مکہ مکرمہ – حفظ قرآن کریم، تلاوت، تجوید اور علوم قرآن کے فروغ کے لیے منعقد ہونے والے 46ویں بین الاقوامی مسابقہ ملک عبدالعزیز کے شاندار نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے حفاظ و حافظات قرآن نے اس عالمی قرآنی مقابلے میں شرکت کی اور اپنی بہترین قرآنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اس عظیم مسابقے کا مقصد محض منافست کی روح پھونکنا نہیں بلکہ کتاب اللہ سے نئی نسل کے تعلق کو مضبوط کرنا، حفظ قرآن کی حوصلہ افزائی کرنا، تلاوت و تجوید کے اعلی معیار کو فروغ دینا، قرآن کریم کے معانی و مفردات سے آگاہی پیدا کرنا اور دنیا بھر کے مسلمانوں میں قرآن کی محبت و تعظیم کو عام کرنا ہے۔ یہ مسابقہ ان خوش نصیب نوجوانوں کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے جو اپنے سینوں میں کلام الہی محفوظ کیے ہوئے ہیں، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ قرآن کے علم و عمل کو آگے منتقل کرنے کے لیے تیار ہوں۔
بنیادی طور پر یہ مسابقہ پانچ زمروں پر مشتمل تھا۔ پہلے زمرے میں مکمل قرآن کریم حفظ کرنے کے ساتھ روایت شاطبیہ کے مطابق حسن اداء اور تجوید کو معیار بنایا گیا۔ بنین کے زمرے میں عبدالرحمن بن مختار بن احمد محمد نے سعودی عرب کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین میں جمانة شراطيبة نے الجزائر کی جانب سے اول پوزیشن حاصل کی۔
دوسرے زمرے میں مکمل قرآن کریم کے حفظ، حسن اداء، تجوید اور مفردات قرآن کی تشریح کا مقابلہ ہوا۔ بنین میں عمر بن عبدالله بن حمد الصبيح نے سعودی عرب سے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ خواتین میں مريم حلم زمي إبراهيم نے نائجیریا کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کیا۔
تیسرے زمرے میں بنین کی پہلی پوزیشن ناجي عطية ناجي بن سليمان نے لیبیا سے اور خواتین کی پہلی پوزیشن صفاء ايمان بن يحيى نے الجزائر سے حاصل کی۔ چوتھے زمرے میں مسلسل پندرہ پارے حفظ کرنے کے مقابلے میں بنین میں محمد زكريا نے بنگلہ دیش سے اور خواتین میں فين جي مون نے میانمار سے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پانچویں زمرے میں مسلسل پانچ پارے حفظ کرنے کے مقابلے میں بنین میں ثورا تاونج نے میانمار سے اور خواتین میں فانوميزاتسو فريده رانجاباكا نے مدغاسکر سے اول پوزیشن حاصل کی۔
مجموعی طور پر 50 نمایاں قرآنی متسابقین نے پانچوں شعبوں میں پہلی پانچ پوزیشنیں حاصل کیں اور انہیں گراں قدر انعامات سے نوازا گیا۔ یہ انعامات قرآن کریم کی خدمت اور حفاظ کلام الہی کی حوصلہ افزائی کے لیے مملکت سعودی عرب کی غیر معمولی توجہ کا مظہر ہیں۔
اس موقع پر حکومت مملکت سعودی عرب، اس کی قیادت اور متعلقہ اداروں کو قرآن کریم کی خدمت، حفظ و تلاوت کے عالمی مسابقات کے انعقاد اور اہل قرآن کی حوصلہ افزائی کے لیے دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ مملکت سعودی عرب نے قرآن کریم کی تعلیم، طباعت، نشر و اشاعت اور حفاظ و قراء کی سرپرستی کے میدان میں جو عظیم خدمات انجام دی ہیں، وہ عالم اسلام کے لیے باعث فخر ہیں۔
خادم حرمین شریفین اور ولی عہد مملکت کی قیادت میں ایسے بابرکت قرآنی پروگراموں کی مسلسل سرپرستی اس بات کی روشن دلیل ہے کہ مملکت سعودی عرب کے دل میں کتاب اللہ اور اہل قرآن کے لیے خصوصی مقام ہے۔ مختلف ممالک سے حفاظ اور حافظات کو ایک عالمی پلیٹ فارم پر جمع کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ایک عظیم دینی خدمت ہے جس کے اثرات نسلوں تک باقی رہیں گے۔
اللہ تعالی مملکت سعودی عرب کو قرآن کریم اور حرمین شریفین کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے، اس کی قیادت کو سلامت رکھے، ملک میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کو قائم و دائم فرمائے اور اس کی تمام دینی و قرآنی خدمات کو شرف قبول بخشے۔آمین یارب العالمین
آپ کی راۓ