بھارتی بولرز نے لنکا ڈھادی;صرف 7 اوورز میں سری لنکا کو شکست، بھارت آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بن گیا

17 ستمبر, 2023

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم سری لنکا کو تر نوالہ بنا کر آٹھویں مرتبہ ایشین چیمپئن بن گئی۔ بھارت نے 51 رنز کا ہدف ساتویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔

کولمبو کے پریماداسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارتی بولرز نے لنکا ڈھادی، فاسٹ بولر محمد سراج قہر بن گئے، پوری سری لنکن ٹیم 16ویں اوور میں 50 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایک میچ قبل پاکستان کے آگے شیر بننے والے سری لنکن بیٹر بھارتی فاسٹ بولرز کے آگے ڈھیر ہوگئے۔

جسپریت بمراہ نے سری لنکا کو پہلا نقصان پہنچایا جہاں اس نے کوشل پریرا کو ایک کے مجموعے پر پویلین کی راہ دکھائی۔

اسکے بعد محمد سراج طوفان کی طرح آئے اور سری لنکن بیٹنگ لائن کا ہرا بھرا کھیت اجاڑ گئے۔

سراج نے 8 کے مجموعے پر سدیرا سمارا وکراما، پاتھم نسانکا اور چریتھ اسالانکا کو آؤٹ کیا۔

12 کے مجموعے پر محمد سراج اننگز میں اپنی 5 وکٹیں مکمل کرچکے تھے جب انہوں نے دھننجیا ڈی سلوا اور داسن شناکا کو پویلین کی راہ دکھائی۔

سری لنکا کا اسکور 33 پر پہنچا تو سراج نے خطرناک دکھائی دینے والے کوشل مینڈس کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی رہی سہی امید پر بھی پانی پھیر دیا۔

ٹیل اینڈرز آنے کے بعد ہادریک پانڈیا نے بھی بولنگ پارٹی انجوائے کی اور 40 کے مجموعے پر دونتھ ویلالاگے کو چلتا کیا جبکہ 50 کے مجموعے پر پرامود مدوشن اور متھیشا پتھیرانا کو آؤٹ کرکے سری لنکن اننگز تمام کردی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 17 رنز کی اننگز کھیلی اور دوشن ہیمانتھا 13 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ انکے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

آئیلینڈرز کے 5 کھلاڑی اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے محمد سراج نے 21 رنز سے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہاردیک پانڈیا نے 3 رنز دے کر تین جبکہ جسپریت بمراہ نے 23 رنز دے کر ایک وکٹ لی۔

بھارتی بیٹرز نے ساتویں اوور کی پہلی گیند پر بغیر کوئی وکٹ گنوائے 51 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

بھارت کے اوپنرز شبمن گل 28 اور ایشان کشن 23 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter