آج عمل کا دن ہے حساب کا نہیں؛ کل حساب کا دن ہوگا اور عمل کا نہیں اسلئے اس دن کی فکر ہونی چاہئے: مولانا عبدالصبور ندوی

عیدالفطر کے موقع پر کاٹھمانڈو کے ٹو ڑھی کھیل میدان میں سیکڑوں فرزنداں توحید و خواتین امت سے خطاب

3 مئی, 2022

کاٹھمانڈو/ کیئر خبر

آج ملک نیپال کے تمام شہروں قصبوں اور دیہات میں عید الفطر پورے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی؛ وہیں عیدالفطر کے اس مبارک موقع پر کاٹھمانڈو کے ٹو ڑھی کھیل میدان میں سیکڑوں فرزنداں توحید و خواتین امت سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبد الصبور ندوی نے مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا آج خوشی کا دن ہے اللہ کی کبریائی بیان کرنے اور اس کے تشکر کا دن ہے کہ اس نے ہمیں رمضان المبارک جیسا قیمتی اور اجر ثواب سے بھرپور مہینہ عطا کیا؛ ہم نے عبادتیں کیں تلاوتیں کیں صدقہ وخیرات کئے اللہ کو راضی کرنے کی کوشش کیں۔ اللہ سے ہم انکی قبولیت کے لئے آج دست بدعا ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانو آج عمل کا دن ہے حساب کا نہیں؛ کل بروزِ حشر حساب کا دن ہوگا اور عمل کا موقع نہیں ملے گا اس لئے ہمیں اور آپ کو اس دن کی فکر کرنی چاہیے۔ ایک مسلمان کو دوسرے مسلمان کے حقوقِ کی پرواہ ہونی چاہیے۔

انہوں نے خواتین سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری حدیث کو اپنے سینوں میں محفوظ رکھنے کے درخواست کی جس میں  گھریلو مسائل کا حل مضمر ہے۔ جو خاتون پنج وقتہ نمازوں کی پابند ہو ماہ رمضان کے روزے رکھے اپنی شرمگاہ کی حفاظت کرے اپنے شوہر کی فرمانبرداری کرے ایسی مسلمان خاتون سے کہا جائے گا کہ تم جنت میں جس دروازے سے چاہو داخل ہو جاؤ۔ ہماری ماؤں اور بہنوں کے لئے اس حدیث میں عظیم خوشخبری ہے اس لیے اپنے دامن میں ان خوشخبریوں کو سمیٹ لینا چاہیے۔

خطبہ کے اخیر میں مولانا نے خصوصی دعا کرائی جس میں اعمال کی قبولیت؛ ملک وملت کی فلاح و بہبودی اور امن وآشتی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔

خطبہ سے قبل دوگانہ عید الفطر ادا کی گئی اور نماز سے پہلے نیپالی زبان میں پروفیسر رمضان علی میاں نے پرمغز خطاب کیا اور نیپالی فوج و پولیس عملہ کا شکریہ ادا کیا۔

ٹوڑھی کھیل گراؤنڈ میں دوگانہ عید الفطر کی ادائیگی کے لیے قائم مقام سعودی سفیر مسٹر نایف العتیبی مصري سفیر برائے نیپال مسز نھی الجبالی؛ سابق وزیر اقبال احمد شاہ؛ مرکزی جمعیت اہل حدیث نیپال کے صدر ڈاکٹر عبد المبین ثاقب؛ جمعیہ اتحاد کے صدر مولانا محمد عقیل سلفی؛ کیئر فاؤنڈیشن کے صدر انور علی شاہ؛ سماجی کارکن محمد احمد پپو خان؛ عبدالجبار منا؛ حاجی اسلام؛ قمر الحق سلفی؛ فوزان فاطمی؛ سمیت سیاستدان ومعززین شریک تھے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter