کاٹھمانڈو /کیئر خبر
بھکت پور نگر پالیکا ؛ مکھیا پٹی مسہرنیا گاؤں پالیکا کنچن پور نگر پالیکا سمیت نے علاقے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو ایک اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے اتوار کے دن بھی باقاعدہ تدریسی عمل جاری رکھنے اور فوری طور پرتعلیمی سلسلہ شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس فیصلے کو تعلیمی بہتری اور طلبہ کے روشن مستقبل کی جانب ایک مثبت اور دور رس اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ اس اعلان کے بعد سینکڑوں نگر پالیکا اور گاؤں پالیکا نے اتوار کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لیے ہدایت نامہ جاری کرنے کی تیاری کر لی ہے۔
گاؤں کاریاپالیکا کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام کمیونٹی اور ادارہ جاتی اسکول داخلہ مہم کے ساتھ ساتھ بلا تاخیر باقاعدہ کلاسز کا آغاز کریں تاکہ تعلیمی سال کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو اور طلبہ کو مسلسل تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
اعلامیے میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ شکشا تتھا مانو سروت وکاس کیندر کی ہدایات کے مطابق 15 ویں بیساکھ سے داخلہ مہم شروع کرنے اور 21 ویں بیساکھ سے تدریسی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کیا جا چکا تھا۔ تاہم، مقامی حکومت کو بنیادی و ثانوی تعلیم کے انتظام و انصرام کا مکمل اختیار حاصل ہونے کے پیش نظر، تمام اسکولوں کو بروقت تدریس شروع کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔
حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر نصابی کتب کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر پیش آئے تو اسکول انتظامیہ متبادل ذرائع اختیار کرتے ہوئے تعلیمی سلسلے کو متاثر نہ ہونے دیں، تاکہ طلبہ کی تعلیمی رفتار برقرار رہے۔
گاؤں/ نگر پالیکا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اب تمام اسکول اتوار سے جمعہ تک باقاعدگی کے ساتھ کھلے رہیں گے، جس سے نہ صرف تعلیمی نظم و ضبط مضبوط ہوگا بلکہ طلبہ میں مستقل مزاجی اور علم سے وابستگی کو بھی فروغ ملے گا۔
یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ مقامی انتظامیہ تعلیمی میدان میں بہتری، تسلسل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور فعال کردار ادا کر رہی ہے، جو یقیناً ایک باشعور اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تشکیل میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
آپ کی راۓ