یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے یمن سے متصل علاقے نجران پر ایک میزائل حملہ کیا تاہم عرب عسکری اتحاد نے حوثیوں کا نیا بیلسٹک میزائل فضاء میں تباہ کرکے حملہ بھی ناکام بنا دیا۔

عرب اتحادی فوج کے مطابق حوثی باغیوں کی طرف سے نجران کی مقامی شہری آبادی کو نشانہ بنانے مجرمانہ کی کوشش کی گئی تھی مگر میزائل کی نشاندہی ہونے کے بعد سعودی عرب کے پیٹریاٹ سسٹم کی بروقت جوابی کارروائی میں میزائل کو فضاء ہی میں مار گرایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ حوثیوں کے میزائل حملے اور جوابی کارروائی میں اسے مار گرانے کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

بیلسٹک میزائل حملہ ایران کا سعودی عرب پر ایران کی بالواسطہ جارحیت ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں 2216 اور 2231 کی صریح خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوتے ہوئے یمنی باغیوں کو تباہ کن اسلحہ اور میزائل فراہم کر رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کی قیادت میں قائم عرب فوجی اتحاد اور یمن کی سرکاری فوج نے وسطی یمن میں البیضا شہرمیں ایک کارروائی کے دوران متعدد جنگجوؤں کو ہلاک اور 13 کو حراست میں لے لیا۔

عرب فوج کے جنگی طیاروں نے البیضاء کے مختلف مقامات پر باغیوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود تباہ ہوگیا۔ البیضاء میں ایک کارروائی کے دوران ابو الاقصیٰ نامی ایک حوثی جنگجو کمانڈر بھی ہلاک ہوگیا۔