پاکستان میں سیلاب: عمران خان کی ٹیلی تھون، 5 ارب روپے سے زائد رقم جمع

30 اگست, 2022
لاهور/ ايجنسى

پاکستان میں متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے تحریک انصاف کی فنڈ ریزنگ لائیو ٹیلی تھون مہم میں پانچ ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوگئی ہے۔

پیر کے روز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہونے والی اس ٹیلی تھون مہم میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خود بھی موجود تھے۔
ٹیلی تھون میں اندرون اور بیرون ملک سے پاکستانیوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ معروف افراد جن میں شوبز، کھیلوں اور سیاست سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں نے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات کا اعلان کیا۔ 
تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عمران خان کی 1992 کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن انضمام الحق بھی ویڈیو لنک پر موجود تھے۔
اس موقعے عمران خان نے ہلکے پھلکے انداز میں ایشیا کپ میں پاکستان کی انڈیا سے ہار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’انضمام کل کوئی پانچ اوورز بیٹنگ ہی کر لینا تھی، ہمیں میچ ہی جتوا دیتے آپ۔‘
عمران خان کی اس بات پر انضمام الحق مسکرا دیے۔ اسے سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ ’وہ اس نیک کام میں عمران بھائی کے ساتھ ہیں، یہ ایسا مقصد ہے جس میں ہر ایک کو ساتھ دینا چاہیے۔‘
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے حالیہ سیلاب کو تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ قرار دیا۔  
ان کا کہنا تھا کہ ’اس سیلاب سے پاکستان کو ایک ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ ایک ہزار سے زائد جانیں بھی ضائع ہوئیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو فلڈ ریلیف فنڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے اور ان کی نگرانی میں اس فنڈ کی رقم پورے پاکستان کے سیلاب متاثرین پر خرچ کی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ہمارے نوجوان رضاکار فورس میں شامل ہوکر متاثرین کی امداد کریں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہیوسٹن امریکہ سے ایک ارب پتی نے دو ارب روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔‘
کس نے کتنی رقم دینے کا اعلان کیا؟
ٹیلی تھون کے دوران اب تک 86 کروڑ روپے سے زائد جمع ہوچکے، فواد چودھری کے بقول ہیوسٹن امریکہ سے ایک ارب پتی شخص نے دو ارب روپے دینے کا وعدہ کیا۔
امریکہ سے ہی ایک اوورسیز پاکستانی نے 22 کروڑ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے فلڈ ریلیف فنڈ میں تین کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔
برطانوی نژاد پاکستانی باکسر عامر خان نے بتایا کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 50 لاکھ روپے امداد دیں گے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter