کلیہ امام ابنِ قیم، کولہوئی بازار، مہراج گنج میں یومِ جمہوریہ پورے جوش و خروش سے منایا گیا

31 جنوری, 2026

یومِ جمہوریہ ہمیں آئینِ ہند کی اہمیت، انصاف، مساوات، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے” — مولانا حامد عبدالمنان سلفی

مہراج گنج | 26 جنوری 2026ء (بروز سوموار)

یومِ جمہوریہ کے پُرمسرت موقع پر کلیہ امام ابنِ قیم الدارالسلفیہ، کولہوئی بازار، مہراج گنج (اتر پردیش) کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں یومِ جمہوریہ نہایت وقار، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

اس باوقار تقریب کی صدارت کلیہ امام ابنِ قیم کے ناظمِ اعلیٰ، اقراء انٹر کالج ببھنی کے پرنسپل اور جمعیت اہلِ حدیث ضلع مہراج گنج کے ناظمِ اعلیٰ مولانا عبدالرؤف اثری نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا سلمان احمد عالیاوی نے خوش اسلوبی اور مہارت کے ساتھ انجام دیے۔

تقریب کا آغاز صبح دس بجے مولانا عبدالرؤف اثری، ڈاکٹر شفیق احمد خان اور اقبال خان کے ہاتھوں پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد پورے جوش و جذبے کے ساتھ قومی ترانہ پڑھا گیا۔

بعد ازاں ناظمِ کلیہ نے صدارتی و کلیدی خطاب فرمایا، جس میں انہوں نے یومِ جمہوریہ کی تاریخی اہمیت، آئینِ ہند کی افادیت اور ذمہ دار شہری بننے کی ضرورت پر جامع اور فکر انگیز نکات پیش کیے، اور حاضرین کو بیداریِ فکر و شعور کا پیغام دیا۔

اس موقع پر کلیہ کے تقریباً بیس طلبہ نے تلاوتِ کلامِ پاک، حمد و نعت، ملی و قومی نغمات اور اردو، ہندی و انگریزی زبانوں میں تقاریر پیش کر کے اپنی علمی و فکری صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

تقریب کے اہم مرحلے میں کلیہ کے استاد مولانا حامد عبدالمنان سلفی نے نہایت مؤثر، جامع اور ولولہ انگیز خطاب فرمایا۔ انہوں نے آزادی کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی آزادی میں تمام طبقات کی قربانیاں شامل ہیں، خصوصاً مسلمانوں کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرتے ہوئے آئینِ ہند کی حفاظت کو اپنا قومی فریضہ سمجھنا چاہیے۔

مولانا نے اس بات پر زور دیا کہ فرقہ واریت، نفرت اور انتشار نہ صرف ملکی وحدت کے لیے نقصان دہ ہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے بھی سراسر منافی ہیں۔ اسلام ہمیں جوڑنے، سنوارنے اور اصلاح کا پیغام دیتا ہے، لہٰذا ہمیں اتحاد، امن اور بھائی چارے کے راستے پر چلنا چاہیے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ آئینِ ہند نے تمام شہریوں کو مذہبی آزادی، مساوات اور انسانی وقار کا حق عطا کیا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اچھے شہری بن کر ملک و ملت کی خدمت کریں اور تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق و کردار کو بھی اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنائیں۔

خطاب کے بعد صدرِ مدرس مولانا صغیر احمد سلفی نے نہایت پرمغز اور ولولہ انگیز گفتگو فرمائی۔ بعد ازاں مولانا احسان سلفی نے طلبہ سے پانچ معلوماتی سوالات کیے، جن کے درست جوابات دینے والے طلبہ کو حوصلہ افزائی کے طور پر فی طالب علم ایک سو روپے نقد انعام دیا گیا۔

تقریب میں کلیہ کے تمام اساتذۂ کرام بشمول:

مولانا ابوالکلام قاسمی، مولانا ابو الکلام احمد ربانی، مولانا حامد عبدالمنان سلفی، مولانا صغیر احمد سلفی، مولانا سلمان احمد عالیاوی، مولانا عبدالرحمن عالیاوی، مولانا عبدالمنان فیضی، مولانا جاوید احمد سراجی، حافظ عبدالرحیم زیدی، حافظ سمیع اللہ جامعی، ماسٹر زبیر اطہر، ماسٹر شعیب اطہر، ماسٹر افضال احمد وغیرہ موجود رہے۔

علاوہ ازیں قرب و جوار کی معزز اور سرکردہ شخصیات میں ڈاکٹر شفیق احمد خان، اقبال خان، مولانا احسان سلفی، ڈائنامائٹ کے نمائندہ صحافی عمران خان، ارشاد خان، اسلم خان، مولانا نور محمد، ہاشم رضا، ڈاکٹر شمشاد، نیتا شجاع الدین، واجد علی، شاذ صاحب، محمد قاسم، آصف صاحب اور عارف صاحب نے شرکت کر کے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔

آخر میں ملک عزیز کی ترقی، امن، اتحاد اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter