ایرانی صدر ابراہیم رئیسی كا ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال

20 مئی, 2024

طهران/ ايجنسى

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ایران کے صوبے مشرقی آذربائیجان میں ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹرکو حادثہ پیش آیا ہے۔

ایرانی میڈیا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

تہران ٹائمز کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی، مشرقی آذربائیجان میں ایرانی سپریم لیڈر کے نمائندے محمد علی بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

صدارتی محافظوں کے سربراہ مہدی موسوی بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

ہیلی کاپٹر حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا، صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا تھا۔

ایرانی عہدیدار نے صدر رئیسی سمیت تمام مسافروں کی موت کے خدشات کا پہلے ہی اظہار کردیا تھا۔

برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے بتایا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔

لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، شدید دھند اور انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا رہا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرِ خارجہ کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کیا۔

ایک بیان میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اس مشکل وقت میں ایران کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کا ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری تشویش کا اظہار

چین کی وزارت خارجہ نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چین نے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے عملے کی سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہ۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا۔

حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی۔

 

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter