قطر میں کورونا وائرس کے حملے تیز تر ہو گئے

4 اپریل, 2020

دوحہ(كيئرخبر۔4 اپریل 2020 ء) قطر میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید طاقتور ہوتا جا رہا ہے۔ صرف ایک دِن کے اندر مزید 126 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی ہے۔ قطری وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں مزید 126 افراد میں کورونا کی تصدیق ہونے کے بعد مملکت میں اس موذی مرض کے شکار افراد کی گنتی 1075 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک تین افراد کورونا کے ہاتھوں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔گزشتہ روز مزید 21 مریض کورونا سے صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ گئے ہیں، جس کے بعد مملکت میں شفایاب ہونے والے افراد کی مجموعی گنتی 93 ہو گئی ہے۔ کورونا کے نئے مریضوں میں سے زیادہ تر وہ ہیں جو دیگر ممالک سے واپس آئے تھے اور انہیں ایئر پورٹ سے ہی قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

جبکہ کچھ نئے مریض ایسے ہیں جو کورونا سے متاثرہ افراد سے رابطے میں رہے تھے۔

نئے مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مملکت بھر میں مقامی اور تارکین وطن کے اب تک 26,260 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت زیادہ تر مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے ۔ مملکت میں کورونا سے تازہ ترین ہلاکت 85 سالہ بزرگ کی ہوئی ہے جسے شدید نمونیا کی شکایت ہو گئی تھی، جس کے بعد ٹیسٹ لیے جانے پر بزرگ مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تاہم ایک روز بعد ہی بدنصیب مریض کا انتقال ہو گیا۔ واضح رہے کہ قطری حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر 17 مارچ کو مساجد کی وقتی بندش اور ان میں نماز پنجگانہ و نماز جمعہ کے اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی تھی۔ مملکت میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام غیر ضروری دُکانیں بند کروا دی گئی ہیں، اس کے علاوہ کیفے اور تفریحی آؤٹ لیٹس کھولنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ جو دُکانیں کھُلی رکھی گئی ہیں، ان کے اوقات بھی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ ان اوقات کے علاوہ کسی کو دُکان کھلنے رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ البتہ فارمیسیز، کریانہ سٹورز اور ڈلیوری سٹورز پر اوقات کی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter