نیپال: نقد لین دین پر 5 لاکھ روپے کی حد نافذ
مولانا مشہود خاں نیپالی
کٹھمنڈو / کیر خبر
ملک میں نقد لین دین کو منظم اور شفاف بنانے کے مقصد سے آج سے نقد کاروبار پر 5 لاکھ روپے کی حد نافذ کر دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے 16 منسیر کو کیے گئے فیصلے کے مطابق اب بینک اور مالیاتی ادارے کسی ایک فرد کے ساتھ 5 لاکھ روپے سے زائد نقد لین دین نہیں کر سکیں گے۔ اس سے قبل یہ حد 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
نئے ضابطے کے تحت اب کوئی بھی شخص بینک سے ایک ہی مرتبہ میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ نقد رقم نہیں نکال سکے گا۔ اسی طرح کسی بھی قسم کی اشیاء کی خرید و فروخت میں بھی 5 لاکھ روپے سے زائد نقد لین دین کی اجازت نہیں ہوگی۔
نیپال راشٹریہ بینک کے مطابق زیادہ مقدار میں نقد لین دین غیر قانونی سرگرمیوں کے امکانات کو بڑھاتا ہے، اسی خدشے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا ماننا ہے کہ اس اقدام سے ڈیجیٹل اور آن لائن لین دین کو فروغ ملے گا اور مالی نظام مزید مضبوط ہوگا۔
البتہ اس فیصلے میں کچھ اہم استثنات بھی رکھے گئے ہیں۔ نقد رقم نکالنے پر پابندی کے باوجود، بینک یا مالیاتی اداروں میں نقد جمع کرانے یا قرض کی ادائیگی پر کسی قسم کی حد مقرر نہیں کی گئی ہے۔ اسی طرح بینکوں کے درمیان ہونے والے انٹر بینک لین دین پر بھی کسی حد کا اطلاق نہیں ہوگا۔
مزید برآں، ریمیٹینس کمپنیاں، کوآپریٹو ادارے، بنیادی ڈھانچے کے منصوبے، آبی بجلی، سڑک اور مواصلات کے شعبے سے وابستہ منصوبوں میں کام کرنے والے ملازمین اور مزدوروں کی تنخواہوں اور اجرتوں کی ادائیگی کے لیے مقررہ حد سے زیادہ نقد لین دین کی اجازت دی گئی ہے۔
آپ کی راۓ