جامعہ عربیہ دارالعلوم رانی بن، کاٹھمنڈو میں سالانہ اجلاس عام ودستار بندی اختتام پذیر

1 فروری, 2026

کٹھمنڈو / کیر خبر

مورخہ ٧ رجب ١٤٤٧ھ، بمطابق ١٧ جنوری ٢٠٢٦ء، بروز ہفتہ، جامعہ عربیہ دارالعلوم رانی بن، کاٹھمنڈو کی چہار دیواری میں سالانہ عظیم الشان جلسۂ دستار بندی نہایت شان و شوکت، نظم و ضبط اور روحانی فضا میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کاٹھمنڈو اور اطراف و اکناف کے جید علماء کرام، ائمۂ عظام، معزز مہمانانِ گرامی اور بزرگانِ دین کی بڑی تعداد نے شرکت فرمائی۔
پروگرام کی نظامت جامعہ کے شعبۂ عربی کے استاذ مولانا تصور حسین صاحب قاسمی نے فرمائی۔ آپ نے تمہیدی کلمات کے بعد جلسہ میں تشریف لانے والے تمام معزز حاضرین و سامعین کا پُرخلوص شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں تلاوتِ کلامِ پاک، حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے جلسہ کا نہایت بابرکت اور قابلِ رشک آغاز ہوا۔
اس کے بعد جامعہ کے طلبہ نے مختلف علمی، فکری اور تقریری پروگرام پیش کیے، جنہوں نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ اسی سلسلے میں اسلام میں عورتوں کے حقوق اور ردِّ قادیانیت کے موضوعات پر دو تربیتی و اصلاحی مکالمے بھی پیش کیے گئے، جو علمی اعتبار سے نہایت مؤثر ثابت ہوئے۔
جامعہ کے طلبہ کی جانب سے بہترین انداز میں قومی ترانہ (راشٹریہ ترانہ) کی پیشکش، ٹیک ونڈو کی نمائشی جھلک، اور مختلف کھیلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے مابین میڈلز کی تقسیم عمل میں آئی، جس سے پروگرام میں مزید رونق اور تنوع پیدا ہوا۔
جامعہ کے شعبۂ عصری کے استاذ محترم ماسٹر بلال خان صاحب نے نیپالی زبان میں جامعہ کا تعارف پیش کرتے ہوئے حاضرین کی شرکت پر شکریہ ادا کیا، جبکہ جامعہ کے ایک طالب علم کی نیپالی زبان میں تقریر نے سامعین کو خوب متاثر کیا۔ اسی طرح شعبۂ عصری کے دوسرے مایہ ناز استاذ محترم ماسٹر طلحہ صاحب نے انگریزی زبان میں جامعہ کا تعارف پیش کیا، اور ایک طالب علم کی انگریزی تقریر بھی سامعین کی توجہ کا مرکز بنی۔
مزید برآں، مسلم آیوگ کے چیر پرسن  جناب محمد الدین صاحب اور محترم جناب شمس الحق صاحب نے نیپالی زبان میں اپنے قیمتی تاثرات پیش کیے، جن میں جامعہ کی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
جلسہ کی دوسری نشست کی نظامت جامعہ کے صدر المدرسین و ناظمِ تعلیمات مولانا عزیز الرحمن صاحب اشاعتی نے نہایت منظم، پُراثر اور باوقار انداز میں فرمائی۔ مختلف زبانوں میں طلبہ کی تقاریر اور تشریف لائے ہوئے علماء کرام کے تاثراتی بیانات حاضرین کے لیے نہایت حوصلہ افزا اور رہنماء ثابت ہوئے۔
خصوصی طور پر
مفتی مبارک حسین صاحب (صدر مفتی و استاذ، دارالعلوم الاسلامیہ، بستی، یوپی)،
محترم جناب ڈاکٹر منظور صاحب مدنی (سکریٹری، جمعیت علماء اہل حدیث)،
مفتی شہید الاسلام صاحب قاسمی (مفتی دارالافتاء و القضاء، نیپالی جامع مسجد، کاٹھمنڈو)،
مولانا صدام حسین صاحب ندوی (امام و خطیب، نیپالی جامع مسجد، کاٹھمنڈو)،
مفتی اسامہ صاحب (امام و خطیب، مسجد ابوبکر، اورنگ آباد، بلند شہر، یوپی)،
اور مفتی علاء الدین صاحب (سابق استاذ، دارالعلوم الاسلامیہ، بستی، یوپی)
کے بصیرت افروز بیانات نے سامعین کے قلوب و اذہان کو جِلا بخشی۔
اس مرحلہ کے بعد مہتممِ جامعہ، قاضی و مفتی ابوبکر صدیق صاحب قاسمی نے جامعہ کی سات سالہ مختصر مگر جامع اور نہایت مؤثر رپورٹ پیش کی، جس میں جامعہ کی تعلیمی، تربیتی، دعوتی اور اصلاحی خدمات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
رپورٹ کے بعد جامعہ کے طلبہ کی جانب سے جامعہ کے تعارف اور خدمات پر مشتمل ایک پُراثر نظم پیش کی گئی، جس نے حاضرین کے دلوں میں ادارے سے محبت، عقیدت اور وابستگی کے جذبات کو تازہ کر دیا۔
اس کے بعد جلسہ کا مرکزی، بابرکت اور نہایت پُروقار مرحلہ، دستار بندی منعقد ہوا۔ اس موقع پر جامعہ کے شعبۂ تجوید و قراءت سے سات باسعید قرّاء کرام اور شعبۂ حفظ سے چھ باتوفیق حفاظِ کرام کی دستار بندی عمل میں آئی۔ یہ منظر نہایت روح پرور، پُرہیبت اور ایمان افروز تھا، جسے حاضرین نے عقیدت، محبت اور دعاؤں کے ساتھ دیکھا۔
دستار بندی کے بعد صدرِ جلسہ نمونہ اسلاف حضرت مولانا و مفتی مقصود صاحب – حفظہ اللہ – استاذ حدیث خادم الاسلام ہاپوڑ ، یوپی ، خلیفہ و مجاز حضرت مولانا محمد طلحہ صاحب کاندھلوی و حضرت مولانا و قاری امیر حسن صاحب کا بصیرت افروز، فکر انگیز اور ایمان افروز خطاب ہوا، جس نے پورے پروگرام کو فکری و روحانی اعتبار سے ایک شاندار حسنِ اختتام عطا کیا۔
نوٹ: واضح رہے کہ سالانہ اجلاس سے ایک دن قبل دارالعلوم رانی بن کی نئی زمین پر اکابر علماء اور کاٹھمنڈو کے بااثر افراد کے ہاتھوں مدرسہ کی مسجد کی سنگِ بنیاد رکھی گئی۔ ان شاء اللہ اس کے تعمیراتی منصوبے بھی مرحلہ وار پایۂ تکمیل کو پہنچیں گے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter