اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما نے کہا کہ ، رام کی اہلیہ ‘سیتا جی ٹیسٹ ٹیوب بےبی تھیں’

3 جون, 2018

ایجنسیاں 3 جون /2018

انڈیا میں حکمراں ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے رہنماؤں کی جانب سے آئے دن کوئی نہ کوئی ایسا دعویٰ پیش کیا جاتا ہے جس سے پارٹی کو شرمسار ہونا پڑ رہا ہے۔

حال ہی میں انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما نے کہا کہ انڈیا میں قبل از مسیح ٹیسٹ ٹیوب بےبی جیسی کوئی نہ کوئی ٹیکنالوجی موجود تھی جسی کی مثال سیتا جی کی مٹی کے گھڑے سے پیدائش ہے۔

ان کے اس بیان کے لیے انھیں سوشل میڈیا پر مسلسل ٹرول کیا جا رہا ہے جبکہ خبر رساں ادارے آئی اے این ایس کے مطابق سیتا جی کے متعلق بیان کے لیے دنیش شرما کے خلاف گذشتہ روز بہار کے شمالی ضلعے سیتا مڑھی میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

عرضی گذار نے کہا ہے کہ وزیر نے نہ صرف لوگوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے بلکہ انھوں نے ملک کی ثقافت، وراثت اور رسوم کی توہین کی ہے۔ اس کے متعلق سماعت آٹھ جون کو ہو گی۔

نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما نے کہا: ‘سیتا جی کی پیدائش تو گھڑے سے ہوئی۔۔۔ اس زمانے میں ٹیسٹ ٹیوب بےبی کا کوئی نہ کوئی پروجیکٹ رہا ہوگا جو جنک جی نے ہل چلایا اور گھڑے سے بے بی نکلی جو سیتا جی بن گئی۔ یہ آج جو ٹیسٹ ٹیوب ٹیکنالوجی ہے وہ رہا ہو گا۔’

ان کے اس بیان کے سامنے آنے کے بعد سنیچر کو بہار کے سابق وزیر اعلی لالو یادو کی بیٹی اور ایوان بالا کی رکن ڈاکٹر میسا بھارتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسے ‘سیتا جی کی توہین’ قرار دیا اور لکھا: ‘سیتا جی کی توہین پر سنگھی، بھاجپائی، سادھوی، یوگی کو کچھ بھی قابل اعتراض نہیں لگا۔ خواتین کی مخالفت ان کا اصل کردار ہے۔ اسی لیے ‘سیتار رام’ کے خیر مقدم کرنے والے فقرے سے سیتا کو ہٹا دیا اور ‘جے شری رام’ کے نعرے میں بدل دیا۔’

بشکریہ بی بی سی اردو

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter