سعودی آرامکو کے حصص 2020-21 میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے: خالد الفالح

3 جولائی, 2019

سعودی عرب کے وزیر توانائی خالد الفالح نے کہا ہے کہ بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2020-21 میں حصص کی فروخت کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے جارہی ہے اور اس کا پیٹرو کیمیکل فرم سعودی بیسک انڈسٹریز کارپوریشن (سابک) سے انضمام کا عمل بھی جلد مکمل کیا جارہا ہے۔

خالد الفالح نے منگل کے روز ویانا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی پی او (حصص کی عوامی پیش کش) کا عمل مکمل طور پر تو کبھی معطل نہیں کیا گیا تھا۔ ہم ہمیشہ سے اس بات میں واضح رہے ہیں کہ آئی پی او 2020-2021 کے ٹائم فریم میں ہوگا ۔ ہم نے اس موضوع پر کبھی بات چیت معطل نہیں کی ہے‘‘۔

انھوں نےآرامکو کے پیٹرو کیمیکلز فرم سابک کے 70 فی صد حصص کی خریداری کا حوالہ دیا ہے۔سعودی آرامکو نے 69 ارب 10 کروڑ ڈالرز میں سابک کے یہ حصص خرید کیے ہیں ۔اس کے علاوہ 12 ارب ڈالرز کے بانڈز کی فروخت کی ہے جس کی وجہ سے آئی پی او میں تاخیر ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’ اب یہ تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور ہم نے آئی پی او کے لیے منصوبہ بندی شروع کردی ہے‘‘۔

دریں اثناء بلومبرگ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی آرامکو نے حال ہی میں سرمایہ کار بنکوں کے ایک گروپ سے حصص کی ابتدائی فروخت کے سلسلے میں ان کے کردار سے متعلق بات چیت کی ہے۔ آرامکو کے فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے ان حصص کی کل مالیت ایک سو ارب ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ آرامکو نے پہلی مرتبہ اپنے پانچ فی صد حصص کی اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے فروخت کے لیے بعض عالمی بنکوں کے اعلیٰ انتظامی نمائندوں کو مملکت میں آنے کی دعوت دی تھی ۔ان کے مطابق سٹی بنک،ڈیوشے اور گولڈ مین سچز سمیت مختلف عالمی بنکوں کو آیندہ ہفتوں کے دوران میں حصص کی فروخت پر مشاورت کی غرض سے سعودی عرب آنے کی دعوت دی گئی تھی۔ یہ تینوں بنک آرامکو کے حصص کی فروخت کے عمل میں عالمی رابطہ کار کے طور پر انتخاب کے لیے بولی میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی قومی کمپنیوں کے اسٹاک مارکیٹ کے ذریعے حصص کی فروخت کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعلان کردہ معاشی اصلاحات کے ویژن 2030ء میں مرکزی حیثیت حاصل ہے ۔اس کا مقصد تیل کی معیشت پر انحصار کم کرنا اور آمدن کے دوسرے ذرائع پیدا کرنا ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter