ازبکستان کے ٹی وی پر نوجوان عاشقوں کے بوس و کنار کے مناظر دکھانے پر تنقید

9 اپریل, 2018

ازبکستان میں ایک ٹی وی چینل کو نوجوان جوڑوں کے عوامی مقامات پر اظہار محبت کے مناظر کو سامنے لانے سے متعلق پروگرام پر تنقید کا سامنا ہے۔

اس پروگرام پر ٹی وی چینل پر نہ صرف ناظرین بلکہ حکومت بھی غصے کا اظہار کر رہی ہے۔

’خفیہ کیمرہ‘ نامی پروگرام کو ایم وائی فائیو انٹرٹیمنٹ چینل پر نشر کیا گیا جس میں کئی عاشقوں کو دارالحکومت تاشقند کے سینٹرل پارک میں ایک دوسرے سے بوس و کنار اور بغل گیر ہوتے دکھایا گیا اور اس دوران جوڑوں کے چہروں کو غیر واضع یا دھندلا کر دیا گیا۔

شو کے میزبان نے متعدد عاشقوں سے انٹرویو کرنے کی کوشش کی اور اس دوران غیر مناسب سوالات پوچھے کہ’ کیا یہ کرنا ٹھیک کام ہے۔‘

گذشتہ ہفتے نشر کیے جانے والے پروگرام میں چینل کو ازبک وزارتِ انصاف کی جانب سے متنبہ کیا گیا۔ اس وارننگ میں کہا گیا کہ پروگرام حقوق انسانی اور نجی زندگی کے بنیادی قوانین کے متصادم ہے۔

فرگانا نیوز ایجنسی کے مطابق چینل کو جاری کیے گئے سرکاری نوٹس میں اس پروگرام کے پروڈیوسرز کو غیر پیشہ ور کہا گیا ہے۔

ازبکستان میں مسلمان اکثریت میں ہیں جہاں کھلے عام پیار کا اظہار کرنا غیر اخلاقی تصور کیا جاتا ہے۔ تاہم ایک سرکاری اہلکار نے فرگانا نیوز ایجنسی کو بتایا کہ’ ہم ایک سیکولر اور جمہوری ریاست تعمیر کر رہے ہیں اور کھلے عام بوس و کنار کرنا غیر قانونی نہیں ہے۔‘

کیا یہ غیر اسلامی ہے؟

فیس بک پر اس پروگرم کا ایک کلپ شیئر کیا گیا ہے جس پر ناظرین کی زیادہ تر تعداد نے منفی رائے کا اظہار کیا۔

ایک شخص نے لکھا کہ’ ان کو کس نے یہ حق دیا ہے کہ وہ لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کریں۔‘

ایک اور شخص نے کہا کہ’ وزارتِ انصاف نے شو اور اس کے ان پڑھ موجد کے خلاف ٹھیک اقدامات کیے۔‘

دیگر صارفین نے ان خیالات کا اظہار کیا ہے کہ ازبکستان میں بے شمار مسائل ہیں اور چینل نے پارک میں لوگوں کی نجی زندگیوں کو دکھانے کا انتخاب کیا۔ ’ایم وائی فائیو دکھائے کہ کس طرح اساتذہ اور طبی کارکنوں کو گلیوں کو صاف کرنے پر لگایا جا رہا ہے۔‘

تاہم متعدد افراد نے چینل کے پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ انصاف کا اختلاف کرنے کا مطلب سرکاری طور پر غیر شادی شدہ نوجوان عاشقوں کی توثیق کرنا ہے کہ وہ غیر اسلامی طریقے سے اس وقت تک ایسا رویہ اپنا سکتے ہیں جب تک کسی طور پر قانون کی خلاف ورزی نہ ہو۔

فیس بک پر ایک صارف نے لکھا کہ’اس کا مطلب کیا یہ ہے کہ ہماری جوان بیٹیاں جوان مردوں کے ساتھ بیٹھیں اور ایک دوسرے سے بغل گیر ہوں۔ کیا یہ اسلامی ہے؟‘

ایک اور شخص نے سخت ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’اب انھیں گلیوں میں سیکس کرنے دیں اور آپ پاس کھڑے ہو کر ان کی تعریف کریں،اگر اب ہم نے اقدامات نہ کیے تو کل کو یہ چیزیں خراب ہو جائیں گی۔‘

متنازع پروگرام کے میزبان بدرالدین حسنی دیوؤف نے مقامی ریڈیو ازودیق کو بتایا کہ’وہ نوجوان جوڑوں کے بوس و کنار اور بغل گیر ہونے کے مناظر کو فلماتے رہیں اور ان کو ہر ہفتے دوسروں کو دکھاتے رہیں گے جب تک بدکرداری کے خلاف اقدامات اپنا اثر دکھانا شروع نہیں کرتے ہیں۔‘

BBC URDU

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter