ہندوستانی تھیئٹر کی شہرہ آفاق شخصیت ابراہیم القاضی کا 95 سال کی عمر میں انتقال

5 اگست, 2020

ئی دہلی : ہندوستانی تھیئٹر کی شہرہ آفاق شخصیت ابراہیم القاضی طویل علالت کے بعد منگل کی سہ پہر کو یہاں کے پرائیویٹ اسپتال میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ۔ وہ 95 سال کے تھے اور برسوں سے الزائمر کے مرض میں مبتلا تھے ۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا فیصل القاضی اور بیٹی امل الآنا ہیں ۔ ابراہیم القاضی کی بیٹی اور نیشنل اسکول آف ڈرامہ کی صدر رہنے والی امل نے نیوز ایجنسی یو این آئی کو بتایا کہ ان کے والد کی وفات سہ پہر تقریبا پونے تین بجے ہوئی۔ ان کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی ۔ کورونا وائرس کی وجہ سے وہ آخری رسومات کی خصوصی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر سریش شرما اور سابق ​​ڈائریکٹر دیویندر راج انکور، ستیش آنند، رویندر ترپاٹھی سمیت متعدد فنکاروں اور تھیئٹر کے نقادوں نے مسٹر القاضی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے انتقال سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔ وہ ہندوستانی تھیئٹر کو عالمی سطح پر لے آئے اور اسے اپنی الگ شناخت عطا کی ۔ نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے سابق ​​ڈائریکٹر اور پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ابراہیم القاضی ملک کے ان فنکاروں میں شامل تھے ، جنھوں نے آزادی کے بعد ہندوستانی تھیئٹر کو ایک نئی سمت عطاکی ہے ۔ ان کی موت کے ساتھ ہی تھیٹر کی دنیا میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ وہ 1962 سے 1977 تک نیشنل اسکول آف ڈرامہ کے ڈائریکٹر رہے۔

18 اکتوبر 1925 کو پونے میں پیدا ہونے والے ابراہیم القاضی ہمہ جہت آدمی تھے اور ان کی شہرت نہ صرف تھیئٹر میں تھی بلکہ وہ ایک مشہور فوٹوگرافر ، مصور اور فن کے نمونہ کار بھی تھے۔ ‘اندھا یگ’ ، ‘آشاڑھ کا ایک دن’ اور ‘تغلق’ جیسے ڈراموں کی یادگار ہدایت کاری کے لئے تھیئٹر کی دنیا میں مشہور ابراہیم القاضی نے لندن کی رائل اکیڈمی سے تعلیم حاصل کی تھی ۔ اس سے پہلے ان کی تعلیم پونے کے سینٹ ونسنٹ ہائی اسکول اور ممبئی کے سینٹ زاویئرس کالج میں ہوئی تھی۔ وہ عربی ، انگریزی ، مراٹھی اور گجراتی زبانوں کے ماہر تھے ۔ انہوں نے آزادی کے بعد جدید تھئیٹر کو جنم دیا۔

ابراہیم القاضی سے اوم شیوپوری ، نصیرالدین شاہ ، اوم پوری ، وجئے مہتا ، منوہر سنگھ ، اترا باورکر اور روہنی ہٹنگڑی جیسے فنکاروں نے تربیت پائی ۔ انہیں 1962 میں سنگیت ناٹک اکیڈمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور بعد میں انہیں اکیڈمی کے اعلیٰ ترین اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا ۔

بهارتى وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو جدید ہندوستانی تھئیٹر کی اہم شخصیت ابراہیم القاضی کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پورے ملک میں تھیٹر کو مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کرکے القاضی کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر القاضی نے تھیٹر کو مقبول بنایا اوراسے ملک میں پھیلایا۔  اس کے لئے وہ ہمیشہ یاد کئے جائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ’’مسٹر القاضی نے آرٹ اور ثقافت کے شعبہ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کے انتقال سے مجھے گہرا دکھ ہواہے اور میں غم کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہوں ۔ ایشور ان کی روح کو شانتی دے ۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter