوئے، ساتھ ہی موصوف نے بڑے پیمانہ پر مساجد کی تعمیر اور دیگر رفاہی کام انجام دینے کی سعادت حاصل کی، اللہ تعالی ان خدمات کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے اور ان کی مغفرت فرما کر ان کے درجات بلند کرے آمین 
ڈاکٹر صاحب موصوف ایک درد مند دل رکھنے والے بڑے حساس شخص تھے ، ملت و جماعت کے لئے ان کے دل میں بڑا درد تھا، وہ ملت کی تعمیر و ترقی خصوصا اس کے نونہالوں کی تعلیم و تربیت کے لئے ہمیشہ فکر مند رہتے تھے اور اس کے لئے تدبیریں کرتے رہتے تھے ، موصوف دھن کے پکے بھی تھے جو ٹھان لیتے اس کو پایہ تکمیل تک پہونچاکر ہی  دم لیتے ، آپ بڑے مضبوط دل و جگر کے انسان تھے ، مشکل سے مشکل وقت میں کبھی نہ گھبراتے، اللہ کی مدد پر انھیں یقین ہوتا بالآخر وہ سرخرو اور کامیاب ہوتے ۔
پیرانہ سالی اور مختلف امراض و عوارض کے باوجود روزانہ ڈومریا گنج کے تمام اداروں میں حاضر ہوکر سب کی کارکردگی کا جائزہ لیتے اور ظہر سے قبل خیر ٹیکنیکل کالج میں واقع اپنی آفس میں بیٹھ کر سارے حساب و کتاب کا جائزہ لیتے، مخلص کارکنان سے مشورے کرتے اور انھیں ہدایات دیتے ، وقت ضرورت ملی و جماعتی ضروریات کے لئے دور و نزدیک کا سفر بھی کرتے ، وہ بلا تفریق مسلک و ملت تمام لوگوں کی نگاہوں میں نہایت ہی محترم اور ہر دلعزیز تھے،  سارے لوگ ان کا غایت درجہ احترام کرتے تھے ۔ 
موصوف تا حیات جمعیت و جماعت سے بھی وابستہ رہے ، ایک زمانہ سے موصوف مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ، صوبائی جمعیت اہل حدیث مشرقی یوپی اور ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کی مجلس شوری و عاملہ کے ممبر رہے ، اور گذشتہ کئی میقات سے وہ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے سرپرست بھی رہے اور ہمہ وقت جمعیت کی تعمیر و ترقی کے لئے فکر مند رہتے اور اپنے قیمتی مشوروں کے ساتھ اپنے گراں قدر تعاون سے بھی نوازتے ، جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر جب بھی کسی مشکل میں ہوتی تو اس کے ذمہ داران جناب ڈاکٹر صاحب رحمہ اللہ کی خدمت میں حاضر ہوتے اور ڈاکٹر صاحب کی کشادہ ظرفی اور ان کی فطری فیاضی سے مسائل کو حل کر لیتے ،
ڈاکٹر صاحب رحمہ اللہ کی وفات سے ملت و جماعت کو عظیم  تعلیمی ، رفاہی اور دعوتی  نقصان پہنچا ہے جس کی تلافی کی بہ ظاہر امید نہیں ، اللہ تعالی غیب سے اس بڑے خلا کو پر کرنے کا انتظام فرمائے اور  ڈاکٹر صاحب کے ورثاء کو اپنے والد گرامی کا صحیح اور سچا جانشین بنائے آمین 
ڈاکٹر عبد الباری خاں رحمہ اللہ کی وفات کو ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ ایک عظیم ملی و جماعتی خسارہ تصور کرتے ہوئے دعا گو ہے کہ اللہ تعالی ڈاکٹر صاحب کی بال بال مغفرت فرمائے  ان کی نیکیوں کو قبول کرکے ان کے درجات بلند فرمائے ، ان کی ہمہ جہت اور نوع بہ نوع خدمات کو ان کے لئے صدقہ جاریہ بنائے اور آخرت کے تمام منازل کو ان کے لئے آسان بنائے  اوران کی اولاد، ورثاء اور تمام  پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے آمین 
إنا لله وإنا إليه راجعون 
لله ما اخذ وله ما أعطى وكل شيء عنده بأجل مسمى فلتصبروا و لتحتسبوا 
اللهم اغفر له وارحمه وعافه واعف عنه و أكرم نزله ووسع مدخله و أدخله فسيح جناتك
غم زدہ
عبد المنان سلفی 
ناظم ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی 
و وکیل الجامعہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر نیپال

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter