کورونا ٹیسٹ کرانے سے روزہ نہیں ٹُوٹتا

امارتی علماء کی جانب سے رمضان کے حوالے سے کئی اہم فتوے جاری کر دیئے گئے

21 اپریل, 2020
دُبئی(۔21 اپریل 2020ء ) ممتاز اماراتی علماء پر مشتمل فتویٰ کونسل کی جانب سے فتویٰ دیا گیا ہے کہ مسلمانوں کوروزے کی حالت میں کورونا ٹیسٹ کرانے سے بالکل بھی نہیں گھبرانا چاہیے، کورونا کا ٹیسٹ کروانے سے روزہ نہیں ٹُوٹتا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کی جانے والی خبریں شرعی حقائق کے منافی ہیں۔ جو مسلمان روزہ ٹُوٹ جانے کے ڈر سے کورونا ٹیسٹ نہیں کرائیں گے، وہ بالکل پریشان نہ ہوں، اس قسم کے طبی ٹیسٹ سے روزہ نہیں ٹُوٹتا۔اگر کسی شخص کے اندر کورونا وائرس کی علامت پائی جائیں تو اس پر روزہ نہ رکھنے سے کوئی گناہ نہیں ہو گا۔ کورونا وائرس کی صورت حال کی وجہ سے علماء کی فتویٰ کونسل کا ورچوئل اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ تمام بالغ افراد روزہ ضرور رکھیں تاہم کورونا وائرس سے متاثرہ افراد اگر چاہیں تو روزہ نہ بھی رکھیں، شرعی طور پر ان پر کوئی پابندی نہ ہو گی۔
اگر کسی کورونا مریض کو ڈاکٹر کہتا ہے کہ اس کی قوت مدافعت اس قابل نہیں کہ وہ روزہ رکھ سکے تو پھر اس کے لیے روزہ نہ رکھنا ہی مناسب ہو گا۔ جبکہ شعبہ صحت کے کارکنان بھی جو اس وقت بھاری ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، وہ بھی اپنے کام کے دِنوں میں اگر چاہیں، تو روزہ نہ رکھیں۔ شرعی طور پر انہیں ایسا کرنے کی اجازت ہے۔ فتویٰ کونسل کے اجلاس میں ایک اور فتویٰ یہ بھی دیا گیا کہ کورونا وائرس کی وبا ء کے باعث لوگوں اپنے گھروں میں بھی تراویح ادا کر سکتے ہیں، کوئی بھی شخص تراویح نماز انفرادی طور پر بھی ادا کر سکتا ہے یا پھر گھر کے تمام فرد بھی ایک مقام پر اکٹھے ہو کر تراویح پڑھ سکتے ہیں۔جو لوگ قرآن کے حفاظ نہیں ہیں، وہ تراویح نماز کے دوران قرآن مجید کو ہاتھوں میں تھام کر پڑھ سکتے ہیں۔ علماء کے اس اجلاس میں ایک اور فتویٰ یہ بھی دیا گیا کہ اگر کورونا کی صورتِ حال عید الفطر تک بہتر نہ ہوئی تو ایسی صورت میں عید کی نماز گھر پر بھی پڑھی جا سکتی ہے۔ لوگوں کو حکومتی احکامات کی پابندی کرتے ہوئے اجتماعات سے گریز کرنا ہو گا۔چونکہ جمعہ کی نماز گھر پر ادا نہیں کی جا سکتی، لہٰذا لوگ جمعے کے روز صرف نماز ظہر ادا کریں۔ کونسل کی جانب سے واضح کیا گیا کہ کورونا کے باعث جنم لینے والی خراب معاشی صورت حال کے باعث زکوٰة کی ادائیگی رمضان المبارک سے پہلے بھی کی جا سکتی ہے، اسی طرح فطرہ کی ادائیگی بھی عید الفطر سے قبل رمضان کے دوران کسی بھی وقت کی جا سکتی ہے۔ کونسل کی جانب سے اہلِ اسلام سے کہا گیا ہے کہ وہ رمضان المبارک سے متعلق شرعی معاملات و مسائل کے حوالے سے 8002422پر کال کر کے رہنمائی لے سکتے ہیں۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter