نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رشوت دینے کی کوشش؟

14 مئی, 2019
ایسا کب ہوتا ہے کہ وزیراعظم کو خط لکھ کر ساتھ ’رشوت‘ کی پیش کش کی جائے اور دوسری طرف سے جواب بھی آ جائے، مگر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن کو خط لکھنے والی 11 سالہ لڑکی کو جواب مل گیا ہے ۔
فزکس میں دلچسپی رکھنے والی نیوزی لینڈ کی وکٹوریا نامی طالبہ نے وزیراعظم کو خط لکھا کہ حکومت تصوراتی مخلوق ’ڈریگنز‘ پر تحقیق کے لیے فنڈز مختص کرے ۔ طالبہ نے خط میں کی گئی اس درخواست کے ساتھ نیوزی لینڈ کے پانچ ڈالر کا نوٹ بھی منسلک کیا ۔
وکٹوریا کے بھائی نے ویب سائٹ ریڈٹ پر وزیراعظم جیسنڈا کی جانب سے ملنے والے جوابی خط کو پوسٹ کیا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی بہن چاہتی تھیں کہ اگر حکومت کو کہیں ڈریگن ملے تو اسے ٹریننگ کے لیے وکٹوریا کے حوالے کرے ۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے سرکاری کاغذ پر لکھے گئے جوابی خط میں 11 سالہ طالبہ سے کہا ہے ’حکومت سے رابطہ کرنے کے لیے شکریہ، ہم نے فزکس اور ڈریگنز کے لیے دی گئی تجاویز میں دلچسپی لی مگر بدقسمتی سے اس وقت حکومت ان دونوں شعبوں میں کوئی کام نہیں کر رہی ۔‘
جیسنڈا ارڈن نے مزید لکھا ہے  ’اسی وجہ سے میں رشوت میں دی گئی آپ کی رقم واپس لوٹا رہی ہوں۔ اور آپ کی ٹیلیکینیسس، ٹیلی پیتھی اور ڈریگنز کے علوم میں جستجو کے لیے نیک خواہشات رکھتی ہوں۔‘
خط کے اختتام پر وزیراعظم نے اپنے ہاتھ سے تحریر لکھتے ہوئے 11سالہ طالبہ وکٹوریا سے کہا ہے کہ وہ اس کے باجود ڈریگنز پر نظر رکھیں گی۔ ’کیا وہ سوٹ پہنتے ہیں؟۔‘
نیوزی لینڈ کی ویب سائٹ این زیڈ ہیرالڈ کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا کا طالبہ کو خط سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کیا جا رہا ہے ۔ اس خط پر طالبہ وکٹوریا اور وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن دونوں کے مداح ہزاروں کی تعداد میں تبصرے کر رہے ہیں ۔
ایک شخص نے وکٹوریا کو تجویز دی ہے کہ وہ معلومات کے حصول کے قانون بروئے کار لاتے ہوئے درخواست دے کر حکومت سے پوچھے کہ اس کے پاس اس موضوع پر کیا تفصیلات ہیں جبکہ کئی افراد نے وکٹوریا کو ان کی تخلیقی سوچ کے لیے سراہا ہے ۔
ویب سائٹ زین زیڈ ہیرالڈ کے مطابق ایک صارف نے مذاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملک میں ڈریگنز اور ٹیلیکینیسس کی لابی متحرک ہو رہی ہے۔‘
ایک اور صارف نے وکٹوریا سے کہا ہے کہ ’زبردست، جس چیز کا جنون ہے اس کے لیے کوشش کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ اس جذبے کو اسی طرح قائم رکھنا لڑکی۔‘
بعض صارفین نے وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن کو بھی طالبہ کے خط کا جواب دینے کے لیے سراہا ہے ۔ ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’صرف ہماری وزیراعظم ہی اس طرح کی چیزوں کا جواب دے سکتی ہیں ۔ وہ ایک زبردست شخصیت ہیں۔‘
خیال رہے کہ وزیراعظم جیسنڈا ارڈرن نے کسی طالبہ کے خط کا جواب پہلی بار نہیں دیا ۔ اس سے قبل انہوں نے ایک آٹھ سالہ لڑکی کا خطرناک بندوقوں پر پابندی کے لیے لکھے گئے خط پر ان کا شکریہ ادا کیا تھا ۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter