ٹرمپ نے یمن کی جنگ سے علیحدگی اختیار کرنے کی کانگرس کی قرار داد کو ویٹو کر دیا

17 اپریل, 2019

واشنگٹن۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن کی جنگ سے علیحدگی اختیار کرنے کی کانگرس کی قرار داد کو ویٹو کر دیا۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کانگرس کی قرار داد غیر ضروری اور ان کے آئینی اختیارات کو کم کرنے کی خطرناک سازش ہے جس کے نتیجہ میں موجودہ وقت اور آنے والے وقت میں امریکی شہریوں اور مسلح افواج کے ارکان کے لئے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں جاری جنگ میں امریکی شمولیت کو ختم کرنے کی قرار داد امریکی کانگرس کے ایوان نمائندگان نے اپریل میں اور سینیٹ نے مارچ میں منظور کی تھی اور اس کے تحت مسلح افواج کو جنگ کے احکامات کے حوالے سے صدر کے اختیارات محدود کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔امریکی آئین کے مطابق کانگرس کے دونوں ایوانوں سے دو تہائی اکثریت سے منظور کی گئی کسی قرار داد کو صدر ویٹو نہیں کر سکتے لیکن مذکورہ قرار داد کو ایوان نمائندگان میں 175 کے مقابلے میں 247 ووٹ اور سینیٹ میں 46 کے مقابلے میں 54 ووٹ ملے تھے۔قرار داد کی حمایت کرنے والے حکومتی اور اپوزیشن ارکان کا کہنا ہے کہ جنگ کے باعث یمن میں انسانی بحران شدید تر ہو گیا ہے اور عام شہری مارے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی آئین کے مطابق امریکی افواج کو کسی ملک کے ساتھ جنگ کے احکامات صدر نہیں بلکہ کانگرس دے سکتی ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter