ابناء جامعہ سراج العلوم السلفیہ کی عبوری کمیٹی تشکیل، مولانا أبرار حنيف مدني صدر اور مولانا مشهود خان ناظم مقرر

24 نومبر, 2026

جھنڈا نگر، نیپال: جامعہ سراج العلوم السلفیہ، کرشنا نگر جھنڈا نگر نیپال کے فارغین کو ایک مضبوط، منظم اور فعال پلیٹ فارم پر جمع کرنے، ان کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانے اور جامعہ کے علمی، دعوتی و تربیتی مشن کو مزید وسعت دینے کی سمت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں ابناء جامعہ کی ایک سالہ عبوری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کے ذریعے ملک نیپال کے مختلف علاقوں اور بیرون ملک مقیم جامعہ کے فرزندان کو ایک مشترکہ تنظیمی نظام سے مربوط کرنے کا عزم کیا گیا ہے۔

جامعہ میں حال ہی میں منعقدہ فارغین جامعہ کی ایک خصوصی نشست میں باہمی اتفاق رائے سے ابناء جامعہ کے عہدیداران اور اراکین کا انتخاب عمل میں آیا۔ جاری کردہ فہرست کے مطابق جامعہ کے ناظم اعلیٰ فضیلۃ الشیخ شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ کو کمیٹی کا سرپرست مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مولانا ابرار احمد محمد حنیف مدنی کو صدر، مولانا محمد شعیب مدنی کو نائب صدر، نائب صدر مولانا محمد نسیم مدنی مولانا مشہود خاں نیپالی کو ناظم، مولانا شوکت علی ریاضی کو نائب ناظم،مولانا صادق سراجی کو نائب ناظم مولانا عبدالمبین مدنی کو محاسب اور مولانا محمد زبیر سراجی کو خازن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد علماء کو مجلس عاملہ کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر فضیلۃ الشیخ مولانا شمیم احمد ندوی حفظہ اللہ نے ابناء جامعہ کے اتحاد، باہمی تعلق اور مادر علمی سے مضبوط وابستگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جامعہ کے تمام فارغین اپنی علمی، دعوتی اور سماجی ذمہ داریوں کے ساتھ اس اجتماعی پلیٹ فارم کو بھی اہمیت دیں گے۔ ان کے مطابق فارغین کسی بھی تعلیمی ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کے درمیان مضبوط رابطہ، باہمی تعاون اور یکجہتی ادارے کے علمی و دعوتی مشن کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس اجتماعی کوشش کو اخلاص، نظم و ضبط، مشاورت اور باہمی تعاون کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نو منتخب صدر مولانا ابرار احمد محمد حنیف مدنی نے اس تنظیمی پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تمام ابناء جامعہ اپنے اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے اس پلیٹ فارم کو مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے باہمی محبت، اتحاد، مشاورت اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام ذمہ داران باہمی تعاون کے ساتھ تنظیم کے مقاصد کو عملی شکل دینے اور فارغین جامعہ کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

نومنتخب ناظم مولانا مشہود خاں نیپالی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ابناء جامعہ کی یہ تنظیم محض عہدیداران کے انتخاب یا ایک کمیٹی کی تشکیل تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ اس کا اصل مقصد جامعہ کے ہر فرزند کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور ایک ایسا مضبوط رابطہ نظام قائم کرنا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی فارغ نظر انداز نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ کا کوئی بھی فرزند دنیا کے کسی بھی خطے میں مقیم ہو، وہ اس اجتماعی نظام سے محروم نہ رہے۔ ان شاء اللہ ہم ہر فرزند جامعہ تک پہنچنے، اس سے رابطہ قائم کرنے اور اسے اس مشن کا حصہ بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنظیم کو صرف مرکزی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے نیپال کے تمام صوبوں اور اضلاع میں اس کا منظم نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ اسی طرح دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم جامعہ کے فارغین کو بھی باقاعدہ تنظیمی ڈھانچے کے تحت مربوط کرنے کی کوشش ہوگی۔ ان کے بقول جامعہ کے فرزندان جہاں کہیں بھی موجود ہیں، وہ سب ایک ہی علمی و تربیتی خانوادے کا حصہ ہیں؛ ان کے درمیان فاصلے ختم کرنا، رابطوں کو مضبوط بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو اجتماعی مقاصد کے لیے بروئے کار لانا اس تنظیم کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہوگا۔

مولانا مشہود خاں نیپالی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ پلیٹ فارم ابناء جامعہ کے درمیان محبت، اخوت، اتحاد، باہمی تعاون اور مشاورت کو فروغ دینے کے ساتھ ان کی علمی، دعوتی، سماجی اور ملی خدمات کو مربوط کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے تمام فارغین سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماعی کوشش کو اپنی تنظیم سمجھتے ہوئے اس کی کامیابی میں بھرپور تعاون کریں، اپنے رابطہ نمبر اور موجودہ رہائشی علاقے سے متعلق معلومات فراہم کریں اور اپنے دیگر ہم درس و رفقائے جامعہ کو بھی اس تنظیمی نظام سے جوڑنے میں تعاون کریں۔

اسی سلسلے میں ان شاء اللہ جلد ہی ناظم اعلیٰ جامعہ و سرپرست کمیٹی کی صدارت میں نومنتخب عہدیداران کی ایک اہم نشست جامعہ کمپلیکس میں منعقد ہوگی، جس میں تنظیم کے آئندہ لائحہ عمل، تنظیمی ڈھانچے، ذمہ داریوں کی تقسیم، صوبائی و ضلعی سطح پر نیٹ ورک کے قیام اور مستقبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کا اصل سرمایہ اس کے فارغین ہوتے ہیں۔ ان کی علمی و عملی کامیابیاں، دینی و دعوتی خدمات اور معاشرے میں مثبت کردار مادر علمی کے لیے باعث افتخار ہوتے ہیں۔ ابناء جامعہ کا یہ پلیٹ فارم اسی علمی و تربیتی رشتے کو مزید مستحکم کرنے، فارغین کی صلاحیتوں کو یکجا کرنے اور انہیں ایک مشترکہ مقصد کے تحت متحد کرنے کی مخلصانہ کوشش ہے۔

امید ہے کہ تمام ابناء جامعہ کے باہمی تعاون، محبت، اتحاد، اخلاص اور مسلسل جدوجہد سے یہ تنظیم نیپال میں ایک مضبوط، فعال اور باوقار شناخت قائم کرے گی اور مستقبل میں بیرون ملک مقیم فرزندان جامعہ کے لیے بھی ایک مؤثر رابطہ پلیٹ فارم بن کر ابھرے گی۔اسی طرح سے ممبران میں مولانا صلاح الدین سراجی مولانا ہارون رشید سراجی مولانا مظفر علی مدنی مولانا کلام الدين مدنی مولانا ذاکر حسین سراجی مولانا نیاز احمد سراجی مولانا ضیاء الدین سراجی مولانا ندیم انور خان سراجی مولانا تاج الدین سراجی مولانا انیس الرحمن مدنی مولانا محمد جرجیس سراجی اٹاوہ ڈاکٹر عبداللہ فیصل شامل ہیں

اللہ تعالیٰ اس مخلصانہ کوشش کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے، تمام ذمہ داران کو اخلاص، اتحاد، استقامت اور خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جامعہ کے تمام فرزندان کو دین، ملت، معاشرے اور اپنے مادر علمی کے لیے نفع بخش بنائے۔ آمین یا رب العالمین۔

مولانا مشهود خان نیپالی

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter