فلسطینی اتھارٹی کے لیے ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کی امدادکا اعلان، فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی نفی پرمبنی کوئی امن فارمولا قبول نہیں کریں گے، عرب لیگ

22 اپریل, 2019

قاہرہ۔ 22 اپریل – مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے عرب لیگ کے وزراءخارجہ اجلاس میں اس بات پراتفاق کیاگیا ہے کہ فلسطینیوں کے حق خود اردایت کی نفی اورآزاد فلسطینی ریاست سے انکار پرمبنی کوئی بھی امن فارمولا قبول نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پرعرب ممالک نے تیونس میں ہونے والے عرب سربراہ اجلاس کے فیصلوں پرعمل درآمد کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی کے بجٹ میں مدد کے لیے ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔. گزشتہ روزغیرمعمولی اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ وزراء خارجہ اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پرتفصیلی غور کیاگیا۔ اس کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی کے سیاسی روڈ میپ اور اسے درپیش مالی بحران کے حل پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس کی صدارت صومالیہ نے کی جب کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمودعباس بھی موجود تھے۔اجلاس میں مسئلہ فلسطین 2002ء میں عرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ امن روڈ میپ کی روشنی اورزمین برائے امن کے اصول کے تحت بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا گیا۔اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ عرب ممالک ایسا کوئی بھی امن منصوبہ قبول نہیں کریں گے جس میں فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم نہ کیا جائے۔اجلاس میں آزاد فلسطینی ریاست کے لیے اسرائیل سے چار جون 1967ءسے پہلے والی پوزیشن پر واپس جانے، مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا صدر مقام تسلیم کرنے، فلسیطنی پناہ گزینوں کی واپسی اورانہیں معاوضہ ادا کرنے اور تمام فلسطینی اسیران کی فوری رہائی پر زوردیا گیا۔عرب وزراءخارجہ نے صدر محمود عباس کی طرف سے 2018ءمیں عرب لیگ میں پیش کردہ منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اجلاس میں القدس کے تحفظ اور اسے فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بناتے ہوئے شہر کی عرب، اسلامی ، تاریخی اور قانونی تشخص کی بقاءکے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلانے پر زوردیا گیا۔ اجلاس میں القدس پراسرائیلی ریاست کے استعماری منصوبوں اور القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے اعلانات اوراقدامات کو بھی مستردکردیا۔ اجلاس میں شام کے مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اعلانات کو مسترد کردیا اورکہا کہ عرب ممالک وادی گولان کواسرائیلی ریاست میں ضم کرنے کی تمام سازشوں کی مخالفت کرتے رہیں گے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter