ایشیا کپ: بھارت کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست، فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم

7 ستمبر, 2022

دبئی/ ايجنسى

ایشیا کپ 2022 میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے راہ ہموار کرلی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بولنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

بھارت کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف سری لنکا نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کیا۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے 97 رنز کی شراکت بناکر اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

گو کہ اس بڑی پارٹنر شپ کے باوجود بھارتی ٹیم دباؤ بنانے میں کامیاب ہوئی اور 110 رنز پر ہی اوپنرز سمیت سری لنکا کے اہم بلے بازوں کو پویلین لوٹا دیا، تاہم اس کے بعد سری لنکن بیٹرز پھر سنبھل گئے۔

بھانوکا راجاپکسے اور دسن شناکا نے 64 رنز کی ناقابلِ شکست پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو اس اہم مقابلے میں فتح دلوائی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 57 اور پاتھم نسانکا نے 52 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان دسن شناکا 33 اور بھوناکا راجاپکسے 25 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے یوزویندر چاہل 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے اور ایک وکٹ روی ایشوین کے حصے میں آئی جبکہ بھارت کا کوئی فاسٹ بولر وکٹ نہ لے سکا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے تھے۔

اوپنر لوکیش راہول 6 اور کوہلی صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد روہیت شرما نے ٹیم کو سنبھالا اور سریا کمار یادو کے ساتھ 58 گیندوں پر 97 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

اس کے بعد سری لنکن بولرز نے واپسی کی جہاں روہیت شرما اور سریا کمار یادو کی وکٹیں لے کر بھارت کی رنز کی رفتار کو بریک لگادی۔

روہیت شرما 72 اور سریا کمار یادو 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کے بعد سری لنکن بولرز کے ایکسٹراز، ہاردیک پانڈیا اور ریشبھ پنت کے 17، 17 رنز جبکہ روی ایشوین کے 15 رنز کی بدولت بھارتی ٹیم 173 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے نمایاں بولر رہے جبکہ چمیکا کرونارتنے اور دسن شناکا کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ بھارتی ٹیم میں روی بشنوئی کی جگہ پر روی ایشون کو شامل کیا گیا۔

سری لنکا کی ٹیم کپتان دسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، چریتھ اسلانکا، دنوشکا گوناتھیلاکا، بھانوکا راجاپکسے، ونندو ہسارانگا ڈی سلوا، چمیکا کرونارتنے، مہیش تھیکشنا، اسیتھا فرنینڈو اور دلشن مدھوشنکا پر مشتمل تھی۔

بھارتی ٹیم میں کپتان روہیت شرما، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، سریاکمار یادیو، ریشبھ پنت، دیپک ہوڈا، ہاردیک پانڈیا، بھونیشور کمار، روی ایشوین، ارشدیپ سنگھ اور یوزویندر چاہل شامل تھے۔

خیال رہے کہ دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter