*ضیوف الرحمن کی خدمت؛ مملکتِ سعودی عرب کی روشن ترجیحات

مشاعرِ مقدسہ میں معالی وزیرِ اسلامی امور کا میدانی دورہ، مساجد اور سہولیات کے اعلیٰ انتظامات کا تفصیلی جائزہ* : قمرالدین ریاضی

7 مئی, 2026

حجاجِ کرام کی خدمت اور ان کے لیے پُرسکون، محفوظ اور روحانی ماحول کی فراہمی مملکتِ سعودی عرب کی ان عظیم دینی خدمات میں شامل ہے جنہیں عالمِ اسلام ہمیشہ قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اسی مبارک خدمت کے تسلسل میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی جانب سے مشاعرِ مقدسہ میں انتظامات کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر عملی اقدامات جاری ہیں۔

خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کی خصوصی ہدایات کے تحت معالی وزیرِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد، ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے مشاعرِ مقدسہ میں قائم مساجد، نمازگاہوں اور متعلقہ خدمات کا تفصیلی میدانی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حجاجِ کرام کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات،

صفائی کے نظام، آب رسانی، تکنیکی خدمات اور حفاظتی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

وزارت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق معالی وزیر نے مشاعرِ مقدسہ کی مساجد کی تیاری، ان کی دیکھ بھال اور وہاں جاری خدمات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت دی کہ ضیوفُ الرحمن کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حجاجِ کرام کے لیے ہر ممکن سہولت، آرام اور روحانی سکون کی فراہمی وزارت کی بنیادی ترجیح ہے۔

بیان کے مطابق وزارتِ اسلامی امور کی نمایاں خدمات میں مساجد کی مسلسل نگرانی، مرمتی و فنی امور کی دیکھ بھال، تمام مرافق کی فعالیت کو یقینی بنانا، اور مصلیات و صحنوں کی صفائی و جراثیم کشی شامل ہے۔ اسی طرح حجاجِ کرام کے لیے سقیا (پینے کے پانی) اور سلامتی سے متعلق خدمات کو بھی نہایت مؤثر انداز میں جاری رکھا گیا ہے تاکہ عبادات کی ادائیگی کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت میسر رہے۔

معالی وزیر نے وزارت کے منسوبین اور کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اخلاص، احساسِ ذمہ داری اور مکمل تندہی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، کیونکہ حجاجِ کرام کی خدمت ایک عظیم دینی امانت اور باعثِ سعادت عمل ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مساجد اور مشاعرِ مقدسہ میں ایسا روحانی اور پُرامن ماحول فراہم کیا جائے جو عبادت گزاروں کے خشوع و خضوع میں اضافہ کرے۔

واضح رہے کہ مملکتِ سعودی عرب ہر سال حج سیزن کے دوران لاکھوں حجاجِ کرام کے لیے غیر معمولی انتظامات کرتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، اعلیٰ معیار کی خدمات اور مربوط انتظامی نظام کے ذریعے حرمین شریفین اور مشاعرِ مقدسہ میں حجاج کو آرام دہ اور محفوظ ماحول فراہم کرنا سعودی حکومت کی دیرینہ روایت اور عظیم اعزاز سمجھا جاتا ہے۔

اخیر میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ سعودی قیادت کو حرمین شریفین اور ضیوفُ الرحمن کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے اور ان مبارک کاوشوں کو قبول فرمائے۔آمین یارپ العالمین

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter