کسی کو میڈل پسند ہے، کسی کو حجاب پسند ہے

( کمال الدین سنابلی ،دہلی)

17 ستمبر, 2019

پندرہ ستمبر 2019 ہے، رانچی کا مارواڑی کالج ہے، گریجویٹ سیریمنی کا پروگرام رکھا گیا ہے،اسٹوڈینٹس کو ڈگری کے ساتھ میڈل بھی دینا ہے… "اوور آل بیسٹ گریجویٹ”  پوزیشن حاصل کرنے والی نشاط فاطمہ 360 کلومیٹر کا سفر طے کرکے اس پروگرام میں آئی ہوئی ہے، لیکن یہ ایک "حجابی” لڑکی ہے، فرقہ پرستوں کے ماتھے پر لکیر ہیکہ اتنی اعلیٰ صلاحیت اور قابلیت رکھنے والی نشاط فاطمہ اپنے دین کی اسقدر پابند کیوں ہے؟ کتنے لوگوں کو تعلیم نے ننگا کر دیا ہے ، یہ کیسی لڑکی ہے، اسے تو ترقی اور ناموری کی ہوس ہونی چاہیے، لیکن اس نے کالے برقع سے خود کو چھپا رکھا ہے؟ کالج نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ڈگری اور میڈل لینے کے لیے یہ یہ ڈریس کوڈ ہے، اسی میں آیا جا سکتا ہے، ڈریس کوڈ کی پابندی لازمی ہے، اس ڈریس میں مسلم طالبات کے لیے برقع کا ذکر نہیں ہے (یہ کالج کی تعلیم یافتہ انتظامیہ کی فرقہ وارانہ ذہنیت اور ان کے ننگے پن کو ظاہر کرتا ہے) لیکن ان تمام پابندیوں کے باوجود ایک لڑکی کالج کے طے شدہ ڈریس کوڈ سے بالکل الگ تقویٰ کے ڈریس میں آئی ہوئی ہے، نام اس کا نشاط فاطمہ ہے، وہ اپنی زبانِ حال سے کہہ رہی ہے ” ایک ڈریس کوڈ تم نے متعین کیا ہے، ایک ڈریس کوڈ میرے رب کا مقرر کردہ ہے، مجھے اپنے رب کا مقرر کردہ ڈریس کوڈ زیادہ محبوب ہے، مجھے تو اپنے رب کی رضا چاہیے” نشاط فاطمہ نے "اووَر آل بیسٹ گریجویٹ” پوزیشن حاصل کی ہے، میڈل کے لیے اس کا نام سب سے پہلے پکارا جاتا ہے…اور جب وہ حجاب میں میڈل لینے کے لیے اسٹیج پر جاتی ہے تو طے شدہ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کی وجہ سے اسے میڈل دینے سے انکار کر دیا جاتا ہے… یا تو حجاب چن لو، یا میڈل چن لو؟ وہ میڈل کو لات مار کر "حجاب” کو ترجیح دیتی ہے… باطل ہنس رہا ہے، مذاق اڑا رہا ہے، اتنا اہم میڈل سرعام چھوڑ دیا، صرف برقعے کیوجہ سے ،باطل یہ بھی سمجھ رہا ہے کہ اس طرح ہم نے پردہ کرنے والی کروڑوں خواتین کے حوصلے کو پست کر دیا ہے لیکن یہ اس کی خوش فہمی ہے بس، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے اس ناپاک رویے سے حجابی خواتین کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ ان کے ایمان کو تازگی ملی ہے… باطل ٹھٹھہ مار کر ہنس رہا ہے کہ پاگل لڑکی نے میڈل چھوڑ دیا لیکن پورے بھارت کی لاکھوں لاکھوں حجابی مسلم طالبات، خواتین اور کروڑوں بھائیوں کو اپنی بہن کے اس عمل پر فخر محسوس ہو رہا ہے… بہن تم دل چھوٹا مت کرنا، حوصلہ رکھنا، میڈل دینے سے انکار کرنے والے ہمیں تمہارے سامنے بونے نظر آ رہے ہیں، تمہارا قد ہمیں بہت اونچا دکھ رہا ہے، کسی کو میڈل پسند ہے، کسی کو حجاب پسند ہے، تمہاری ڈگری اور میڈل تمہارا "حجاب” ہے.
( کمال الدین سنابلی ،دہلی)

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter