بیرگنج میں نیپالی فوج کا بروقت خصوصی آپریشن: 9 سوتلی بم برآمد، 3 مشتبہ افراد گرفتار، سازش ناکام

۔مولانا مشہود خاں نیپالی

4 مارچ, 2026

بیرگنج- عام انتخابات کو پرامن، شفاف اور خوف سے پاک ماحول میں منعقد کرانے کے عزم کے تحت نیپالی فوج نے ویرگنج میں ایک مؤثر اور ہدفی سرچ آپریشن کے دوران 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ایک ممکنہ تخریبی منصوبہ ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی حکام نے اس کارروائی کو انتخابی سلامتی کے حوالے سے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ رات تقریباً 2 بجے شری جنگ کیمپ بيرگنج کی قیادت میں ویرگنج مہانگرپالیکا کے وارڈ نمبر 16، انرووا کے علاقے میں خصوصی تلاشی مہم چلائی گئی۔ آپریشن کے دوران ایسے افراد کو حراست میں لیا گیا جن پر مذہبی منافرت بھڑکانے اور انتخابی ماحول کو خراب کرنے کی منصوبہ بندی کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

گرفتار ہونے والوں کی شناخت کرشن یادو، روہیت پٹیل اور اوجیت یادو (رہائشی ویرگنج 16) کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کے قبضے سے 9 عدد سوتلی بم، 2 موبائل فون، 1 پاور بینک، 1 چارجر، سفید رنگ کی 5 تاریں اور ایک سور کا سر برآمد ہوا ہے۔ شری جنگ کیمپ کے اپ سینیانی وکاس مراہٹا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سامان انتخابی ایام میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور بدامنی پھیلانے کے مقصد سے استعمال کیا جا سکتا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی نے ایک ممکنہ بڑے سانحے کو ٹال دیا اور شہر کے امن و امان کو محفوظ بنا دیا۔ اپ سینیانی مراہٹا نے واضح کیا کہ انتخابی مدت کے دوران فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے مکمل چوکسی اور ہمہ وقت نگرانی پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمی کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔

گرفتار شدگان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کے موقع پر امن، بھائی چارہ اور قانون کی حکمرانی برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ریاست ہر قیمت پر عوام کے اعتماد اور سلامتی کو یقینی بنائے گی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter