کلية الإمام ابن القيم کولہوئی بازار میں طلبہ کا سالانہ انجمن کامیابی سے اختتام پذیر

30 دسمبر, 2025
کلية الإمام ابن القيم کولہوئی بازار میں طلبہ کا سالانہ انجمن کامیابی سے اختتام پذیر

مہراج گنج: امسال بھی روایات کے مطابق، ندوۃ الطلبہ کا سالانہ انجمن، کلیۃ الإمام ابن القيم (الدار السلفیہ) کے زیرِ اہتمام، 27 دسمبر بروز ہفتہ نہایت شاندار اور علمی ماحول میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی علمی مہارت، فکری استعداد اور لسانی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

 

انجمن پانچ زمروں پر مشتمل تھی۔ دو زمرے اردو تقریری مقابلے کے لیے مخصوص تھے، جن میں پہلا مقابلہ درجہ پنجم و جماعت ادنیٰ اور حفظ کے طلبہ کے درمیان ہوا، جبکہ دوسرا مقابلہ جماعت اولی و ثانیہ اور جماعت ثالثہ و رابعہ کے درمیان منعقد ہوا۔ باقی تین زمرے عربی، انگریزی اور ہندی زبان میں تقریری مقابلوں پر مشتمل تھے۔

 

ان مقابلوں کی نظامت انجمن کے ذمہ دار طلبہ نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ مختلف نشستوں میں طلبہ نے اہم اور فکر انگیز موضوعات پر مدلل اور پُر اثر تقاریر پیش کیں، جنہیں سامعین نے بے حد سراہا۔

 

ان مقابلوں کے لیے مختلف علاقوں کے معزز علماء و فضلاء نے بطور حاکمِ عمل شرکت کی، جن میں مولانا عبدالحق منگل پوری، مولانا اکبر مدنی، مولانا احسان احمد سلفی، رفیق احمد صاحب اور ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب شامل تھے۔

 

آخری نشست میں مولانا اکبر مدنی اور کلیۃ الإمام ابن القيم کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالرؤف اثری نے طلبہ سے پر مغز خطاب کیا۔ اختتامی تقریب میں مربی انجمن، مولانا حامد عبدالمنان سلفی نے کہا:

"یہ پروگرام محض سالانہ سرگرمی نہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی کا ایک مربوط نظام ہے۔ اس نوعیت کی مسابقاتی انجمنیں طلبہ کی خود اعتمادی، فکری نشوونما اور خطابت کی صلاحیت کو نکھارتی اور جلا بخشتی ہیں، اس لیے طلبہ کو چاہیے کہ ایسے علمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔”

 

اس کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے تمام مہمانان کرام، حکم صاحبان، اساتذہ، طلبہ اور حاضرین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ فائزین اور تمام مشارکین کو عنقریب قیمتی انعامات سے نوازا جائے گا۔

 

پروگرام کی رونق بڑھانے کے لیے مولانا ابوالکلام قاسمی نے خصوصی شرکت کی اور طلبہ کو دعاؤں سے نوازا۔

 

اس کامیاب اور یادگار پروگرام کے انعقاد میں کلیۃ الإمام ابن القيم کے اساتذہ کرام: مولانا ابو الکلام احمد ربانی، مولانا حامد عبدالمنان سلفی، مولانا صغیر احمد سلفی، مولانا سلمان احمد عالیاوی، مولانا عبدالرحمن عالیاوی، مولانا عبدالمنان فیضی، مولانا جاوید احمد سراجی، حافظ عبدالرحیم زیدی، قاری سمیع اللہ جامعی، ماسٹر زبیر اطہر، ماسٹر شعیب اطہر اور ماسٹر افضال احمد نے نمایاں کردار ادا کیا۔ طلبہ میں سے بعض نے بھی اپنی جانفشانی اور اخلاص کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

 

اللہ تعالیٰ سب کی کوششوں کو قبول فرمائے اور اجر عظیم عطا کرے۔ آمین۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter