کٹھمنڈو / کئیر خبر
ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی، ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہلحدیث نیپال، کی اطلاع مطابق کاٹھمنڈو کے سیتا پائلا مضافات میں ایک بڑی جامع مسجد کا افتتاح عمل میں آیا، حافظ منظور احمد مدنی، جو اس مسجد کے مؤسس ومتولی ہیں؛ نے اپنے خطبہ جمعہ سے اس جامع مسجد کا افتتاح کیا، جبکہ مولانا غلام رسول فلاحی اور ڈاکٹر عبد المبین ثاقب ہارونی اس موقع پر خصوصی طور پر شریک تھے ۔
مولانا حافظ منظور احمد مدنی نے اپنے خطبہ کے دوران مسجد کی اہمیت اور اس کی ہمہ جہت خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا:
یہ جامع مسجد، کثیر البنیاد مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے، کاٹھمنڈو جیسی کفر والحاد اور شرک وبت پرستی کی جگہ میں دعوت کے محدود دائرے کو وسیع کرنا،مسلمانوں میں دعوتی، تعلیمی، اور اصلاحی بیداری کے ساتھ اخلاقی معیار کو بلند کرنا، تمام مکاتب فکر کو باہم مربوط کر نا، تعصب اور تنگ نظری کو دور کرنا، دعوت کے نبوی ڈھانچے کو عام کرنا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سیرت وکردار کو وادی کٹھمنڈو کے گوشے گوشے میں عام کرنا، کتاب وسنت کے صحیح مفاہیم ومعانی کو مضبوط اور مدلل پیرا ئے میں عوام وخواص تک پہونچانا میری دیرینہ خواہش رہی ہے جس کی ابتدا اس خطبے سے ہوئی ہے۔ ساتھ ہی رب کریم سے اپنے لیے اخلاص اور ثبات قدمی کی دعا کرتا ہوں۔
غلام رسول فلاحی صاحب نے اس مسجد کے حوالے سے اپنا تاثر دیتے ہوئے کہا :سماج کے فلاح و بہبود میں مساجد کا کردار نہایت عریض ہے ، ان کے ہمہ جہت پہلوؤں پر ارتکاز ، موجودہ حالات وظروف اور مسلمانوں کے عروج و زوال کی تاریخ سے آشنا کسی بھی خطیب کے لیے نہایت اہم ہے۔
ڈاکٹر عبد المبین ثاقب ہارونی صاحب نے اپنا تاثر دیتے ہوئے کہا: خطبہ جمعہ کے مضامین محدود نہ ہوں، بلکہ اس کے اندر وہ تمام مواد اور مضامین شامل ہوں جن کا تعلق انسانی زندگی کے کسی بھی قسم کے گوشے سے ہو۔
اخیر میں ڈاکٹر محمد اورنگزیب تیمی، ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہلحدیث نیپال، نے مہمانوں اور تمام نمازیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس روئے زمین کی تمام تر مساجد اللہ رب العزت کا گھر ہے اور تمام مسلمانوں کی عبادت کی مشترکہ جگہ، لہذا اس کو آباد کرنا، اس کی حفاظت کرنا، اس کے حقوق و واجبات کی ادائیگی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، لہذا آپ حضرات اس کو آباد رکھیں، لوگوں کو اس کی اطلاع دیں،لوگوں کو باہم مربوط کریں اور اس سے اپنی دلی لگاؤ اور محبتوں کا ثبوت دیں۔
آپ کی راۓ