سعودی عرب کی ‘فائیو سٹار’ جیل

23 اپریل, 2019
سعودی عرب کے علاقے قصیم میں واقع محکمہ خفیہ کی جیل ’الطرفیہ‘ میں قیدیوں کو فائیو سٹار سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
جیل انتظامیہ نے ‘وقت کا بہترین استعمال’ کے عنوان کے تحت جیل کا تصور ہی بدل دیا ہے۔

 الطرفیہ جیل میں قیدی محض چاردیواری کے اسیر نہیں ہوتے بلکہ وہ تین بنیادی سرگرمیوں میں سے کسی ایک میں حصہ لے کر وقت کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ جیل میں فنون لطیفہ، کھیلوں اور میڈیا کیلئے سیکشن موجود ہیں۔

فنون لطیفہ کے سیکشن میں قیدی مصوری اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ کھیلوں کے سیکشن میں قیدی فٹبال، والی بال ، ویٹ لفٹنگ ، شطرنج، پلے سٹیشن، سنوکر، ٹینس اور دیگر سرگرمیوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔ میڈیا سیکشن میں قیدی جیل کے مقامی چینل دیکھنے کے علاوہ میگزین تیار کرنے میں صحافتی مہارت حاصل کر سکتے ہیں۔

قیدی ان تینوں سیکشنز کے علاوہ جیل میں موجود بہترین ریستوران میں کھانا بھی کھا سکتے ہیں۔ یہاں موجود کیفے میں اپنی پسند کی کافی پی سکتے ہیں یا پھر ورزش کے مرکز میں جا کر مختلف سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔

جیل میں مختلف اقسام کے وارڈز ہیں۔ ہر وارڈ میں 12یونٹس ہیں اور ہر یونٹ میں 5افراد مقیم ہیں۔ قیدیوں کیلئے جنرل سٹور ، باربر شاپ اور لائبریری کی سہولت بھی موجود ہے۔

جیل میں ایک ادارہ بھی ہے جہاں قیدیوں کو دینی علوم کے علاوہ انگریزی زبان، کمپیوٹر اور شعر و ادب کے علاوہ ذاتی مہارتیں حاصل کرنے کے گر سکھائے جاتے ہیں۔جیل میں موجود لائبریری میں کوئی بھی قیدی جا کر کتابوں کا مطالعہ کر سکتا ہے اور چاہے تو وہ پڑھنے کے لئے کتاب اپنے وارڈ میں بھی لے جا سکتا ہے۔

جیل میں تفریحی تقاریب کا بھی خصوصی انتظام کیا جاتا ہے جہاں قیدی گپ شپ کے علاوہ پلے سٹیشن ، تاش ، شطرنج اور کیرم کھیل سکتے ہیں۔

اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے جیل نے امام محمد بن سعود یونیورسٹی سے معاہدہ کر رکھا ہے۔ اس وقت 132قیدی امام محمد بن سعود یونیورسٹی میں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 11 رواں سال بیچلرڈگری حاصل کریں گے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter