ٹی20 ورلڈ کپ2024: پاکستان اور انڈیا کا میچ 9 جون کو نیویارک میں، ٹکٹوں کی ڈیمانڈ دگنی

24 فروری, 2024
نیو یارک/ ايجنسى
رواں برس جون میں شیڈول آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے کے لیے ٹکٹوں کی ڈیمانڈ آسمان کو چھو رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ میچز کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی قبل از وقت فروخت سے پتا چلا ہے کہ امریکہ میں عوام کو کرکٹ کا کتنا شوق ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ نیو یارک میں شیڈول روایتی حریف پاکستان اور انڈیا کے اس میچ کے لیے ٹکٹوں کے پبلک بیلٹ کو 200 گنا زیادہ سبسکرائب کیا گیا ہے۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
یہ سٹیڈیم ابھی زیرتعیمر ہے تاہم اس میچ کے لیے ابھی سے ہی تمام ٹکٹوں کی فروخت ہونے کی یقین دہانی کی جا رہی ہے۔
رواں برس ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔
یہ امریکہ میں ہونے والا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ ہو گا جس کے 16 میچ لاؤڈرہل، جنوبی فلوریڈا اور ڈیلاس میں کھیلے جائیں گے۔
ٹی20 ورلڈ کپ امریکہ کے چیف ایگزیکیٹو بریٹ جونز نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم نے ٹکٹوں کی فروخت میں شاندار دلچسپی دیکھی۔ بیلٹ کے مرحلے میں دیکھا گیا کہ ٹکٹوں کی بہت زیادہ ڈیمانڈ ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہر ورلڈ کپ میں انڈیا اور پاکستان کا میچ بہت دلچسپی کا حامل ہوتا ہے۔ میرے خیال سے اُن دونوں ممالک کو امریکہ میں آتا دیکھنا بہت خوشگوار ہے۔‘
پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں گروپ مرحلے کے تمام میچ امریکہ میں ہی کھیلیں گی جہاں سٹیڈیمز میں تارکین وطن کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
جہاں منتظمین کو اس بات کی امید ہے کہ وہ امریکی شہریوں میں بھی کرکٹ کا شوق پیدا کریں گے وہیں انہیں اس بات کا بھی علم ہے کہ تارکین وطن کی بڑی تعداد کرکٹ کے جنون میں مبتلا ہے۔
بریٹ جونز اس بارے میں کہتے ہیں کہ ’میرے خیال سے ہم پہلے تو اُن لوگوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع دینا چاہتے ہیں جو پہلے سے ہی کرکٹ کے جنون میں مبتلا ہیں۔ وہ لوگ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو اپنے شہروں میں کھیلتا دیکھنے کے حقدار ہیں۔‘
امریکیوں کو کبھی بھی کرکٹ متاثر نہیں کر سکی جس کے باعث وہ بیس بال کو کرکٹ پر فوقیت دیتے ہیں لیکن ٹی20 فارمیٹ کے ذریعے کرکٹ کو امریکہ میں پذیرائی ملنے کا امکان ہے جس میں 2028 میں لاس اینجلس میں ہونے والی اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت بھی ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شریک آئرلینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقہ، نیدرلینڈز، بنگلہ دیش اور کینیڈا کی ٹیمیں بھی امریکہ میں کھیلیں گی۔
جہاں اس ایونٹ کے لیے جوش و خروش عروج پر ہے، وہیں منتظمین کو اب بھی سٹیڈیمز میں سہولیات اور انفراسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق کرنے پر بھی بہت کام کی ضرورت ہے۔
خیال رہے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ یکم جون سے کھیلا جائے گا جس کے پہلے میچ میں میزبان امریکہ کا مقابلہ کینیڈا سے ڈیلاس میں ہو گا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter