سعودی عرب :جانوروں کے ساتھ بے رحمی سے پیش آنے والے ہوشیار ہو جائیں

15 مارچ, 2019

ریاض (15مارچ 2019ء) سعودی مملکت میں جو شخص اپنے پالتو اور دیگر مقاصد کے لیے رکھے گئے جانوروں کے ساتھ بُرا سلوک کرے گا، اُسے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال جنوری اور فروری کے مہینوں میں مملکت میں جانوروں کے ساتھ بدسلوکی اور مار پیٹ کے درجنوں معاملات سامنے آئے ہیں۔جانوروں کے ساتھ بے رحمی کے ارتکاب پر 25 افراد اور اداروں پر 5لاکھ 65 ہزار ریال کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ سعودی انسدادِ بے رحمی حیوانات قانون کے تحت پیشگی اجازت کے بغیر ایک علاقے سے دُوسرے علاقے میں جانوروں اور پرندوں کی منتقلی ممنوع ہے۔ اسی طرح غیر قانونی طریقے سے دودھ کی فروخت، بیمار جانوروں کی خرید و فروخت، مویشیوں کو بھُوکا رکھنا، اجازت نامے کے بغیر پولٹری فارمز، ڈیری فارمز اور جانوروں کے دیگر ادارے قائم کرنا اور بغیر ڈگری کے جانوروں کا علاج کرنا غیر قانونی اور قابلِ سزا جُرم ہیں۔

مملکت بھر میں جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کے مکّہ ریجن میں 13 ، ریاض ریجن میں 8، مدینہ منورہ میں 2، جبکہ جازان اور قصیم میں 1,1 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ جبکہ کئی مقامات جعلی معالج جانوروں کا علاج کر کے اُن کی زندگی کو خطرات میں ڈالنے کے مرتکب پائے گئے۔ وزارت کے مطابق جو کوئی بھی شخص جانوروں کے معاملے میں خلاف ورزی کا مرتکب ہو گا، اُس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ وزارت ماحولیات کو ایسی کسی خلاف ورزی کی اطلاع ٹول فری نمبر 8002470000 پر بھی دی جاسکتی ہے۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter