’’سہانا خان‘‘ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی شان

16 ستمبر, 2018

دنیا میں 18سال کی عمر کے ایسے بہت کم لوگ ہونگے، جن کے متعلق لوگوں میں اتنا زیادہ جوش پایا جاتا ہے، جتنا کہ سہانا خان کے لیےدیکھنے میں آرہا ہے۔ ہمیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ سہانا خان، بالی ووڈ کے سپراسٹار اور کنگ خان ’شاہ رُخ خان‘ کی بیٹی ہیں۔ سہانا، اس سال مئی میں بمشکل 18سال کی ہوئی ہیں اور بالی ووڈ کے فلم میکرز سے لے کر بھارت کے بڑے بڑے شوبز اور فیشن میگزینز ،ان کے سُہانے چہرے سے اپنے سرورق کو سجانے کے لیے بے تاب ہیں۔

اب بالآخر، ان فلم میکرز اور میگزینز کی بے تابی ختم ہونے کو ہے، کیونکہ سہانا خان نے نہ صرف شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے، بلکہ بھارت کے ایک بڑے شوبز میگزین کے سرورق پر بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔اس لیے اب یہ کہا جاسکتا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے شوبز کی دنیا میں باقاعدہ قدم رکھ دیا ہے۔

سہانا خان نے مشہور فیشن میگزین ’’ووگ انڈیا‘‘کے لیے فوٹوشوٹ کرایا ہے، یہ ان کا پہلا فوٹو شوٹ ہے جس میں سہانا بہت خوبصورت لگ رہی ہیں۔ شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان اپنی بیٹی کے شوبز میں قدم رکھنے پر انتہائی خوش ہیں۔ کنگ خان نے’ووگ انڈیا‘میگزین کا شکریہ اداکرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’میری بیٹی ایک بار پھر میرے بازوؤں میں آگئی ہے، شکریہ ووگ‘‘۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی بیٹی کو بہت سارا پیار دیا۔ شاہ رخ کی مراد اس میگزین کے سرورق پر موجود سہانا خان سے تھی، جسے انھوں نے اپنے ہاتھوں میں اٹھایا ہوا تھا۔ گوری خان نے بھی ان کی بیٹی کا فوٹوشوٹ کرنے کے لیے ووگ کا شکریہ اداکیا۔

آخر کیوں سہانا سوشل میڈیاپرچھائی رہتی ہیں؟

شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اکثر سوشل میڈیاپر بحث کا موضوع بنی رہتی ہیں۔ کبھی ان کی نیم عریاںتصویر تو کبھی دوستوں کے ساتھ پارٹی کرتے ہوئے تصاویر سوشل میڈیاپر وائرل ہوجاتی ہیں۔ بالی ووڈ کے چائلڈ اسٹارز میں اپنا اسٹار ڈم بنانے والوں میں سہانا خان بہت آگے ہیں۔

سہانا خان کو فٹبال کا بھی کافی شوق ہے۔ اسکول لائف میں وہ کئی ٹورنامنٹ جیت چکی ہیں۔ وہ دھیرو بھائی امبانی انٹرنیشنل اسکول، ممبئی کی انڈر18فٹبال ٹیم کی کپتان بھی رہ چکی ہیں۔ فٹبال کے علاوہ سہانا خان کو شاہ رخ کے ساتھ اکثر آئی پی ایل کے میچز میں دیکھا جاتاہے۔ ڈانس میں وہ ’پاپ اسٹائل‘ کو پسند کرتی ہیں، انھوں نے معروف کوریو گرافر شیامک داور کی ڈانس اکیڈمی سے ڈانس کی تربیت حاصل کی ہے۔

سہانا خان نہ صرف کھیل اور ڈانس میں مہارت رکھتی ہیں بلکہ کہانی سنانے کا فن (Story Telling) بھی خوب جانتی ہیں۔ وہ اسکول میں ’کتھا نیشنل اسٹوری رائٹنگ‘ کا مقابلہ بھی جیت چکی ہیں۔ اداکاری کے علاوہ وہ لکھنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں اور زین ملک کی فین ہیں۔

’’سہانا خان‘‘ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی شان

شاہ رخ خان اپنے بچوں کی پڑھائی کے حوالے سے بہت سخت ثابت ہوئے ہیں۔ وہ متعدد مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ ان کے بچے جو کرنا چاہیں کریں لیکن پہلے انہیں اپنی تعلیم مکمل کرنی ہوگی۔ سہانا بہت جلد اپنی گریجویشن مکمل کرنے والی ہیں۔وہ اس وقت لندن میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

بالی ووڈ میں انٹری

شاہ رُخ خان کے قریبی دوست اور معروف فلم میکر کرن جوہر کئی بار آن ریکارڈ کہہ چکے ہیں کہ وہ سہانا خان کو بالی ووڈ میں لانچ کریں گے۔ صرف یہی نہیں، سہانا کو بالی ووڈ کے لیے تیار کرنے میں کرن جوہر کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔ سہانا، کرن جوہر کو اپنا ’مینٹور‘ مانتی ہیں۔ تاہم شاہ رخ خان اور گوری خان نے کرن جوہر کے علاوہ دیگر آپشنز بھی کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ کرن جوہر نے اپنی فلم کی اسٹوری شاہ رخ خان کو پیش کی ہوئی ہے، جس کے ذریعے وہ سہانا کو لانچ کرنے کے خواہاں ہیں، تاہم شاہ رخ نے اس کے لیے ابھی ہامی نہیں بھری۔ دوسری جانب، سنجے لیلیٰ بھنسالی بھی سہانا کو اپنی فلم کے ذریعے لانچ کرنا چاہتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں فلمساز ہی نئے چہروں کو بالی ووڈ میں متعارف کرانے کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں۔ سنجے ماضی میں رنبیر کپور اور سونم کپور کو ’سانوریا‘ میں بڑا بریک دے چکے ہیں جبکہ کرن جوہر ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ میں تین نئے چہروں عالیہ، سدھارتھ اور ورون کو لانچ کرنے کے بعد اس فلم کی دوسری انسٹالمنٹ میں چنکی پانڈے کی بیٹی کو لانچ کررہے ہیں۔ اپنی پروڈکشن میں بننے والی دوسری فلم ’دھڑک‘ میں وہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور اور شاہد کپور کے بھائی اشان کھیتر کو بھی بڑا بریک دے چکے ہیں۔ ان کے علاوہ فلم ساز سجوئے گھوش بھی چاہتے ہیں کہ وہ سہانا خان کو بریک دیں۔

شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے سے متعلق سہانا خان کہتی ہیں، ’’میں کسی ایک ایسے لمحے کی نشاندہی نہیں کرسکتی جس میں، میں نے شوبز انڈسٹری میں آنے کا فیصلہ کیا ہو۔ میں بچپن سے ہی ساری ڈرامے بازی، لہجے اور چہرے کے تاثرات کا اظہار کرتی رہی ہوں۔ تاہم میرے والدین میرے بارے میں اس وقت سنجیدہ ہوئے، جب انھوں نے پہلی بار اسکول میں مجھے پرفارم کرتے دیکھا‘‘۔ تاہم شروع سے ہی شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی پر واضح کردیا تھا کہ وہ انھیں لانچ پیڈ دینے والے نہیں ہیں، اس کے لیے انھیں خود ہی محنت کرنا پڑے گی۔ کچھ عرصہ پہلے اس سلسلے میں جب شاہ رخ سے سوال کیا گیا، تو ان کا کہنا تھا،’’سہانا اس لیے محنت نہیں کررہی کہ کوئی اس کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی فلم میں لے لے۔ وہ اس لیے محنت کررہی ہے تاکہ اچھی اداکارہ بن سکے۔ میں اسے بتاتا رہتا ہوں کہ خود کو اسٹار کے طور پر ڈیزائن مت کرے، میں چاہتا ہوں کہ وہ عملی زندگی میں اس وقت قدم رکھے جب وہ اچھی اداکارہ بن جائے‘‘

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter