اہل السنّۃ اور مُرجئہ کون ہیں؟

فِرق و ادیان-ابو عبداللہ

23 مارچ, 2018

(ائمۂ اسلاف کی نظر میں)
اوائل اسلام میں جب مختلف فتنوں نے سر اُٹھایا تو ائمہ اہل السنۃ کی طرف سے ان کی بھرپور علمی تردید کی گئی۔ ان میں سے ‘مسئلۂ ایمان و کفر’ میں ایک طرف خوارج و معتزلہ تھے تو دوسری انتہا پر مرجئہ و جہمیہ جمے ہوئے تھے ۔ جبکہ اہل السنّۃان دو انتہاؤں کے وسط میں راہِ اعتدال پر قائم تھے اور آج بھی ہیں اور یہ بھی حقیقت بلا ریب ہے کہ مرجئہ و جہمیہ کی طرف سے اہل السنۃکو خارجی ہونے کا طعنہ دیا گیا اور خوارج و معتزلہ کی طرف سے اہل السنۃکو مرجئہ ہونے کا الزام دیا گیا جبکہ ائمہ اہل السنۃ نے اِفراط و تفریط پر مبنی ان افکار ونظریات اور ان کے حاملین کا ردّ کرتے ہوئے ان سے ہمیشہ برات کا اظہار کیا۔
اب ماضی قریب میں بعض عرب علاقوں میں خوارج و معتزلہ کے نظریات کے زیر اثر اور بعض مسلم حکام کے ظلم وستم کے ردّ عمل میں تکفیری افکار اور تحریکوں نے سر اُٹھایا تو علماےاہل السنّۃ نے اُن کا بھر پور تعاقب کیا ۔ جس پر اِن تکفیری حضرات کی جانب سے اپنے بڑوں کی روش پر اہل السنۃو الجماعہ اورسلفی نظریات کے حامل علما کو مرجئہ و جہمیہ کے القابات سے نوازا گیا اور ہمارے اس دور میں پاکستان میں بھی انہی نظریات کے زیر اثر یا لاعلمی کی بنا پر بعض حضرات ابو بصیر عبد المنعم طرطوسی1اور ابو عزیر عبد الالٰہ یوسف الجزائری ایسے حضرات کے انہی افکار ونظریات کو اُمت میں بیداری و اِحیا کے نام سے پیش کر رہے ہیں۔ پھر انہی افراد کی طرف سے شیخ ابن باز ، شیخ محمد بن صالح عثیمین اور شیخ صالح فوزان وغیرہ علما کو طرح طرح کے القاب و اِلزامات سے نوازنے کے علاوہ شیخ البانی اور ان کے اصحاب کو مرجئہ وجہمیہ کے طعنے بھی دیے جا رہے ہیں۔
زیر نظر مضمون میں اسی بات کو اقوالِ سلف سے واضح کیا گیا ہے کہ ایمان اور اِرجا کیا ہے اور مرجئہ و جہمیہ کون ہیں؟اور اہل السنّہ والجماعہ کو خارجی و معتزلی نظریات کے حامل حضرات کی طرف سے جو مرجئہ و جہمیہ ہونے کا طعنہ دیا جا رہا ہے،وہ سراسر باطل ہے۔ اس سلسلے میں پہلے ہم ایمان اور اِرجاکے مفہوم سے موضوع کا آغاز کرتے ہیں:
اَئمۂ اہل سنت کے نزدیک ‘عمل’ایمان کا جزہے، اور ایمان دل سے تصدیق، زبان سے اِقرار اور عمل سے مرکب ہے، اور ایمان میں کمی و بیشی بھی ہوتی ہے۔ اکثر اَئمۂ اسلاف ایمان کو ‘قول و عمل’ کے الفاظ سے تعبیر کرتے ہیں۔ اور قول سے ان کی مراد ہے: قولِ قلب یعنی دل سے تصدیق اور قولِ لسان یعنی زبان سے اِقرار …
اسی طرح عمل کی بھی دو قسمیں ہیں: عمل ِقلب اور عملِ جوارح2
اہل السنہ والجماعہ کے ہاں ‘ایمان کیا ہے؟’
1. عقیدہ طحاویہ کے مشہور شارح امام ابن ابی العز حنفی  راقم ہیں:
«ولا خلاف بین أهل السنة والجماعة أن الله تعالىٰ أراد من العباد القول والعمل وأعني بالقول: التصدیق بالقلب والإقرار باللسان وهٰذا الذي یعنی به عند اطلاق قولهم: الإیمان قول و عمل»3
”اہل سنت کے ہاں اس میں کوئی اختلاف نہیں کہ اللہ تعالیٰ بندوں سے قول و عمل کو چاہتے ہیں او رقول سے میری مراد ہے: دل سے تصدیق اور زبان سے اِقرار، اور ایمان قول و عمل پرمشتمل ہے۔”
2. شیخ الاسلام ابن تیمیہ، امام ابوعبید قاسم بن سلام  کے حوالہ سے اہل مکہ، اہل کوفہ، اہل بصرہ، اہل واسط او راہل مشرق کی ایک بہت بڑی جماعت کو ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں:
«قال أبوعبید هٰؤلاء جمیعًا یقولون: الإیمان قول و عمل یزید و ینقص وهو قول أهل السنة والجماعة المعمول به عندنا»4
”ابوعبید نےکہا کہ یہ سب (یہی) کہتے ہیں ایمان قول وعمل ہے۔ اس میں کمی بیشی ہوتی ہے او ریہی اہل السنہ والجماعہ کا قول ہے جو کہ ہمارے ہاں معمول بہٖ ہے۔”
3. ابویوسف یعقوب بن سفیان فرماتے ہیں:
«الإیمان عند أهل السنة والجماعة: الإخلاص لله بالقلوب والألسنة والجوارح وهو قول وعمل ویزید وینقص، علىٰ ذلك وجدنا کل من أدرکنا من عصرنا بمکة والمدینة والشام والبصرة والکوفة»5
”اہل سنت کے ہاں ایمان دلوں، زبانوں اور جوارح کے ساتھ اللہ کے لیے اِخلاص ہے او ریہ قول و عمل ہے، اس میں کمی و بیشی ہوتی ہے۔ ہم نے اپنے زمانہ میں مکہ، مدینہ، شام،بصرہ اور کوفہ میں سب کو اسی موقف پر پایا ہے۔”
4. آگے چل کر مزید فرماتے ہیں:
«أدرکتُ أهل السنة والجماعة على ذلك»6
”میں نے اہل سنت والجماعت کو اسی پر پایا ہے۔”
او رپھر اَئمہ اسلاف، فقہاے کرام اورمحدثین عظام میں سے بہت بڑی جماعت کے نام ذکر کرتے ہیں کہ یہ اسی مذہب کے قائل تھے۔
5. مذاہب اور فرقوں کے موضوع پر لکھے جانے والے انسائیکلو پیڈیا میں ہے:
«أما أهل السنة والجماعة فإن الإیمان عندهم تصدیق بالجنان وقول اللسان عمل بالأرکان یزید بالطاعة و ینقص بالمعاصي»7
”اہل السنہ والجماعہ کے نزدیک ایمان دل سے تصدیق، زبان سے اقرار او رعمل بالارکان ہے، اس میں نیک اعمال سے اِضافہ ہوتا ہے اور نافرمانی کی وجہ سے کمی۔”
صحابہ و تابعین عظام
6. امام بغوی فرماتے ہیں:
«اتفقت الصحابة والتابعون فمن بعدهم من علماء السنة علىٰ أن الأعمال من الإیمان… وقالوا إن الإیمان قول وعمل وعقیدة یزید بالطاعة وینقص بالمعصیة.»8
”صحابہ تابعین او ران کے بعد علماے سنت کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اعمال ایمان میں سے ہیں او ریہ کہ بلا شبہ ایمان قول و عمل اور عقیدہ ہے۔ نیکی سے ایمان میں اضافہ ہوتا ہے اور نافرمانی سے کمی واقع ہوتی ہے۔”
7. صحابہ کرام کے بارے میں امام ابن تیمیہ  فرماتے ہیں:
«والماثور عن الصحابة و أئمة الدین وجمهور السلف وهو مذهب أهل الحدیث وهو المنسوب إلىٰ أهل السنة أن الإیمان قول وعمل، یزید وینقص، یزید بالطاعة و ینقص بالمعصیة وأنه یجوز الاستثناء فیه»9
”صحابہ ، ائمہ دین او رجمہور سلف سے منقول، او ریہی اہل حدیث کا مذہب ہے، اور اہل السنہ کی طرف اسی کی نسبت ہے کہ ایمان قول و عمل ہے، اس میں کمی وبیشی واقع ہوتی ہے۔نیکی سے ایمان زیادہ ہوجاتا ہے اور معصیت سے کم اور بلا شبہ ایمان میں استثناجائز ہے۔”
8. حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:
«فذهب السلف إلىٰ أن الإیمان یزید وینقص وأنکر ذلك أکثر المتکلمین»10
”سلف صالحین کے ہاں ایمان کم او رزیادہ ہوتا ہے اور (سلف کے اس موقف کو ماننے سے) اکثر متکلمین نے انکار کیا ہے۔”
9. صحابی رسول عبداللہ بن مسعودؓ دعا کیا کرتے تھے:
«اللهم زدنا إیمانًا ویقینًا وفقهًا»11
”اے اللہ ہمارے ایمان ، یقین اور دین کی سمجھ میں اضافہ فرما۔”
حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:
«إسناده صحیح وهٰذا أصرح في المقصود»12
”اس (اثر)کی سند صحیح ہے اور یہ مقصود (یعنی ایمان میں کمی و بیشی ہونے ) میں واضح ترین ہے۔”
10. صحابی رسول جندبؓ فرماتے ہیں:
ہم طاقتور نوجوان نبیﷺ کے ساتھ ہوا کرتے تھے۔« فتعلّمنا الإیمان قبل أن نتعلّم القرآن ثم تعلّمنا القرآن بعد فَازْدَدْنَا إیمانًا»13
”ہم نے قرآن سیکھنے سے پہلے ایمان کو سیکھا پھر اس کے بعد ہم نےقرآن کو سیکھا تو ہمارے ایمان میں اِضافہ ہوگیا۔”
11. خلیفہ راشد عمر بن عبدالعزیز نے اپنے عامل عدی بن عدی کو خط لکھا:
«إن للإیمان فرائض و شرائع وحدودًا وسننًا فمن استکملها استکمل الإیمان ومن لم یستکملها لم یستکمل الإیمان»14
”یقیناً ایمان کے لیے فرائض و شرائع او رحدود و سنن ہیں، جس نے ان کو پورا کیا اس نے ایمان کو مکمل کرلیا او رجس نے اُنکو پورا نہیں کیا اس نے ایمان کو مکمل نہیں کیا۔”
12. حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:
«والغرض من هذا الأثر أن عمر بن عبد العزیز کان ممن یقول بأن الإیمان یزید و ینقص حیث قال استکمل ولم یستکمل»15
”اس اثر سے مقصود یہ ہے کہ بلا شبہ عمر بن عبدالعزیز  ان لوگوں میں سے تھے جن کے نزدیک ایمان میں کمی اور زیادتی واقع ہوتی ہے جیسا کہ ان کا فرمان ہے کہ اس نے (اپنے ایمان کو) مکمل کرلیا اور (جس نے عمل نہیں کیا) اس نے اپنے ایمان کو مکمل نہیں کیا۔”
اَئمہ فقہاے محدثین
13. امام ابن اَبی العز حنفی فرماتے ہیں:
«فذهب مالك والشافعي والأوزاعي وإسحٰق بن راهویه وسائر أهل الحدیث وأهل المدینة رحمهم الله وأهل الظاهر وجماعة من المتکلمین إليٰ أنه تصدیق بالجنان وإقرار باللسان وعمل بالأرکان»16
”امام مالک، شافعی، اوزاعی، اسحٰق بن راہویہ،تمام اہل الحديث ، اہل مدینہ، اہل ظاہر﷭ او رمتکلمین کی ایک جماعت کے ہاں ایمان دل سے تصدیق، زبان سے اقرار اورعمل بالارکان ہے۔”
14. امام عبدالرزاق فرماتے ہیں:
«کان معمر وابن جریج والثوری ومالك وابن عیـينة یقولون: الإیمان قول وعمل یزید وینقص وأنا أقول: ذلك الإیمان قول وعمل یزید وینقص وإن خالفتُهم فقد ضللت إذًا وما أنا من المهتدین»17
”معمر، ابن جریج، ثوری، مالک اور ابن عیینہ کہتے ہیں کہ ایمان قول و عمل ہے۔ اس میں کمی و بیشی ہوتی ہے اور میں بھی یہی کہتا ہوں کہ ایمان قول و عمل ہے۔ اس میں کمی زیادتی ہوتی ہے او راگر میں نے ان (اَئمہ و فقہا) کی مخالفت کی تو میں گمراہ ہو جاؤں گا او رہدایت یافتہ لوگوں میں سے نہیں ہوں گا۔”
حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:« وهؤلاء فقهاء الأمصار في عصرهم»18
”یہ لوگ اپنے زمانے میں شہروں کے فقہا تھے۔”
مسئلہ ایمان کی ماہیت میں یہی موقف امام مالک19 ، امام شافعی20 ، امام احمدبن حنبل21 اور اَئمہ ثلاثہ سے شرح العقیدہ الطحاویہ 22میں، اور امام عبداللہ بن مبارک 23، امام وکیع اور امام ثوری 24سے منقول ہے۔تفصیل کے لئے محولہ ذیل کتب ملاحظہ فرمائیں۔
15. امام بخاری صحیح بخاری کے ترجمۃ الباب میں فرماتے ہیں :
«وهو قول وعمل ویزید وینقص»25
”اور ایمان قول و عمل ہے، اس میں کمی و زیادتی ہوتی ہے۔”
اور پھر اس پر بطورِ دلیل بکثرت قرآنی آیات ذکر فرماتے ہیں۔ اور آخر میں ذکر فرماتے ہیں: والحب في الله والبغض في الله26
اس کی شرح میں حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:
«واستدل بذلك علىٰ أن الایمان یزید وینقص لأن الحب والبغض یتفاوتان»27
”امام بخاری نے اس سے اس بات پر اِستدلال کیا ہے کہ ایمان میں کمی اور زیادتی ہے کیونکہ محبت اور بغض میں (مقدار کے لحاظ سے)کمی و بیشی ہوتی ہے۔”
نیز فرماتے ہیں:
«رویٰ اللالکائي بسند صحیح عن البخاری قال: لقیتُ أکثر من ألف رجل من العلماء بالأمصار فما رأیت أحدًا یختلف في أن الإیمان قول وعمل ویزید وینقص»28
”لالکائی نے بسند صحیح امام بخاری سے روایت کیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ میں نے (مختلف) شہروں میں ایک ہزار سے زائد علماے زمانہ سے ملاقات کی ہے۔ ان میں سے کوئی بھی ایمان کے قول و عمل ہونے اور اس کے کم و زیادہ ہونے میں اختلاف نہیں کرتا تھا۔”
16. سہل بن المتوکل شیبانی فرماتے ہیں:
«أدرکت ألف أستاذ وأکثر کلّهم یقولون: الإیمان قول وعمل یزید وینقص والقرآن کلام الله غیر مخلوق وکتبتُ عنهم»29
”میں نے ایک ہزار سے زائد اساتذہ کو پایا ہے، وہ سب یہی کہتے تھے کہ ایمان قول و عمل ہے۔ اس میں کمی بیشی ہوتی ہے او رقرآن اللہ کاکلام ہے، مخلوق نہیں ہے اور میں نے ان سے لکھا (بھی ) ہے۔”
17. امام سفیان بن عیینہ سے پوچھا گیا: الإیمان یزید وینقص؟ کیا ایمان میں کمی و بیشی ہوتی ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیا کہ کیا تم قرآن نہیں پڑھتے ہو؟ (اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں) ﴿فَزادَهُم إيمـنًا﴾ ”اِس نے ان کے ایمان میں اِضافہ کردیا۔”
«قیل ینقص؟ قال لیس شيء یزید إلا وهو ینقص»30
”پھر آپ سے پوچھا گیا کہ کیا ایمان کم بھی ہوتا ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیا کہ جس چیز میں زیادتی واقع ہوتی ہے، (لامحالہ) اس میں کمی بھی واقع ہوتی ہے۔”
18.حافظ ابن حجر عسقلانی فرماتے ہیں:
«وبثبوتها یثبت المقابل فإن کل قابل للزیادة قابل للنقصان ضرورة»31
”(ایمان میں زیادتی) کے ثبوت کے بعداس کے مدمقابل (یعنی ایمان کا کم ہونا) بھی ثابت ہوجاتا ہے۔ بلا شبہ ہر زیادتی کوقبول کرنے والی چیز لامحالہ کمی کو بھی قبول کرنے والی ہے۔”
19.امام اوزاعی﷫ کے بارے میں عقبہ بن علقمہ فرماتے ہیں:
«سألت الأوزاعي عن الإیمان أیزید؟ قال: نعم حتی یکون کالجبال، قلت فینقص؟ قال: نعم حتی لا یبقی منه شيء»32
”میں نے امام اوزاعی سے سوال کیا کہ کیا ایمان زیادہ ہوتا ہے؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ ہاں، حتیٰ کہ پہاڑ کی مانند ہوجاتا ہے۔ میں نے کہا کہ کیا ایمان کم ہوتا ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیا کہ ہاں، حتیٰ کہ (کم ہوتے ہوتے بالآخر) کچھ بھی باقی نہیں رہتا۔”
20.شیخ محی الدین کے بارے میں حافظ ابن حجر عسقلانی راقم ہیں:
«قال الشیخ:والأظهر المختار أن التصدیق یزید وینقص بکثرة النظر ووضوح الأدلة ولهٰذا إیمان الصدیق أقوٰی من إیمان غیره بحیث لا یعتریه الشبهة ویؤیده أن کل أحد یعلم أن ما في قلبه یتفاضل حتی أنه یکون في بعض الاحیان أعظم یقینًا وإخلاصًا وتوکلًا منه في بعضها وکذلك في التصدیق والمعرفة بحسب ظهور البراهین وکثرتها، وقد نقل محمدبن نصرالمروزی في کتابه تعظیم قدرالصلاة عن جماعة من الأئمة نحوذلك»33
شیخ (محی الدین) فرماتے ہیں: ”ظاہر و مختار یہی ہے کہ کثرتِ غوروفکر او ردلائل کے واضح ہونے کے سبب سے تصدیق میں کمی و بیشی ہوتی ہے۔ اسی لیے صدیق اکبر کا ایمان سب سے زیادہ مضبوط تھا اور اس کی تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ ہر ایک جانتا ہے کہ بلا شبہ اس کے دل میں جو (ایمان) ہے، وہ زیادہ ہوتا رہتا ہے حتیٰ کہ بعض اوقات یقین و اخلاص اور توکل میں بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے بنسبت دوسرے اوقات کے۔ اور دلائل کے ظہور و کثرت کے حساب سے تصدیق ومعرفت بھی ایسے ہی ہے او رامام محمد بن نصر مروزی نے (بھی) اپنی کتاب تعظیم قدرالصلاۃ میں ائمہ کی جماعت سے اسی کی مثل (ہی)نقل کیا ہے۔”
21.محدث العصر شیخ محمد ناصر الدین البانی بھی مسئلۂ ایمان میں سلف کے متبع اور اہل سنت کے ترجمان تھے، فرماتے ہیں: الإیمان یزید وینقص34
”ایمان کم او رزیادہ ہوتا ہے۔”
الغرض ائمہ فقہاومحدثین کی مذکورہ بالا تصریحات اس باب میں واضح ہیں کہ
”اہل السنۃ والجماعہ: سلف صالحین﷭ کے نزدیک عمل ایمان کا حصہ ہے اور ایمان میں کمی و بیشی واقع ہوتی ہے۔”
إرجاء
1. شیخ محمد بن عبدالکریم شہرستانی راقم ہیں:
«والإرجاء علىٰ معینین: أحدهما: التاخیر کما في قوله تعالىٰ ﴿قَالُوْا أَرْجِهْ وَأخَاهُ﴾ أی أمهله. والثاني: إعطاء الرجاء… أما اطلاق اسم المرجئة على الجماعة بالمعنى الأول فصحیح لأنهم کانوا یؤخرون العمل عن النیة والإعتقاد. وأما بالمعنی الثاني فظاهر، فإنهم کانوا یقولون: لا یضرمع الإیمان معصیة، کما لا ینفع مع الکفر طاعة»35
إرجاء کے دو معنی ہیں:پہلے معنی ہیں تاخیر (مؤخر کرنے) کے جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿قَالُوْا أَرْجِهْ وَأخَاهُ﴾ یعنی فرعون کے درباریوں نے کہا: موسیٰ اور اس کے بھائی کو مہلت دے اور ان کے معاملہ کو ملتوی کر۔”
یہاں إرجاء کے معنی ہیں‘أمهله’اسے مہلت دے اور ‘أخره’اسے مؤخر کر۔
(إرجاء کے) دوسرے معنی ہیں:”اُمید دلانا”…رہا اس فرقہ پر ‘المرجئہ’ کے نام کا اطلاق تو پہلے معنیٰ کے لحاظ سے یہ صحیح ہے کیونکہ یہ لوگ عمل کو نیت او راعتقاد سے مؤخر کرتے تھے۔رہا دوسرے معنیٰ کے اعتبار سے (اس فرقہ کی وجہ تسمیہ) تو یہ بھی ظاہر ہے کیونکہ یہ لوگ (خصوصاً جہمیہ) کہتے تھے کہ ایمان کے ساتھ کوئی معصیت نقصان نہیں پہنچاتی جیسا کہ کفر کے ساتھ کوئی نیکی مفید نہیں۔”
2. حافظ ابن حجر عسقلانی راقم ہیں:
«والمرجئة نُسبوا إلىٰ الأرجاء وهو التاخیر لأنهم أخَّروا الأعمال عن الإیمان فقالوا: الإیمان هو التصدیق بالقلب فقط، ولم یشترط جمهورهم النطق، وجعلوا للعصاة اسم الإیمان علىٰ الکمال وقالوا: لا یضر مع الإیمان ذنب أصلًا»36
”إرجاء(کے معنی) مؤخر کرنا ہے اور مرجئہ کی نسبت ‘اِرجا’ کی طرف کی گئی ہے کیونکہ یہ لوگ اعمال کو ایمان سے مؤخر کرتے ہیں (یعنی اعمال کو ایمان کا جز قرار نہیں دیتے) اُنہوں نے کہا کہ ایمان صرف دل سے تصدیق (کا نام) ہے او ران کے جمہور نے تو (ایمان کے لیے) زبان سے اقرار کو بھی شرط قرار نہیں دیا اور اُنہوں نے گنہگاروں کو مؤمن کامل قرار دیا ہے اور یہ (خصوصاً جہمیہ) کہتے ہیں کہ ایمان کی موجودگی میں گناہ نقصان نہیں پہنچاتا۔”
3. امام احمد بن حنبل﷫کے بیٹے عبد اللہ  فرماتے ہیں:
«سئل أبي عن الإرجاء فقال: الإیمان قول وعمل ویزید و ینقص إذا زنى و شرب الخمر نقص إیمانُه»37
”میرے باپ(امام احمد) سے إرجاء کے بارے میں سوال کیا گیا تو اُنہوں نے جواب دیا کہ ایمان قول و عمل ہے اور کم و زیادہ ہوتا ہے جب (کوئی مؤمن) زنا کرے، شراب پی لے تو اس کا ایمان کم ہوجاتا ہے۔”
4. ابو وائل ﷫ كے بارے میں زبیدفرماتے ہیں:
«سألتُ أبا وائل عن المرجئة» میں نے ابووائل سے مُرجئہ کے بارے میں سوال کیا، تو اُنہوں نے کہا کہ عبداللہ (ابن مسعودؓ) نے مجھے حدیث بیان کی۔ بلا شبہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سباب المسلم فسوق وقتاله کفر38
”مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اُس سے قتال کفر ہے۔”
امام احمد سے إرجاء اور ابووائل سے مرجئہ کے بارے میں سوال ہوا، تو ان دونوں کے جواب سے یہ بات واضح ہے کہ عمل ایمان کا حصہ ہے او راس میں کمی و بیشی ہوتی ہے۔ گناہ سے ایمان میں نقص واقع ہوتا ہے اور یہ ایمان کو نقصان پہنچاتا ہے جبکہ مرجئہ کاکوئی بھی گروہ اس کا قائل نہیں اور یہ إرجاء ہے۔
5. صالح بن احمد بن حنبل فرماتے ہیں:
«أنه سأل أباه عن من لایرٰی الإیمان قول وعمل قال: هؤلاء المرجئة»39
”بلاشبہ اُنہوں نے اپنے باپ سے ایسے لوگوں کے بارے میں سوال کیا جن کے نزدیک ایمان قول و عمل نہیں ہے تو اُنہوں نے فرمایا کہ یہ مرجئہ ہیں۔”
«وسئل أبوعبد الله وأنا أسمع عن الإرجاء ما هو؟ قال من قال: الإیمان قول فهو مرجئ. والسنة أن تقول الإیمان قول وعمل، یزید وینقص»40
”(راوی ابو الحارث کہتے ہیں) میں سن رہا تھا كہ ابوعبداللہ (امام احمد) سے سوال کیا گیا کہ ارجا کیا ہے؟ تو اُنہوں نے جواب دیاکہ جس نے کہا کہ ایمان قول ہے پس وہ مرجئہ ہے۔ (سلف کا) طریقہ یہ ہے کہ تو کہے کہ ایمان قول و عمل ہے، کم اور زیادہ ہوتا ہے۔”
6. امام وکیع فرماتے ہیں:
«أهل السنة یقولون: الإیمان قول وعمل والمرجئة یقولون: الإیمان قول والجهمیة یقولون: الإیمان معرفة»41
”اہل سنت کہتے ہیں کہ ایمان قول و عمل ہے اور مرجئہ کہتے ہیں کہ ایمان قول ہے اورجہمیہ کہتے ہیں کہ ایمان معرفت ہیں۔”
7. امام سفیان بن عیینہ فرماتے ہیں:
«خالفنا المرجئة في ثلاث. نحن نقول الإیمان قول وعمل وهم یقولون: الإیمان قول بلاعمل، ونحن نقول: یزید وینقص وهم یقولون: لا یزید ولا ینقص، ونحن نقول:نحن مؤمنون بالإقرار وهم یقولون: نحن مؤمنون عند الله»42
”مرجئہ نے تین چیزوں میں ہماری مخالفت کی ہے، ہم کہتے ہیں کہ ایمان قول و عمل ہے جبکہ مرجئہ کہتے ہیں کہ ایمان قول ہے عمل کے بغیر، او رہم کہتے ہیں کہ ایمان زیادہ اور کم ہوتا ہے جبکہ وہ کہتے ہیں کہ ایمان نہ کم ہوتا ہے او رنہ زیادہ، اور ہم کہتے ہیں کہ ہم اقرار کے ساتھ مؤمن ہیں جبکہ وہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ کے ہاں مؤمن ہیں۔”
خلاصۂ کلام
یہ ہے کہ سلف کے نزدیک عمل ایمان کا جز اور اس میں شامل ہے، لیکن مرجئہ کے نزدیک عمل ایمان کا جز اور اس میں شامل نہیں ہے۔ سلف کے نزدیک ایمان کم اور زیادہ ہوتا ہے جبکہ مرجئہ کے نزدیک ایمان کم اور زیادہ نہیں ہوتا۔اہل السنہ والجماعہ اورمرجئہ کے درمیان پائے جانے والے اس اختلاف کو بڑے واضح الفاظ میں شیخ البانی بیان فرماتے ہیں:
«الخلاف جذري بین أهل السنة حقًا و بین المرجئة حقًا من ناحیتین اثنتین: أن أهل السنة یعتقدون أن الأعمال الصالحة من الإیمان وأما المرجئة فلا یعتقدون ذلك ویصرحون بأن الإیمان هو إقرار باللسان وتصدیق بالجنان وهو القلب، أما الأعمال الصالحة فلیست من الإیمان وبذلك یردون نصوصًا کثیرة لا حاجة بنا إلىٰ ذکر شيء منها علىٰ الأقل إلا إذا اضطرنا.»
«هٰذا هي النقطة الأولىٰ التی یخالف المرجئة فیها أهل السنة حقًا، النقطة الثانیة وهي تتفرع من النقطة الأولىٰ وهی: أن أهل السنة یقولون:الإیمان یزید وینقص، زیادته بالطاعة، ونقصانه بالمعصیة، والمرجئة ینکرون هذه الحقیقة الشرعیة ویقولون:بأن الإیمان لا یزید ولا ینقص»43
”خالص اہل السنہ اور خالص مرجئہ کے مابین بنیادی اختلاف دو اعتبار سے ہے: بلاشبہ اہل سنت یہ اعتقاد رکھتے ہیں کہ بے شک نیک اعمال ایمان میں سے ہیں، اور رہے مرجئہ تو وہ یہ اعتقاد نہیں رکھتے او رصراحتاً یہ کہتے ہیں کہ ایمان زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق ہی ہے ۔رہے اعمالِ صالحہ تو وہ ایمان میں سے نہیں ہیں او راس بنا پر وہ بہت زیادہ نصوص کو بھی ردّ کردیتے ہیں۔ یہ ہے وہ پہلا نکتہ جس میں مرجئہ نے خالص اہل السنہ کی مخالفت کی ہے۔
او ردوسرا نکتہ جو کہ پہلے نکتے سے ہی نکلتا ہے، یہ ہے کہ بلا شبہ اہل سنت کہتے ہیں کہ ایمان زیادہ اورکم ہوتا ہے، اس کا زیادہ ہونا نیکی کے سبب سے ہے اور کم ہونا معصیت کی وجہ سے ہے، اور مرجئہ اس شرعی حقیقت کا انکار کرتے ہیں او رکہتے ہیں کہ ایمان نہ زیادہ ہوتا ہے او رنہ کم۔” [جاری ہے]
‘پنجاب قرآن بورڈ’ کی تشکیل
قرآنِ کریم کی نشر واشاعت اور اس کے پیغام کو پھیلانے کے لئے پنجاب حکومت کے قائم کردہ ‘پنجاب قرآن بورڈ’ میں ڈاکٹر حافظ حسن مدنی ﷾ مدیر ماہنامہ ‘محدث ‘ لاہور کو صوبائی وزارتِ مذہبی اُمور کی طرف سے اگلے تین سال کے لئے بطورِ رکن نامزد کیا گیا ہے۔حکومت ِپنجاب نے قرآن کریم کی نشرواشاعت کے حوالے سے اگست 2011ء میں ایک قانون پنجاب اسمبلی سے منظور کیا اور پنجاب قرآن بورڈ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے عظیم الشان عمارت بھی اَپر مال روڈ لاہور پر تعمیر ہوچکی ہے جس میں قرآن لائبریری، قرآن ریسرچ سنٹر اور قرآن محل وغیرہ جیسے منصوبے پورے کئے جائیں گے۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ پنجاب قرآن بورڈ کے دیگر اراکین اور محترم مدیر محدث کو زیادہ سے زیادہ خدمت ِ قرآن کی توفیق مرحمت فرمائیں۔(اراکین مجلس التحقیق الاسلامی و مجلّہ ‘محدث’)


حوالہ جات

1جو بذاتِ خود طاغوتِ اعظم برطانیہ میں ‘مستامن’ کاحیلہ کرکے وہاں رہائش رکھے ہوئے ہیں۔

2الایمان از ابن تیمیہ:ص 137،149؛ کتاب الصلوٰۃ ازابن قیم :ص26؛ شرح العقیدہ الطحاویۃ از ابن ابی العز حنفی:ص333،341

3شرح العقیدة الطحاویة :ص333

4الایمان :ص 243

5شرح اُصول اعتقاد أهل السنة والجماعة: 2؍60

6ایضاً:2؍56

7الموسوعة المیسرة في الأدیان والمذاهب والأحزاب المعاصرة: 2؍154 ،1؍44

8شرح السنۃ از بغوی:1؍78

9مجموع الفتاویٰ از ابن تیمیہ : 7؍505

10فتح الباری:1؍64

11شرح اُصول اعتقاد أهل السنة والجماعة:2؍45؛الایمان:ص177، السنة لعبد اللہ بن أحمد :ص 109 الرقم 797؛ الشریعہ: ص109

12فتح الباری:1؍66

13السنۃ لابن احمد ص109 الرقم799، الایمان لابن تیمیہ ص178، شرح اصول اعتقاد أهل السنة والجماعة2/45 از لالکائی

14صحیح بخاري، کتاب الإیمان، باب قول النبي بني الإسلام علی خمسں تعلیقاً؛ شرح السنۃ از بغوى:1؍79، ابن ابی شیبۃ الرقم30435

15فتح الباری:1؍66

16شرح العقیدہ الطحاویہ: ص 332

17الشریعہ از آجری :ص113 ، التمھید لابن عبدالبر4/165؛ السنہ از عبداللہ بن احمد :ص 97 رقم 726،واللفظ لہ

18فتح الباری :1؍65

19الشریعہ: ص113

20فتح الباری: 1؍65

21الشریعہ: صفحہ 113

22صفحہ333

23السنۃ از عبداللہ بن احمد :ص 85

24السنۃ از عبداللہ بن احمد:ص 82، شرح اصول اعتقاد أهل السنة والجماعة:2؍59

25صحیح البخاری :1؍5 درسی

26ایضاً

27فتح الباری :1؍65

28فتح الباری:1؍65

29شرح اصول اعتقاد أهل السنة والجماعة:2؍61

30الشریعہ از آجری :ص 112

31فتح الباری :1؍65

32شرح اُصول اعتقاد أهل السنة والجماعة:2؍57
33فتح الباری:1؍64
34السلسلۃ الصحیحۃاز البانی :4؍369، موسوعۃ الالبانی:4؍99
35الملل والنحل از شہر ستانی :1؍ 186
36فتح الباری:1؍147
37السنۃ از ابن احمد : 81، دوسرا نسخہ :1؍307، شرح اصول اعتقاد أهل السنة والجماعة:2؍59
38صحیح البخاری:48
39السنۃ از خلال:2؍566
40السنۃ از خلال:2؍566، رقم: 964
41الشریعہ از آجری صفحہ 137
42شرح السنۃ از بغوی:1؍80، حلیۃ الاولیاء:7؍29
43موسوعۃ الألبانی:4؍152،153

آپ کی راۓ

چیف ایڈیٹر

دفتر

  • محکمہ اطلاعات رجسٹریشن : ٧٧١
  • news.carekhabar@gmail.com
    بشال نگر، کاٹھمانڈو نیپال
Flag Counter