اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوگیا، امریکی میڈیا کا دعویٰ

1 اگست, 2019

واشنگٹن : امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوگیا ہے۔میڈیا کے مطابق تین امریکی عہدیداروں نے حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ بن لادن ہلاک ہوگیا ہے، اس حوالے سے تین امریکی عہدیداروں نے بھی حمزہ بن لادن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حمزہ بن لادن کی ہلاکت پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے صدرٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا اسامہ بن لادن کا بیٹا حمزہ ہلاک ہوچکا ہے؟جس کے جواب میں صدر ڈونلڈٹرمپ نے واضح طور پر کہا کہ میں اس معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔میڈیا کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ حمزہ بن لادن ہلاک دہشت گرد تنظیم کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ سے متعلق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے اعلان کر رکھا تھا کہ ان کی اطلاع دینے والے کو دس لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔

حمزہ بن لادن نے اپنے والد کی ہلاکت کے بعد امریکا سے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی تھی، انہوں نے والد کی ہلاکت کے بعد ان کے جہادی نظریے کو پروان چڑھایا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو جہاد میں آگے آنے کی تلقین کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال امریکا نے اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا، ایف بی آئی کا کہنا تھا کہ حمزہ بن لادن القاعدہ سے تعلق پر امریکا کو مطلوب ہے اور حمزہ سے متعلق مزید معلومات درکارہیں، وہ پاکستان، افغانستان، ایران یا شام میں ہوسکتا ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter