دبئی، دنیا کی پہلی گلی تعمیر کریگا جہاں سارا سال بارش ہوگی

26 جون, 2020

دبئی/ایجنسیاں

دبئی اپنی گرمی، ریت اور سمندروں کی وجہ سے بےحد مقبول ہے، اکثر دبئی میں درجہ حرارت ناقابل برداشت حد تک بڑھ جاتا ہے، جس کے باعث گھروں سے باہر نکلنا کافی مشکل ہوجاتا ہے، ایسے میں شہر کی آب و ہوا میں توازن پیدا کرنے کے لیے ایک ایسی گلی بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جہاں سارا سال بارش ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی کے پوش علاقے ’دا ہارٹ آف یورپ‘ میں یہ گلی قائم کی جائے گی، جو کہ دبئی میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کا حصہ ہے۔

دا ہارٹ آف یورپ کا پروجیکٹ دبئی کے ساحل سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ’دا ورلڈ آئی لینڈز‘ نام کی جزیرہ نما جگہ میں ہوگا۔ یہ گلی ایک کلومیٹر لمبی ہوگی اور اس میں یورپی طرز پر ریسٹورنٹ اور دیگر دکانیں ہوں گی، جہاں چلتے ہوئے لوگوں پر ہلکی ہلکی بارش ہوتی رہے گی۔

’ریننگ اسٹریٹ‘ (Raining Street) نامی گلی میں اس وقت بارش ہوگی جب درجہ حرارت 27 ڈگری سے تجاوز کرے گا۔

اس پروجیکٹ پر کام کرنے والے کلائن ڈینسٹ گروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ریننگ سٹریٹ‘ سالوں کی تحقیق اور تجربے کے بعد بنائی جا رہی ہے جو کہ توقع ہے کہ اس سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طرح کا پروجیکٹ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ نہیں ہے بلکہ یہ ’آسٹرین آرکیٹیکٹ کیمیلو سیتے‘ کے کام سے متاثر ہو کر شروع کیا جا رہا ہے۔ وہ ایسے شہروں کا تصور عمل میں لا چکے ہیں جہاں ٹیکنالوجی کے ذریعے آب و ہوا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

کلائن ڈینسٹ گروپ کے مطابق جیسے ہی درجہ حرارت 27 ڈگری سے تجاوز کرے گا، گلی میں موجود عمارتوں میں سے چھپے ہوئے پائپز کے ذریعے بارش کی صورت میں ٹھنڈا پانی برسنے لگے گا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter