عید الفطر اخوت، محبت، خوشیوں اور بشارتوں کا نام ہے: مولانا عبدالصبور ندوی

عیدالفطر کے موقع پر کاٹھمانڈو کے کھلا منچ میدان میں سیکڑوں فرزنداں توحید و خواتین امت سے خطاب

21 مارچ, 2026

کٹھمنڈو / کئیر خبر

مورخہ ٢١ مارچ ٢٠٢٦ بروز سنیچر  ملک نیپال کے تمام شہروں قصبوں اور مواضعات میں عید الفطر پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی؛ وہیں عیدالفطر کے اس مبارک موقع پر کاٹھمانڈو کے کھلا منچ میدان (نگر پالیکا گراونڈ) میں سیکڑوں فرزنداں توحید و خواتین امت سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الصبور ندوی نے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج خوشی کا دن ہے اللہ کی کبریائی بیان کرنے اور اس کے تشکر کا دن ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک جیسا قیمتی اور اجر ثواب سے بھرپور مہینہ عطا کیا؛ ہم نے عبادتیں کیں تلاوتیں کیں صدقہ وخیرات کئے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کیں۔ اللہ سے ہم انکی قبولیت کے لئے آج دست بدعا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید الفطر امت میں ہم آہنگی  و بھائی چارہ کو فروغ دینے، ایمانی رشتوں کو مضبوط کرنے اور معمول کے طرز زندگی کو بدلنے کا نام ہے؛ الله سے اپنا رشتہ مضبوط کرنے کا نام عید الفطر ہے ؛ گناہوں سے تائب ہو کر نیکیوں بھری زندگی گزارنے کے عہد کا نام ہے عید؛

انہوں نے خطاب کے دوران کہا کہ عید پر بھی ہمارے دل غزہ اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے غمگین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاد حرمین شریفین و دیگر مسلم ممالک صہیونی سازشوں کے نرغے میں ہے اور زبردستی پورے خطے پر جنگ مسلّط کی جارہی ہے –

 

انہوں نے خواتین سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے آپ کو مردوں کے برابر اور مساوی حیثیت دی ہے آپ کو اسلام نے جو حقوق دیے ہیں وہ دیگر مذاہب نہیں دے سکے آپ کی عزت اور وقار محفوظ کر دی گئی ہیں؛ کوئی اس سے کھلواڑ نہیں کرسکتا – مزید آپ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری حدیث کو اپنے سینوں میں محفوظ رکھنے کے درخواست کی جس میں گھریلو مسائل کا حل مضمر ہے۔ جو خاتون پنج وقتہ نمازوں کی پابند ہو ماہ رمضان کے روزے رکھے اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے اپنے شوہر کی فرمانبرداری کرے ایسی مسلمان خاتون سے کہا جائے گا کہ تم جنت میں جس دروازے سے چاہو داخل ہو جاؤ۔ ہماری ماؤں اور بہنوں کے لئے اس حدیث میں عظیم خوشخبری ہے اس لیے اپنے دامن میں ان    خوشخبریوں کو سمیٹ لینا چاہیے۔اس موقع پر آیڈیل خواتین جنت کا ذکر کیا گیا خاص طور پر فرعون کی بیوی آسیہ کو آئیڈیل بنانے کی ترغیب دی گئی جنہوں نے سخت حالات میں بھی الله پر اپنے ایمان و اعتقاد کو متزلزل نہیں ہونے دیا 

خطبہ کے اخیر میں مولانا نے خصوصی دعا کرائی جس میں اعمال کی قبولیت؛ ملک وملت کی فلاح و بہبودی اور مشرق وسطیٰ میں امن وآشتی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔ بلاد حرمین شریفین و دیگر مسلم ممالک کو دشمنان اسلام کے مکر و دسیسہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کی دعا کی گئی ۔

خطبہ سے قبل دوگانہ عید الفطر مولانا امان اللہ منصور مدنی کی زیر امامت ادا کی گئی-

دوگانہ عید الفطر کی ادائیگی کے لیے سپریم کورٹ کے جج عبد العزیز؛ سابق وزیر اقبال احمد شاہ؛ نیپال حج کمیٹی کے صدر مختار احمد و سابق صدر اسرا ملا میاں؛ ڈاکٹر ابو الحسین انصاری؛ ڈاکٹر عبد المبین ثاقب؛ مولانا محمد عقیل سلفی؛ أنور على شاه، عزیز الرحمن تربت مدنی؛ ابو الکلام آزاد مدنی؛ محمد اقبال سلفی؛ سماجی کارکن و عیدین کمیٹی کے صدر  محمد احمد پپو خان؛ محمد مبین خان؛ مظفر مدنی؛نور محمد میاں؛ عبدالجبار؛ حاجی عبد العزیز ؛ قمر الکاتب؛ فوزان فاطمی عبد الکریم ازہری؛ سمیت دیگر معززین شریک تھے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter