پاکستان کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے جارہے ایشیا کپ 2022 کے لیے اپنی حکمت عملی بتادی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر آصف علی کی ٹریننگ کی ویڈیو شیئر کی اور اُن سے پریکٹس سے متعلق بات کی۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی روزانہ کی پریکٹس کے دوران 100 سے 150 چھکے لگانے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ میچ کے دوران 5 چھکے مار سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بین الاقوامی میچ کے دوران ان کی بیٹنگ آتی ہے تو اس وقت ٹیم کو جیت کے لیے 10 سے 14 رنز کی اوسط درکار ہوتی ہے۔
آصف نے کہا کہ ایسے میں ان پر بین الاقوامی کرکٹ کے دباؤ کے ساتھ ساتھ رنز کی اوسط کو برقرار رکھنے کا بھی پریشر ہوتا ہے اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے وہ پریکٹس کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بیٹنگ کے دوران صرف ایک شاٹ کے بارے میں نہیں سوچتے بلکہ وہ جہاں گیند ملتی ہے اسی سمت میں شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہیں۔
آصف علی کا کہنا تھا کہ وہ ہارڈ بال کرکٹ سے پہلے ٹیپ بال کرکٹ ہی کھیلا کرتے تھے۔
اس کرکٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اس سے بیٹر کی پوزیشن بہتر کرنے اور اونچے شاٹ کھیلنے کی اچھی پریکٹس بھی ہوجاتی ہے۔
آپ کی راۓ