شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے ’آبزرویٹری‘ کے مطابق جمعہ کے رعوز دمشق کے مشرقی علاقے الغوطہ میں دوما کے مقام پر شامی فوج کے جنگی طیاروں نے بمباری کرکے کم سے کم 40 عام شہریوں کو موت کےگھاٹ اتار دیا۔ مرنے والوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دوما کے علاقے میں اسدی فوج اور باغیوں کےدرمیان گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ اپوزیشن کی حامی فورسز نے اسد رجیم کے حملوں کے جواب میں شدید فائرنگ کی ہے۔

اپوزیشن کی حامی جنگجو تنظیم ’جیش الاسلام‘ کے ایک عہدیدار محمد علوش نے بتایا کہ بزدل اسدی فوج دوما میں شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

خیال رہے کہ اسدی فوج اور جیش الاسلام کے درمیان لڑائی کے ساتھ ساتھ فریقین میں شہریوں کے انخلاء کے لیے بات چیت بھی جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جیش الاسلام کی سرکردہ قیادت اسدی فوج کے ساتھ کسی ڈیل پر متفق نہیں ہوسکی۔