معہد الفرقان انتری بازار کے زیر اہتمام عقیدۂ توحید کے موضوع پر تربیتی اجتماع اختتام پذیر

16 نومبر, 2023

انتری بازار سدھارتھ نگر/ کیئر خبر

ابوالکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے تحت چلنے والے ادارے معہد الفرقان لتحفیظ القرآن الکریم محمودوا گرانٹ انتری بازار میں عقیدۂ توحید کی عظمت اور اس کے منافی امور کے موضوع پر تربیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ کے معروف اور مقتدر علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی صدارت جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر کے استاد، ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کے ناظم اعلیٰ اور ابو الکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے نائب صدر مولانا وصی اللہ مدنی نے کی اور نظامت کے فرائض جامعہ سلفیہ بنارس کے فارغ التحصیل نوجوان عالم حامد عبدالمنان سلفی نے نبھائی۔

پروگرام کا آغاز معھد الفرقان لتحفیظ القرآن الكريم کے طالب علم عزیزم سرفراز احمد کی تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، اس کے بعد معہد الفرقان کے طالب علم یوسف نے حمد باری تعالیٰ پیش کیا اور نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم معہد الفرقان کے استاد حافظ مرشد صاحب نے گنگنائی۔

اس کے بعد باقاعدہ طور سے تربیتی خطابات کا سلسلہ شروع ہوا پہلا خطاب ابو الکلام آزاد ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے ناظم اور جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر کے استاذ مولانا سعود اختر سلفی کا ہوا، آپ نے حاضرین و سامعین اور مہمانوں کا والہانہ استقبال کیا اور ان کی حاضری پر شکریہ ادا کرنے کے بعد عظمت توحید کے موضوع پر شاندار  پر مغز خطاب فرمایا۔ ان کے بعد جماعت کی علمی اور علم عقیدہ کے متخصص مولانا کرم اللہ منصور مدنی نے صحیح اسلامی عقیدہ سے گمراہی کے اسباب کے موضوع پر مفصل خطاب کیا، ان کے بعد جماعت کے نامور صحافی اور قلم کار مولانا عبدالصبور ندوی کا امور غیبیات کے موضع پر مختصر مگر جامع خطاب ہوا۔ بعدہ جامعہ سراج العلوم السلفیہ جھنڈا نگر کے استاد مولانا شفیع اللہ مدنی نے عورتوں میں پائی جانے والی بعض گمراہیوں کی وضاحت بڑے شاندار انداز میں کی۔ اس کے بعد پروگرام کے صدر با وقار مولانا وصی اللہ مدنی نے پر اثر صدارتی خطاب کیا، بعدہ مولانا عبدالصبور ندوی نے سامعین و سامعات سے کچھ سوالات کرائے اور صحیح جواب دینے والوں کو انعام و اکرام سے بھی نوازا ۔ بعدہ مولانا جمشید عالم عبدالسلام سلفی نے پروگرام کے اختتام کا اعلان کرتے ہوئے سامعین کو کتاب و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔

تربیتی پروگرام میں طلبہ وطالبات کے علاوہ قصبہ کے معززین وخواتین ملت کی بڑی تعداد میں شریک تھی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter