پاکستان:پشاور دھماکا، اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 شہید

11 جولائی, 2018

پشاور ( نیوز ڈیسک) پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسےکے دوران خودکش بم دھماکے سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار اور بشیر بلور کے صاحبزادے بیرسٹر ہارون بلور سمیت20افراد شہیداور65زخمی ہوگئے۔خودکش بم دھماکا اس وقت ہوا جب اے این پی کے امیدوار ہارون بلور کارنر میٹنگ میں پہنچنے کے بعد کارکنوں سے گلے مل رہے تھے ۔ قبل ازیں کارکنان نے ان کی آمد پر آتش بازی اور نعروں سے ان کا استقبال کیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگرد کارنر میٹنگ میں پہلے سے موجود تھا ۔ نمائندہ جنگ کے مطابق خودکش حملہ آور نے ہارون بلور کو گلے لگاتے ہوئے خودکو دھماکے سے اڑایا ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور دھماکے میں 8کلو ٹی این ٹی مواد استعمال ہوا ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کا نشانہ اے این پی کے امیدوار ہارون بلور ہی تھے ۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیاگیا جہاں بیرسٹر ہارون بلور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی۔دھماکے کے دیگر زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اور دیگر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی

نافذ کردی گئی ۔پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔پشاور خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے اے این پی کے امیدواربیرسٹر ہارون بلور اے این پی کے سابق مرکزی رہنما بشیر بلور کے صاحبزادے تھے ،بشیر بلور بھی 22 دسمبر 2012 کو قصہ خوانی بازار میں ایک خودکش حملے کے دوران شہید ہوگئے تھے۔چیف الیکشن کمشنر سردارمحمد رضا خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی اداروں کی کمزوری قرار د ے دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کو فول پروف سیکورٹی کے احکامات دیے ، حملہ شفاف الیکشن کے خلاف سازش ہے ، تمام امیدواروں کو یکساں سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ اے این کے رہنما میاں افتخار نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ کرنے والے ہمیں الیکشن سے باہر کرنا چاہتے ہیں ، ہم میدان نہیں چھوڑیں گے ، پشاور میں دہشتگردی کا بڑا واقعہ ہوا ہے، دہشتگردوں کا مقابلہ کریں گے ۔ دریں اثناء شہید ہارون بلور کے بیٹے دانیال نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران عموماً والد کیساتھ رہتے تھےتاہم دھماکے کے وقت وہ گھر پر موجود تھے ۔ دریں اثناء نمائندہ جنگ کے مطابق خود کش حملہ میں شہید ہونے والوںکے نام جاری کردیے گئے ہیں جن میں ہارون بلور ولد بشیر احمد بلور (شہید)ساکن پشاور کینٹ، عمر 45 سال، ضمیر خان ولد مدد خان ساکن شہید آباد پھندو ،عمر 18 سال، عارف حسین ولد قمبر علی کوچہ رسالدار ،عمر 25 سال، حاجی محمد گل ولد شیخ جان ساکن یکہ توت ٹیڈی ،عمر 45 سال،مجاہد اللہ ولد طلاء محمد یکہ توت ،عمر 30 سال،30 سالہ عمران اللہ ولد عثمان خان شاداب کالونی یکہ توت ، نامعلوم 20 سالہ نوجوان ،نجیب ولد رحمت اللہ ساکن یکہ توت عمر 20 سال،اختر گل ولد حبیب ساکن یکہ توت ،عمر 20 سال ،محمد شعیب ولد شفیع اللہ ساکن مقرب خان یکہ توت ،عمر 19 سال ، آصف ولد طاؤس خان ساکن یکہ توت نہار گڑھی ،عمر 28 سال ، حذیفہ ولد نوید ساکن چن آغہ عمر 12 سال شامل ہیں۔

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter