ٹرمپ سے ملاقات کی منسوخی پر شمالی کوریا مایوس، مگر ’کسی بھی وقت‘ بات کے لیے تیار

25 مئی, 2018

ایجنسیاں 25 مئی /2018

امریکہ کی جانب سے ملاقات منسوخ کرنے کے بعد شمالی کوریا نے کہا ہے کہ ملک کے سربراہ کم جونگ ان کسی بھی وقت اور کسی بھی صورت میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے کو تیار ہیں۔

شمالی کوریا کے نائب وزیر خارجہ کم یی گوان نے امریکی صدر کی جانب سے دونوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات منسوخ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ اگلے ماہ سنگاپور میں ہونے والی ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کر دی تھی کہ اس وقت ملاقات کرنا نامناسب ہو گا۔

12 جون کو طے پانے والی یہ ملاقات سنگاپور میں ہونا تھا جو تاریخی اعتبار سے دونوں ملکوں کے سربراہان کی پہلی ملاقات ہوتی۔

ابھی یہ واضح نہیں تھا کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہے تاہم اس کا مرکز جزیرانما کوریا میں کشیدگی کو کم کرنا اور اسے جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا تھی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے ملاقات کی منسوخی کے اعلان سے کچھ ہی گھنٹے پہلے شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے جوہری تجربات کرنے کے مقام پر موجود سرنگوں کو تباہ کر دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے کم جونگ ان کو لکھے گئے خط میں انھوں نے کہا کہ ‘میں آپ کے ساتھ ملاقات کا متمنی تھا۔ لیکن افسوس ہے کہ آپ کے حالیہ بیان میں پائی جانے والی شدید مخاصمت سے مجھے لگتا ہے کہ اس وقت یہ ملاقات نامناسب ہو گی۔

ادھر شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی خواہشات کے مطابق نہیں تھا۔ اور یہ کہ کم جونگ ان نے اس ملاقات کے بہت کوششیں کیں اور شمالی کوریا اب بھی اس مسئلے کے حل کا خواہشمند ہے، ’جب بھی اور جیسے بھی ممکن ہو‘۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلہ کی وضاحت کرتے ہوئے وائٹ ہاؤں کے حکام کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے کئی وعدے توڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنی تباہ شدہ جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت نہیں دی۔

دوسری جانب اس ملاقات کے منسوخ ہونے پر عالمی رہنماؤں کی جانب سے سے تاسف کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریز نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اورشمالی کوریا جوہری ہتھیاروں سے پاک ہونے کے راستوں کی تلاش جاری رکھیں۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے اِن نے بھی اس ملاقات کی منسوخی پر گہری افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سلامتی سے متعلق اہلکاروں کو ہنگامی بات چیت کے لیے طلب کر لیا ہے۔

کانگرس میں ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالفیں ان پر کڑی تنقید کر ہے ہیں۔

ملاقات کی منسوخی کی یہ خبر اس کے چند گھنٹوں بعد آئی ہے جب شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے اپنی ایک ایٹمی سائٹ کی سرنگیں تباہ کر دی ہیں۔

بشکریہ بی بی سی اردو

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter