سعودی و امارات کے وزرائے خارجہ آج پاکستان کے دورے پر

4 ستمبر, 2019

اسلا م آباد( ایجنسیاں) مسئلہ کشمیر و افغان امن عمل کیلئےاسلام آباد سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا، سعودی و امارات کے وزرائے خارجہ آج، چین اور افغانستان کے ہفتے کو آئینگے،سعودی و اماراتی ورزائے خارجہ کی وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور آرمی چیف سے ملاقات میںمسئلہ کشمیر سمیت دو طرفہ امورپر تبادلہ خیال کیا جائیگا جبکہ افغان امن عمل کیلئے سہ فریقی اجلاس 7ستمبرکو ہوگا،ادھروزیراعظم عمران خان نے2ہفتوں میں سعودی ولی عہد سے تیسری بار رابطہ کرلیا اور مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا، دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے بھی بنگلہ دیش ، ترکی اور ایران کے ہم منصوبوں سے رابطے کیے اور انہیں کشمیر میں بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔تفصیلات کےمطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ آج پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، وزرائے خارجہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں

کرینگے، سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کرینگے جن میں دوطرفہ امور کے علاوہ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگاتاہم ذرائع کا کہناہےکہ کشمیر کا مسئلہ بھی زیر بحث آئیگا، نمائندہ جنگ کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی لانے کیلئے کوششیں کرینگے۔ادھر پاکستان، افغانستان اور چین کا سہ فریقی اجلاس7ستمبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میںچینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی پاکستان آئیں گے جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے ، سہ فریقی اجلاس میں اقتصادی راہداری کی افغانستان تک توسیع بھی ایجنڈےکا حصہ ہو گا ،مزید یہ کہ افغان امن عمل پر سہ فریقی مشاورت کی جائے گی ،افغان مفاہمتی عمل پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا، اجلاس میں افغانستان کے اندر ترقیاتی عمل میں پاک چین کردار پر بھی بات چیت ہوگی ۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور محمد بن سلمان کے مابین دو ہفتوں میں تیسری بار ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، گفتگو میں سعودی ولی عہد سے کشمیر کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔مزید برآںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر ترکی، ایران اور بنگلادیش کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کرلیا،ترک وزیر خارجہ مولود چاوش، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور بنگلادیش کے وزیر خارجہ عبدالمومن سے وزیرخارجہ نے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ شاہ محمود قریشی نے تینوں ہم منصبوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter